• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانس کی 11؍ ٹاپ جامعات لاہور اور کراچی میں تعلیمی میلہ سجائیں گی

اسلام آباد (صالح ظافر) فرانسیسی حکومت نے پاکستانی طلباء کیلئے مینجمنٹ، انجینئرنگ، ہیومینٹیز، فنانس، بزنس اور سائنسز کے شعبہ جات میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع کی پیشکش کی ہے۔ فرنچ سفارت خانے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ لاہور اور اسلام آباد میں پہلے مرحلے کی کامیابی کے بعد فرانس کی 11؍ اعلیٰ جامعات نے اب لاہور اور کراچی کیلئے اپنے پروگرام کا اعلان کیا ہے جس کا نام ’’چُوز فرانس پاکستان – ایجوکیشن ٹوئر‘‘ رکھا گیا ہے۔ اس پروگرام میں مینجمنٹ، انجینئرنگ، ہیومینیٹیز، فنانس، بزنس اور سائنسز جیسے شعبہ جات کی وسیع رینج کو شامل کیا گیا ہے۔ فرانس کی ٹاپ 11؍ جامعات اس ٹوئر کا حصہ ہوں گی۔ جیسے سائنسز پو پیرس، سینترال نانٹیس اور ای ڈی ہیک وغیرہ۔ یہ ٹوئر بنیادی طور پر فرنچ حکومت کا اقدام ہے جس کا اہتمام پاکستان میں فرانسیسی سفارت خانے، کیمپس فرانس پاکستان اور ان کے مقامی شراکت داروں نے فرانس میں تعلیم کو فروغ دینے کیلئے کیا ہے۔ فرانسیسی جامعات کی جانب سے یہ میلہ لاہور میں 17؍ اکتوبر کو جبکہ کراچی میں 19 اکتوبر کو منعقد ہوگا جس میں طلباء کو فرانسیسی جامعات کے نمائندوں کے ساتھ براہ راست بات چیت، بیچلر اور ماسٹر کی سطح پر انگریزی میں پڑھائے جانے والے 1700 پروگرامز کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ پاکستانی طلباء کیلئے دستیاب 183 اسکالرشپ پروگرامز کے متعلق بھی تفصیلات بتائی جائیں گی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گیلے ایسی تمام سرگرمیوں کی نگرانی اور معاونت کر رہے ہیں جو مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ میں اہم سمجھی جاتی ہیں۔
اہم خبریں سے مزید