کراچی(اسٹاف رپورٹر)شاہ فیصل کالونی نمبر 5 قادری مسجد کے قریب زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کرمزدوروں سمیت 5 افراد جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہو گئے ۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں نےموقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں ، حادثہ اس وقت پیش آیا جب 2 منزلہ عمارت کی تیسری منزل کی چھت ڈالی جا رہی تھی، عمارت کے ملبے سے 5 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں ، لاشیں او ر زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا،جبکہ زخمی ہونے والے 3 افراد اسپتال زیرِ علاج ہیں پولیس کا کہنا ہے کہ ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کی اطلاع ہے، اطلاع ملنے کے بعد جائے حادثے پر لوگوں ہجوم لگ گیا جسکے باعث ریسکیو اہل کاروں کو امدادی کاموں میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا،پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملبے سے لوگوں کو نکالنے کے لیے مشینری طلب کی گئی،واقعے کے عینی شاہد مزدور مولا بخش کا کہناہےکہ 3دن سے اس عمارت میں کام کر رہے ہیں اور 8سے 10مزدور عمارت میں کام کر رہے تھے ، اب بھی ہمارے دیگر افراد عمارت کےملبے تلے دبے ہوئے ہیں ، پولیس کے مطابق بتدائی اطلاعات کے مطابق مکان کی گرنے والی چھت ٹائلوں اور بیم کی تھی،ایک عینی شاہد مزدور کے مطابق واقعے کے وقت 8 سے 9 افراد عمارت میں موجود تھے، جن میں مستری اور بجری چڑھانے والے مزدور بھی شامل ہیں،عمارت گرنے سے بچوں کی چیزیں بیچنے والا ایک شخص بھی ملبے کی زد میں آکر موقع ہی پر جاں بحق ہوا، پولیس کے مطابق کچھ مزدور اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، جن کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، گرنے والی زیر تعمیر عمارت کے ملبے سے 4 مزدوروں کو زخمی حالت میں جناح اسپتال منتقل کیاگیا ، جہاں فوری طور پرجاں بحق ہو نے والوں کی شناخت 55 سالہ عبدالغفار ولد حسن علی،30 سالہ نصیر احمد ولد محمد انوراور7 سالہ محمد کاشف علی ولد محبوب علی جبکہ زخمیوں میں 40سالہ آصف ولدنذیر ، 45سالہ عبدالغفور ولد ولی حسن اور30 سالہ نامعلوم شامل ہیں ،دریں اثناگورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے شاہ فیصل کالونی میں زیر تعمیر عمارت گرنے سے مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کمشنر کراچی سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔