• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو ترقی یافتہ بنانا ہے تو شیر کو لانا ہوگا، عوام ساتھ دیں، شہباز شریف

شیخوپورہ،لاہور (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ترقی یافتہ بنانا ہے تو شیر کو لانا ہوگا، ہم نے ریاست کو بچانے کیلئے سیاست کا نقصان کیا، میری جان چلی جاتی مگر ریاست بچائی، ہم نے ریاست بچائی اور سیاست کو نقصان ہوا، ریاست بچ گئی، سیاست بھی واپس آجائیگی، نوازشریف کی واپسی کے بعد ترقی کا سفر وہیں سے شروع ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخوپورہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف نے ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا تھا، نوازشریف کے دور میں ملک تیزی سے ترقی کر رہا تھا، نوازشریف 21اکتوبر کو وطن واپس آرہے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو تباہ کرنے کیلئے بدترین سازشیں کی گئیں، ملکی ترقی کیلئے نوازشریف کا استقبال کرنے مینار پاکستان پہنچیں، پاکستان کو ترقی یافتہ بنانا ہے تو نوازشریف کو لانا ہوگا، نواز شریف نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیگا، دانش اسکول اور شاہراہیں دوبارہ بنیں گی، 21 اکتوبر کو پاکستان کو بچانے کے لیے مینار پاکستان آنا ہوگا۔شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ نوازشریف آئیں گے تو آٹا اور بجلی سستی ہوگی، کاروبار چلے گا، عوام کو روز گار ملے گا، ملک کو قائد اور اقبال کا پاکستان بنائینگے۔فلسطین اسرائیل تنازع کے حوالے سے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فلسطین اور کشمیریوں کو ان کا حق ملنا چاہیئے، اسرائیل فلسطینیوں پر مظالم ڈھا رہا ہے۔

اہم خبریں سے مزید