راولپنڈی (راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) راولپنڈی کا 2043ء تک کا ماسٹر پلان باخبر ذرائع کے مطابق تیار کر لیا گیا جو الیکشن کمیشن کی طرف سے پابندی کے باعث منظوری کیلئے رُکا ہوا ہے۔ 20سالہ ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک حد بندی کردی گئی ہے جس کے باہر کسی قسم کی تعمیراتی سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی اور سارا ایریا زرعی قرار پائے گا۔ موجودہ شہر کو بلڈ اپ ایریا قرار دیکر اس میں اگلے بیس برسوں کی ضروریات کو شامل کرکے شہر کے بے ہنگم پھیلاؤ کو روکنے کی پلاننگ کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اربن گروتھ باؤنڈری کے اندر بھی مختلف حصے(زوننگ)بنائے گئے ہیں جن میں کمرشل ایریاز‘ رہائشی‘ ہائی رائز تعمیراتی ایریا سمیت دیگر امور شامل کئے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ماسٹر پلان پر حتمی ان پٹ / مشاورت کیلئےڈسٹرکٹ فوکل پرسن/ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے26مختلف محکموں اور سٹیک ہولڈرز کو بھجوایا گیا ہے‘ چیف سیکرٹری پنجاب منظوری کے حوالے سے الیکشن کمیشن سے رابطے میں ہیں تاکہ راولپنڈی شہر کی مشروم گروتھ کو روکا جا سکے۔