• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بے چینی اور انتظار ختم، دنیا بھر کے شائقین کی نظریں آج پاکستان انڈین میچ پر مرکوز

کراچی( اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی ورلڈ کپ کے جس میچ کا دنیا بے چینی سے انتظار کرتی ہے وہ (آج) ہفتے کو کھیلا جائے گا۔ دنیا بھر میں موجود شائقین کی نظریں پاکستان انڈین میچ پر لگی ہوئی ہیں۔

یہ دس سال کے طویل عرصے میں دونوں ٹیموں کے درمیان انڈین سرزمین پر کھیلا جانے والا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل ہے، آج دن ڈیڑھ بجے یہ مقابلہ شروع ہوگا۔ 

آخری بار پاکستانی ٹیم نے انڈیا میں دو طرفہ ون ڈے سیریز دو ایک سے جیتی تھی۔ 

ورلڈ کپ کا سب سے اہم اور اعصاب شکن مقابلے میں ہفتے کو احمد آباد میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہوں گے، کر کٹ کے لاکھوں دیوانے اس ہائی وولیٹیج میچ کے منتظر ہیں، دونوں ٹیمیں بھارتی سرزمین احمدآباد میں ایک لاکھ 32 ہزار شائقین کی گنجائش والے اسٹیڈیم میں ہفتےکو ٹکرانے کے لیے تیار ہے۔ 

آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023 کا سب سے بڑا مقابلہ دنیا کے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم نریندر مودی اسٹیڈیم احمد آباد میں ہوگا۔ پاکستان اور بھارت دونوں ٹیمیں ورلڈ کپ میں اپنے ابتدائی 2 میچز جیت کر اپنی فارم ثابت کر چکی ہیں، میچ میں کانٹے دار اور سنسنی خیز مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

پاکستان اور بھارت کا مقابلہ ہمیشہ سخت جاں اور دلوں کو ہلادینے والا ہوتا ہے، تماشائی بے تابی سے مقابلےکے منتظر اور اپنی ٹیم کو فاتح دیکھنا چاہتے ہیں۔

بابر الیون مسلسل دو فتوحات کے بعد جیت کی ہیٹ ٹرک کا عزم لیے احمد آباد کے میدان میں اتریں گی، اسٹیڈیم جب نعروں سےگونجے گا تو کھلاڑیوں کا جوش اور جذبہ آسمان کو چھوئےگا۔ 

شائقین اور ماہرین کے ذہنوں میں یہ سوال ہے کہ پاکستانی کھلاڑی بھارتی سرماؤں کو ان ہی کی سرزمین میں شکست دیں گے، یا نیلی شرٹ گرین شرٹ پر حاوی ہوگی، دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں پر کار کردگی دکھانے کا دباؤ ہوتا ہے ، خراب پرفارمنس انہیں زیرو بنا دیتی ہے، 

قومی کرکٹ ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ دونوں شعبے میں غیر معمولی پرفارمنس دینی ہوگی، پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے نیٹ میں ایک گھنٹے تک کلدیپ یادیو کی طرح لیفٹ آرم رسٹ اسپنر کا سامنا کیا اور اسپن بولر کے خلاف سویپ اور ریورس سویپ شاٹ کی بھرپور پریکٹس کی۔ 

ہفتے کو موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ 

بھارتی میڈیا کا بتانا ہے پاک بھارت میچ کے روز سخت گرمی اور حبس کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ 

دوسری جانب بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ نریندر مودی اسٹیڈیم احمد آباد کی پچ پر بیٹرز حاوی ہوں گے، نریندر مودی اسٹیڈیم احمد آباد کی پچ پر حالیہ میچز میں بھی بیٹرز کا غلبہ رہا ہے، میچ کے آغاز میں فاسٹ بولرز کو اضافی باؤنس اور سوئنگ ملے گی، مڈل اوررز میں اسپنرز کو مدد ملنے کی امید ہے جبکہ مجموعی طور پربیٹرز کو شاٹس کھیلنے میں آسانی ہوگی۔ 

ماضی کی بات کی جائے تو 2012 کی سیریز میں شاہینوں نے سورماؤں کو اُن ہی کے گھر میں کراری شکست دی تھی۔

 گیارہ سال پہلے پاکستان سے شکست کے بعد بھارت نے ہوم گراؤنڈ پر شاہینوں سے کھیلنا چھوڑ دیا تھا۔ 

اس سیریز میں پاکستانی بولر جنیدخان کی گرجتی گیندوں کے سامنے بھارت کے بڑے بڑے نام ہل کر رہ گئے تھے جبکہ اس بار بھارتی ٹیم شاہین شاہ، حسن علی اور حارث کو سامنے پائیں گے۔

اہم خبریں سے مزید