کراچی ( اسٹاف ر پو ر ٹر )امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے منگل کو مہتمم دارالعلوم کراچی و مفتی اعظم پاکستان مفتی تقی عثمانی سے جامعہ دارالعلوم کراچی کورنگی اور مہتمم جامعۃ العلوم الاسلامیہ بنوری ٹاؤن مولانا محمد سلمان بنوری سے بنوری ٹاؤن میں ملاقات کی اور جماعت اسلامی کے تحت 15اکتوبر کو شارع فیصل پر فلسطینی مسلمانوں،حماس کے مجاہدین سے اظہار یکجہتی کے لئے ہونیوالے ”الاقصیٰ فلسطین مارچ“ سمیت 16اکتوبر کو اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے تحت ”قومی مشاورتی اجلاس“ میں شرکت و رہنمائی کی دعوت دی۔ اس موقع پر نائب مہتمم جامعۃ العلوم الاسلامیہ بنوری ٹاؤن مفتی امداد اللہ،منتظم جامعۃ العلوم الاسلامیہ بنوری ٹاؤن ڈاکٹرسعید بھی موجود تھے۔ ملاقات میں حافظ نعیم الرحمٰن،عبد الجمیل،مولانا عبد الوحید، زاہد عسکری اورسرفراز احمد بھی موجود تھے۔ مفتی تقی عثمانی اورمولانا محمد سلمان بنوری نے ”الاقصیٰ فلسطین مارچ“کو وقت کی ضرورت قراردیتے ہوئے مارچ کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا اور کہاکہ فلسطین پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کے خلاف اور قبلہ اول کی آزادی کی جدوجہد میں پوری امت اہل فلسطین کے ساتھ ہے۔سراج الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ فلسطینی مسلمانوں نے اسرائیل کے خلاف مزاحمتی راستہ اختیار کیا اور ثابت کیا ہے کہ جدوجہد اور مزاحمت میں ہی زندگی ہے۔