کراچی( اسٹاف رپورٹر) ورلڈ کپ میں شریک پاک بھارت ٹیموں کے کھلاڑی بھی اپنی اپنی جیت کے بارے میں پرعزم ہیں،پاکستانی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہےکہ پریشر صرف پاکستان پر نہیں بلکہ بھارت پر بھی ہوگا، امید ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو احمدآباد میں بھی سپورٹ ملےگی، ہوم کراؤڈ سے ہوم ٹیم کے اعتماد کو کافی فائدہ ملتا ہے لیکن کسی ٹیم کو اس کے ہوم گراؤنڈ میں شکست دینے کا مزہ الگ ہے، اچھی ایک روزہ کرکٹ کھیلتے ہوئے آرہے ہیں اس لیے بھارت کے خلاف بھی تیاری اچھی ہے۔فاسٹ بولر حسن علی نے کہا ہے کہ ریکارڈ ہدف عبور کرنے جیسی کوششوں سے یقیناً ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے۔ پاکستان ٹیم بھارت سے میچ کے سلسلے میں بہت زیادہ پر عزم ہے۔ اور وہ خود بھی بہت پرجوش ہیں کہ ایک ایسے اسٹیڈیم میں میچ کھیلیں گے جہاں ایک لاکھ سے زیادہ تماشائی آتے ہیں ۔پچاس اوورز کے ورلڈ کپ میں ایک بار بھی بھارت کو نہ ہرانے کے بارے میں حسن علی کا کہنا ہے کہ ریکارڈز بنتے ہی ٹوٹنے کے لیے ہیں اور ہم بھی اس جمود کو توڑنا چاہتے ہیں۔