اسلام آباد (نمائندہ جنگ) آئی سی سی ورلڈکپ کے سلسلے میں ہفتہ کو بھارت کے شہر احمد آباد میں ہونے والے کرکٹ میچ میں پاکستان کی بھارت کے ہاتھوں 7وکٹوں سے شکست سے پاکستانی ٹیم پر سٹہ کھیلنے والے کروڑوں روپے ہار گئے، صرف 36 رنز پر سات پاکستانی کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کی سٹہ بازوں کو ہرگز امید نہ تھی، اگرچہ میچ شروع ہونے سے قبل ہی بھارت فیورٹ تھا اور بھاؤ چالیس ساٹھ تھا 41پر عبداللہ شفیق اور 73 پر امام الحق کے آؤٹ ہونے کے باوجود بھاؤ میں کوئی کمی بیشی نہیں تھی مگر 155پر بابر اعظم کے آئوٹ ہونے پر پاکستان کا ریٹ 78 پیسے پر پہنچ گیا مگر سٹے باز تین سو رنز کی آس لگائے پاکستان پر ہی کھیلتے رہے، 162پر سعود شکیل ،166پر افتخار احمد، 168 پر رضوان ، 171پر شاداب خاں، 187 پر حسن علی اور 191پر حارث کی وکٹ گرنے سے سٹہ یکطرفہ ہو گیا اور بھارت کا ریٹ چھ سات پیسے رہ گیا، بھارت کی پہلی اور دوسری وکٹ گرنے تک بکی سٹہ کھیلتے رہے مگر اس کے بعد بھارت پر سٹے کا ریٹ پانچ پیسے بھی صرف تعلق والوں کو دیا جاتا رہا۔