صلاح الدّین ندیم
ہندوستان کی آزادی کی خاطر قید و بند کی صعوبتیں جھیلنے والے حریّت پسندوں میں آغا شورش کاشمیری کا نام سرِفہرست ہے۔ شورش کاشمیری آزادی کے متوالوں کے ہراول دستے میں شامل تھے اور انہوں نے قیامِ پاکستان سے قبل پانچ سال کی طویل جیل کاٹی۔ وہ بطلِ حریّت، شمشیرِ بے نیام اور شعلہ بیان مقرّر تھے۔ اُن کا تعلق مجلسِ احرار سے تھا، جس نے سیّد عطاء اللہ شاہ بخاری کی قیادت میں برطانوی سام راج کے خلاف ’’انقلاب زندہ باد‘‘ کے فلک شگاف نعروں کو فروغ دیا۔
شورش کاشمیری اکثر کہا کرتے تھے کہ ’’ہم نے سیاست میں اُس وقت قدم رکھا تھا کہ جب اس کا صلہ آہنی زنجیریں تھیں۔‘‘ نیز، اُس زمانے میں یہ شعر بھی زبان زدِ عام تھا کہ ؎ سرفروشی کی تمنّا آج ہمارے دل میں ہے…دیکھنا ہے زور کتنا بازوئے قاتل میں ہے۔
آغا شورش کاشمیری نے 1949ء میں لاہور سے ہفت روزہ، ’’چٹان‘‘ کا اجراء کیا، جب کہ اس سے قبل وہ مولانا ظفر علی خان کے شہرۂ آفاق روزنامے ’’زمیندار‘‘ میں خدمات انجام دے چُکے تھے۔ وہ صحافت میں مولانا ظفر علی خان کے شاگرد تھے، جب کہ اُن کی خطابت میں عطاء اللہ شاہ بخاریؒ اور نثر میں مولانا ابوالکلام آزاد کا رنگ جھلکتا تھا۔ واضح رہے کہ مولانا ابوالکلام آزاد کے افکار و نظریات کے فروغ میں ہفت روزہ، ’’چٹان‘‘ نے اہم کردار ادا کیا۔
راقم الحروف نے آغا شورش کاشمیری کی زندگی کے آخری پانچ برس کے دوران ہفت روزہ، ’’چٹان‘‘ میں خدمات انجام دیں اور آج بھی جب کبھی اُن کے ساتھ گزرے لمحات یاد آتے ہیں، تو دل میں ایک ہوک سی اُٹھتی ہے۔ ؎ پیدا کہاں ہیں ایسے پراگندہ طبع لوگ…افسوس تم کو میرؔ سے صحبت نہیں رہی۔ آغا شورش کاشمیری ’’چٹان‘‘ کی مُلک بَھر میں ترسیل کے بعد جمعے اور ہفتے کو اپنے عملے سے گفتگو کرتے۔ وہ ہندوستان کی تحریکِ آزادی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہتے کہ نظریے کی بنیاد پر پاکستان کا قیام اس صدی کا اہم ترین کارنامہ ہے، جب کہ وہ مولانا آزاد کو ابنِ تیمیہ کے پائے کا عالمِ دین اور تاریخ دان تصوّر کرتے تھے۔
29مئی 1974ء کو ربوہ ریلوے اسٹیشن پر قادیانیوں کے مسلمان طلبا پر بہیمانہ تشدّد کے بعد قادیانیوں کے خلاف تحریک منظّم کرنے میں ہفت روزہ، ’’چٹان‘‘ اور مولانا تاج محمود کی زیرِ ادارت شایع ہونے والے فیصل آباد کے ہفت روزہ، ’’کولاک‘‘ کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں اور اسی تحریک کے نتیجے میں 7 ستمبر 1974ء کو قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دیا گیا۔
تاہم، آغا شورش کاشمیری قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دیئے جانے کا سہرا مجلسِ احرار کے سَر باندھتے تھے، جس نے ہمیشہ فتنۂ قادیانیت کے خلاف جدوجہد کی۔ اس تاریخی موقعے پر اُن کا کہنا تھا کہ ’’قادیانیوں کی ریشہ دوانیوں کے نتیجے میں 1951ء میں لاہور میں ہزاروں شمعِ ختمِ نبوّتؐ کے پروانوں کو شہید کیا گیا تھا اور آج شہدائے ختمِ نبوّتؐ کی ارواح کو جو سکون حاصل ہوا ہے، اُسے لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔‘‘
آغا شورش کاشمیری 48 سال کی عُمر میں 25 اکتوبر 1975ء کو اس دنیائے فانی سے رخصت ہوئے اور ان کی نمازِ جنازہ مولانا مفتی محمود نے یونی ورسٹی گراؤنڈ، لاہور میں پڑھائی۔ مولانا اس مقصد کے لیے خاص طور پر ملتان سے لاہور تشریف لائے تھے۔ تاہم، افسوس ناک اَمر یہ ہے کہ شورش کاشمیری کی اولاد نے اُن کی شاعری اور نثر نگاری کو کتابی شکل دینے کی کوشش کی نہیں کی، وگرنہ بالخصوص اُن کی شاعری کا ایک مستند اور دل فریب مجموعہ دُنیا کے سامنے آ سکتا ہے۔