پشاور(نیوزرپورٹر) جوڈیشل مجسٹریٹ پشاور شفیق الامان نے گاڑی چوری کرنے کے مقدمے میں نامزد ملزم کوجرم ثابت نہ ہونے پر بری کرنے کا حکم دیدیا۔ زاہداللہ ولد محمد اکبر ساکن کوہاٹ پر الزام تھا کہ اس نے مدعی مقدمہ سے گاڑی چوری کی تھی جس کے خلاف 9مئی 2022ءکو تھانہ مچنی گیٹ میں مقدمہ درج ہوا ۔ دوران ٹرائل ملزم نے 249Aکی درخواست دائر کی جبکہ اسکے وکیل نے عدالت کو کہا کہ اس کے موکل کیخلاف جو شہادتیں ریکارڈ کی گئی ہیں اس میں شکوک وشہبات پائے جاتے ہیں جبکہ استغاثہ بھی ملزم کیخلاف کیس ثابت کرنے میں ناکام رہی ہے ۔گاڑی زاہد سے برآمد کی گئی نہ ہی جائے وقوعہ کی جو تصویریں فائل پر موجود ہیں اس سے وہ مجرم ثابت ہوتا ہے ۔ دوسری جانب مدعی کے وکیل نے کہا کہ ملزم ایف آئی آر میں براہ راست نامزد ہے جو گاڑی کی واپسی کیلئے 10لاکھ روپے مانگ رہا تھا۔ عدالت نے جرم ثابت نہ ہونے پر ملزم کو مقدمے سے بری کرنے کاحکم دیدیا۔