کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں گزشتہ ہفتے ہونے والی موسلا دھار بارش کے دوران جناح اسپتال کے احاطے میں قائم پاکستان اٹامک انرجی سینٹر کی دیوار منہدم ہوگئی، جس کے نتیجے میں اسپتال کی ڈاکٹرز کالونی کے مکان اور گاڑیاں شدید متاثر ہوئیں۔ واقعے نے نہ صرف مالی نقصان پہنچایا بلکہ رہائشی ڈاکٹروں میں بھی سخت تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ جناح اسپتال کے ای این ٹی یونٹ کے سینئر رجسٹرار ڈاکٹر نصیر احمد نے بتایا کہ بارش کے دوران پانی اٹامک انرجی کمیشن کی دیوار میں داخل ہوا جہاں نکاسی آب کا کوئی بندوبست نہیں تھا، جس سے دیوار گری اور شدید نقصان ہوا جس کی ذمہ دار اٹامک انرجی کی انتظامیہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال سے اسپتال انتظامیہ کو تحریری طور پر آگاہ کردیا گیا ہے، جس کے بعد جناح اسپتال کے ڈائریکٹر نے متاثرہ علاقے کے نقصانات کا سروے کرانے اور رہائشی ڈاکٹروں کو مالی معاوضہ فراہم کرنے کے لیے کمشنر کراچی کو خط ارسال کیا ہے۔ ڈاکٹرز کالونی میں مقیم رہائشیوں کا کہنا ہے کہ کئی روز گزرنے کے باوجود تاحال کسی قسم کا ازالہ یا عملی قدم نہیں اٹھایا گیا، جس کے باعث ڈاکٹرز اور ان کے خاندان سخت ذہنی دباؤ اور مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ متاثرین نے حکومتِ سندھ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور نقصان کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے تاکہ رہائشیوں کی پریشانی کم ہو سکے۔ واضح رہے کہ دیوار گرنے سے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ظفر اللہ اور ای این ٹی کے سینئر رجسٹرار ڈاکٹر نصیر احمد کے مکانات اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔