پشاور( کرائم رپورٹر) پشاور پولیس نے رہزنی کے دوران ایڈورڈ ز کالج کے طالب علم کے قتل میں ملوث رہزنوں کا سراغ لگالیا ہے اور ملزموں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنا شروع کردئیے ہیں ۔تین روز قبل پشاور ہائی کورٹ کے قریب موٹرسائیکل سوار رہزنوں نے آئی فون موبائل چھیننے کے دوران مزاحمت پر ایڈورڈز کالج پشاور کے کمپیوٹرسائنس کے طالب علم حسان طارق کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا اور فرار ہو گئے تھے واقعہ کے اگلے روز طلباء نے صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہر ہ کیاجبکہ وزیر اعلی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او کو معطل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے آئی جی رپورٹ طلب کی تھی ٗپولیس ذرائع کا کہناہے کہ پولیس نے جائے وقوعہ کی جیوفینسنگ کی اور ایک درجن سے زائد مقامات پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کرلی ٗپولیس ذرائع کا کہناہے کہ ملزمان واردات کے بعد جی ٹی روڈ کی جانب گئے ٗپولیس ذرائع کاکہناہے کہ انہوں نے مزاحمت پر طالب علم کو قتل کرنے والے رہزنوں کا سراغ لگا لیا ہے اوران کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنا شروع کردئیے گئے ہیںاور امکان ظاہر کیا جارہاہے کہ رہزن جلد گرفتا ر کر لئے جائینگے ۔