• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

1947ء تا 2026ء: ملک میں پیٹرول کی بتدریج بڑھتی قیمت اور وجوہ

عالمی اداروں کی رپورٹس کے مطابق، پاکستان میں بڑھتی ہوئی منہگائی اور منہگے پیٹرول کے باعث غربت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ حکومت اس صورتِ حال کی ذمّے داری خلیجی مُمالک کی کشیدگی، کم زور معاشی حالات اور عالمی مالیاتی اداروں (IMF) کی سخت شرائط پر ڈالتی ہے، جب کہ ناقدین کا مؤقف ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر ہیوی ٹیکسزکا اطلاق اور سبسڈیز کا خاتمہ دراصل محصولات کے اہداف پورے کرنے کے لیے کیا گیا ہے، جس کی واضح مثال پیٹرولیم لیوی کا نفاذ ہے۔

پیٹرول مُلکی تعمیر و ترقی کے ضمن میں ایک بنیادی ضرورت ہے، لیکن وقت کے ساتھ ساتھ اس کی قیمتوں کے تعیّن کا طریقۂ کار یک سر بدل چکا ہے۔ ماضی میں جہاں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے گیلن کے بجائے لیٹر، اور سالانہ بجٹ کے بجائے ماہانہ یا پندرہ روزہ بنیادوں پر ہونے لگے تھے، وہیں رواں سال18جولائی سے نافذ العمل روزانہ کی تبدیلی کے فارمولے نے کئی گھرانوں کی مالی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

تاریخی طور پر، پیٹرول، امریکی شہری ایڈون ڈریک (Edwin Drake) نے 27اگست 1859ء کو امریکی ریاست پنسلوانیا کے مقام ٹائٹس وِل (Titusville) میں دریافت کیا تھا۔ تاہم، 19ویں صدی میں اس کا تجارتی استعمال شروع ہوا اور 1885ء میں گاڑی کی ایجاد کے بعد اس کی اہمیت اور مانگ میں بے پناہ اضافہ ہوگیا۔

برِعظیم میں برطانوی دَور کے دوران 1910ء سے 1920ء کے اوائل میں بڑے شہروں میں گاڑیوں کے اضافے کے ساتھ ہی پیٹرول پمپس قائم ہونا شروع ہوگئے تھے۔ قیامِ پاکستان کے ابتدائی برسوں میں مُلکی آبادی کا محض 15فی صد حصّہ شہروں میں مقیم ہونے کے باعث پیٹرول کا استعمال شہری علاقوں ہی تک محدود تھا اور ملکی تاریخ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پہلا اضافہ 28 فروری 1948ء کے بجٹ میں اُس وقت کے وزیرِ خزانہ، غلام محمد نے ترقیاتی منصوبوں کے لیے50لاکھ روپے جمع کرنے کی غرض سے کیا۔

امپورٹ ڈیوٹی بڑھنے کے بعد پیٹرول کی فی گیلن قیمت 20 آنے ہوگئی، جو برطانوی گیلن (تقریباً 4.546 لیٹر) کے حساب سے قریباً 33 پیسے فی لیٹر بنتی تھی۔ ابتدائی سیاسی عدم استحکام کے باوجود مستحکم معیشت کے باعث یہ قیمتیں طویل عرصے تک برقرار رہیں۔ اخباری رپورٹ کے مطابق، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دوسرا بڑا اضافہ فروری 1957ء میں وزیرِاعظم حسین شہید سہروردی نے بجٹ میں کیا، جس کے بعد پیٹرول دو روپے فی گیلن (44پیسے فی لیٹر) تک پہنچ گیا۔

بعد ازاں، جنرل ایوب خان کے دَور (1963ء اور 1966ء) میں عالمی منڈی کے اثرات کے باعث قیمت چار روپے فی گیلن (88 پیسے فی لیٹر) ہوگئی۔جنرل یحییٰ خان کے دور میں 1971ء کے دوران دو بار اضافے سے پیٹرول سوا پانچ روپے، ڈیزل تین روپے اور مٹّی کا تیل دو روپے فی گیلن مقرر ہوا، جس کی وجہ مشرقی پاکستان کے طوفان زدگان کی بحالی اور ملکی حالات بتائے گئے۔

تاہم قیمتوں میں تیزی کا باقاعدہ سلسلہ 1970ء کی دہائی میں ذوالفقار علی بھٹو کے دورِ حکومت میں شروع ہوا، جب سقوطِ ڈھاکا، روپے کی قدر میں کمی اور عرب اسرائیل جنگ کے باعث تیل کی عالمی قیمتیں بڑھنے سے ملک میں بھی پیٹرولیم مصنوعات مسلسل مہنگی ہوتی چلی گئیں۔

ذوالفقار علی بھٹو کے دورِ حکومت میں پیٹرول کی قیمتوں میں مجموعی طور پر پانچ مرتبہ اضافہ کیا گیا۔ پہلی بار 17جون 1972ء کو وفاقی وزیرِ خزانہ ڈاکٹر مبشّر حسن کے پیش کردہ بجٹ میں قیمت بڑھائی گئی، جس کے بعد 20نومبر 1973ء کو دوسرا اضافہ ہوا۔ تیسرا اہم مرحلہ اُس وقت آیا، جب31دسمبر 1973ء کو حکومت نے ’’پاکستان برما شیل‘‘ کے علاوہ دو نجی پیٹرولیم کمپنیز ’’داؤد پیٹرولیم‘‘ اور ’’پاکستان نیشنل آئلز‘‘ کو قومی تحویل (نیشنلائز) میں لے لیا، جس کے فوراً بعد یکم جنوری 1974ء کو پیٹرول کی قیمت ڈیڑھ روپے فی گیلن سے بڑھا کر9روپے فی گیلن مقرر کردی گئی۔

بعدازاں،8 جون 1974ء کے بجٹ میں چوتھی بار اور 29ستمبر 1975ء کو پانچویں بار اضافہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں پیٹرول 12روپے فی گیلن (یعنی تقریباً 2روپے 80 پیسے فی لیٹر) تک پہنچ گیا۔ جولائی 1977ء سے اگست 1988ء تک مُلک کی باگ ڈور، جنرل ضیاء الحق کے ہاتھ میں رہی۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ29جون 1978ء کو ایک آرمی چیف اور صدرِ مملکت کی حیثیت سے جنرل ضیاء الحق نے وفاقی بجٹ پیش کیا۔

اس بجٹ کی ایک نمایاں بات یہ تھی کہ ملک سے برطانوی نظامِ اوزان کو بتدریج ختم کر کے عالمی 'میٹرک نظام نافذ کرنے کے فیصلے کے تحت، پیٹرولیم مصنوعات کی پیمائش پہلی بار 'گیلن کے بجائے 'لیٹر میں کی گئی۔ اس بجٹ میں 20پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت3روپے فی لیٹر،جب کہ ڈیزل کی قیمت 3روپے40پیسے سے بڑھا کر 3روپے 60پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی۔

گیلن سے لیٹر کے پیمانے پر منتقلی کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فرق نمایاں ہونے لگا۔ مارچ 1984ء میں غیر جماعتی انتخابات کے نتیجے میں بننے والی حکومت سے قبل، صدر جنرل ضیاء الحق کے دور میں پیٹرول کی قیمت میں آٹھ مرتبہ اضافہ کیا گیا۔ اس سلسلے کا آخری اضافہ 14جون 1984ء کے بجٹ میں ہوا، جس کے بعد پیٹرول 6روپے50پیسے فی لیٹر تک پہنچ گیا۔ اس اضافے کی وجہ عالمی منڈی میں نرخوں کا بڑھنا اور آئی ایم ایف کی شرائط قرار دیا گیا۔

بعد ازاں، صدر ضیاء الحق ہی کے دورِ صدارت میں وزیرِ اعظم محمد خان جونیجو کی حکومت نے24مئی 1985ء کے بجٹ میں پہلا اور واحد اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت 7روپے16پیسے فی لیٹر مقرر کی۔ جونیجو حکومت کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اس نے5جون 1987ء کے بجٹ میں پیٹرول کی قیمت میں20پیسے اضافے کا اعلان نافذ ہونے سے قبل ہی12جون 1987ء کو واپس لے لیا تھا، جب کہ اس کے بعد قیمتوں میں دو مرتبہ کمی بھی کی گئی۔

چناں چہ مئی 1988ء میں جونیجو حکومت کی برطرفی کے وقت پیٹرول کم ہو کر 6روپے 95پیسے فی لیٹر پر آچکا تھا۔ محترمہ بے نظیر بھٹو وزیرِ اعظم کے عہدے پر فائز ہوئیں، تو ان کے دورِ حکومت میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واحد اضافہ 27مارچ 1990ء کو کیا گیا، جس کے نتیجے میں پیٹرول 8روپے 28 پیسے، مٹّی کا تیل 3روپے 30پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 4 روپے 46 پیسے فی لیٹر ہو گیا۔

وزیرِاعظم، میاں نواز شریف کے تین سالہ دورِ حکومت میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مجموعی طور پر دو مرتبہ اضافہ اور ایک مرتبہ کمی کی گئی۔ اس عرصے کے دوران عراق، امریکا جنگ کے باعث خلیجی خطّے میں شدید کشیدگی پیدا ہوئی، جس کے منفی اثرات پیٹرولیم کی عالمی منڈی پر بھی مرتّب ہوئے۔

اُن کے دَور میں قیمتوں میں پہلی تبدیلی14نومبر 1991ء، جب کہ آخری تبدیلی14جون 1993ء کو کی گئی، جس کے نتیجے میں اُن کی حکومت کے اختتام تک پیٹرول کی قیمت 12 روپے 5پیسے اور ڈیزل کی قیمت 5 روپے 65 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی۔اس کے بعد آنے والے نگراں وزیراعظم، معین قریشی کے دَور میں عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے تحت پیٹرول کی قیمت میں1روپے 20پیسے کا اضافہ کیا گیا، جس سے پیٹرول 13 روپے 25 پیسے جب کہ ڈیزل6روپے 50پیسے فی لیٹر ہو گیا۔

بعد ازاں، اکتوبر 1993ء میں محترمہ بینظیر بھٹو دوسری مرتبہ وزیرِاعظم منتخب ہوئیں۔ اُن کے دَور میں 4 جون 1996ء کو وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم و قدرتی وسائل، انور سیف اللہ نے ایک اہم پالیسی کے تحت مُلکی سطح پر تیل کی قیمتوں کو عالمی منڈی کے اتار چڑھاؤ سے منسلک کر دیا ، جس کے بعد قیمتوںمیں ماہانہ بنیادوں پر نظرِ ثانی کی جانے لگی۔

14جون 1995ء کے وفاقی بجٹ میں پیٹرول کی قیمت 65پیسے اضافے کے ساتھ13روپے 90پیسے، جب کہ ڈیزل 20پیسے اضافے سے 6روپے 50 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی۔ بعد ازاں، 28اکتوبر 1995ء کو حکومت نے عالمی مالیاتی اداروں کی ہدایت پر روپے کی قدر میں کمی کے ساتھ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو عالمی منڈی سے منسلک کر کے ماہانہ بنیادوں پر قیمتوں کے تعین کا سلسلہ شروع کیا۔ اس فارمولے کے تحت بے نظیر بھٹو حکومت کی برطرفی کے وقت پیٹرول 15روپے 97پیسے اور ڈیزل 8روپے 12پیسے تک پہنچ چکا تھا۔

نومبر 1996ء سے فروری 1997ء تک ملک معراج خالد کی نگراں حکومت کے دوران پیٹرول کی قیمت بڑھ کر 17روپے 38پیسے اور ڈیزل 9روپے 66پیسے ہوگئی۔ اسی دور میں 31جنوری 1997ء کو نگراں وفاقی وزیر جاوید جبار نے نئی پیٹرولیم پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے صوابدیدی کوٹا ختم کرنے اور شعبے کی ڈی ریگولیشن (نج کاری/آزادانہ تجارت) کے آغاز کا فیصلہ کیا۔ اس پالیسی کا مقصد پیٹرولیم مصنوعات کی تقسیم پر قابض تین بڑی کمپنیز (شیل، پی ایس او اور کالٹیکس) کی اجارہ داری ختم کر کے نئی کمپنیز کو کاروبار کے مواقع فراہم کرنا تھا، جس کے نتیجے میں آج پاکستان میں 40 سے زائد آئل مارکیٹنگ کمپنیز رجسٹرڈ ہیں۔

فروری 1997میں میاں محمد نواز شریف دوسری بار وزارتِ عظمیٰ کے منصب پر فائز ہوئے تو ان کی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ماہانہ ردّوبدل کا نظام ختم کر دیا۔ اس دور میں قیمتوں میں پہلا اضافہ 8ماہ بعد 15اکتوبر 1997ء اور آخری اضافہ 19مئی 1999ءکو کیا گیا۔ اکتوبر 1999 ء میں ان کی حکومت کے خاتمے تک پیٹرول 26روپے، ڈیزل 10روپے 66پیسے اور مٹّی کا تیل 10روپے 50پیسے فی لیٹر تک جا پہنچا۔

بعدازاں، جنرل پرویز مشرف کے برسرِاقتدار آنے پر پہلا اضافہ 11دسمبر 1999ءکو ہوا، اور ان کے ابتدائی تین سالہ دور (16نومبر 2002ء) تک پیٹرول 32 روپے 18 پیسے، ڈیزل 21روپے 38 پیسے اور مٹّی کا تیل 18روپے 25پیسے فی لیٹر ہوگیا۔

اس دور میں وزارتِ پیٹرولیم نے قیمتوں کے تعیّن کے طریقۂ کار میں متعدد تبدیلیاں کیں، جن میں 20مارچ 2000ء کو ماہانہ بنیادوں پر خودکار نظام کا اجرا، اور 30ستمبر 2000ء کو ریگولر اور سپر پیٹرول کا فرق ختم کر کے یک ساں قیمت کا نفاذ شامل تھا، جسے بعد میں دوبارہ بحال کر دیا گیا۔ مزید برآں، 13 جون 2001ء کو وفاقی سیکریٹری پیٹرولیم عبداللہ یوسف نے اعلان کیا کہ ڈی ریگولیشن پالیسی کے تحت اب نجی آئل کمپنیز باہمی مشاورت سے ہر پندرہ روز بعد قیمتوں کا تعین کریں گی۔

15 ستمبر 2001ء سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اختیار وزارتِ پیٹرولیم کے بجائے آئل کمپنیز کی قائم کردہ ’’آئل کمپنیز ایڈوائزری کمیٹی‘‘ (OCAC) کو سونپ دیا گیا۔ صدر جنرل پرویز مشرف کے ابتدائی تین سالہ دورِ حکومت (16نومبر 2002ء) تک پیٹرول 32روپے 18 پیسے، ڈیزل 21 روپے 38 پیسے اور مٹّی کا تیل 18روپے 25پیسے فی لیٹر رہا۔

اگرچہ مارچ 2002ء میں قیمتوں کے تعیّن اور نگرانی کے لیے ’’آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی‘‘ (اوگرا) قائم کی گئی، تاہم عملی طور پر قیمتوں کے فیصلے آئل کمپنیز، وزارتِ پیٹرولیم کی مشاورت ہی سے کرتی رہیں۔جنرل پرویز مشرف کے دورِ صدارت میں ان کی حمایت یافتہ چار شخصیات وزیرِاعظم کے عہدے پر فائز رہیں۔ پہلے وزیراعظم، میر ظفر اللہ خان جمالی کے دَور (نومبر 2002ء تا جون 2004ء) میں پیٹرول 36روپے 92پیسے اور ڈیزل 24روپے 37پیسے فی لیٹر تک پہنچ گیا۔

اسی دوران 25فروری 2003ء کو جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں ہر پندرہ روز بعد قیمتوں کے تعین کے طریقۂ کار پر شدید تحفّظات کا اظہار کرتے ہوئے پیٹرولیم کی ڈی ریگولیشن پالیسی کو ناکام قرار دیا گیا۔ رپورٹ میں نشان دہی کی گئی کہ ملک بھر میں یک ساں نرخ مقرر کرنے کی وجہ سے آئل کمپنیز کے درمیان مسابقت پیدا ہونے کے بجائے ان کی اجارہ داری (مناپلی) قائم ہوگئی ہے۔ بعدازاں، عوامی ریلیف کے لیے حکومت نے30مئی 2004ء سے دسمبر 2004ء تک تیل کی قیمتیں منجمد رکھیں، جس کے باعث چوہدری شجاعت حسین کے مختصر دورِ وزارتِ عظمیٰ (جون تا اگست 2004ء) میں بھی قیمتیں جُوں کی تُوں رہیں۔

اگست 2004ء سے نومبر 2007ء تک پرویز مشرف کے دورِ صدارت میں تیسرے وزیراعظم شوکت عزیز رہے، جن کے دورِ حکومت میں یکم جنوری 2005ء کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پہلی بار اضافہ کیا گیا۔ اس کے بعد 26جنوری 2005ء کو سینیٹ کی کمیٹی نے قیمتوں کے تعین کا اختیار اوگرا (آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی) کو دینے کی سفارش کی۔

نتیجتاً، 3مارچ 2006ء کو یہ اختیار نجی تیل کمپنیز کی مشاورتی کمیٹی (OCAC) سے واپس لے کر اوگرا کے سپرد کرنے کا باضابطہ فیصلہ ہوا، جس کے بعد یکم مئی 2006ء سے اوگرا نے قیمتوں کا اعلان شروع کر دیا۔ شوکت عزیز کے دَور میں قیمتوں میں آخری تبدیلی 15جنوری 2007ء کو ہوئی، اور نومبر 2007ء میں ان کی رخصتی کے وقت پندرہ روزہ فارمولے کے تحت پیٹرول 53روپے 70پیسے، ڈیزل 37 روپے 70پیسے اور مٹّی کا تیل 35روپے 23پیسے فی لیٹر پر مستحکم رہا۔

بعد ازاں، پرویز مشرف کے زیرِ صدارت چوتھی شخصیت کی حیثیت سے محمد میاں سومرو نگراں وزیراعظم مقرر ہوئے۔ عالمی منڈی میں تیل منہگا ہونے کے باعث ان کے مختصر دور میں قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا اور ان کی رخصتی کے وقت پیٹرول 62 روپے 90 پیسے، ڈیزل 44 روپے 20 پیسے جب کہ مٹّی کا تیل 41روپے 44 پیسے فی لیٹر تک جا پہنچا۔

مارچ 2008ء میں پیپلز پارٹی کے وزیرِاعظم یوسف رضا گیلانی کے دور میں اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پہلا اضافہ 17اپریل 2008ء اور آخری تبدیلی 15جون 2012ء کو کی۔ ان کی رخصتی کے وقت پیٹرول 89.51روپے، مٹّی کا تیل 88.79 روپے اور ڈیزل 99.69 روپے فی لیٹر تھا۔ اسی دور میں 21مئی 2009ء کو ملکی تاریخ میں پہلی اور آخری مرتبہ سپریم کورٹ کے حکم پر قیمتوں میں فوری طور پر 2.5فی صد کمی کی گئی۔

نیز، قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار بھی بدلتا رہا۔ یکم جنوری 2009ء سے 30روزہ، 15 مئی 2012ء سے 15 روزہ، 7 اگست سے ہفتہ وار اور پھر 24 اکتوبر کو سپریم کورٹ کے حکم پر نومبر 2012ء سے دوبارہ ماہانہ بنیادوں پر قیمتیں مقرر کرنے کا فیصلہ ہوا۔ان کے بعد راجا پرویز اشرف کے دور میں پہلا اضافہ 15جولائی 2012ء کو ہوا، اور 24 مئی 2013ء کو ان کی مدتِ اقتدار کے اختتام پر پیٹرول 106.60 روپے، ڈیزل 113.56 روپے اور مٹّی کا تیل 103.69روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا۔ بعد ازاں، نگراں وزیرِاعظم میر ہزار خان کھوسو کے دور میں قیمتوں میں کمی ہوئی اور پیٹرول 99.77روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 104.60 روپے جب کہ مٹّی کا تیل 93.79 روپے فی لیٹر ہوگیا۔

5جون 2013ء کو میاں نواز شریف کے تیسری بار وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پہلا اضافہ 13جون 2013ء کو ہوا۔ 28جولائی 2017ء کو ان کی رخصتی کے وقت پیٹرول 71.30روپے، ڈیزل 79.90 روپے اور مٹّی کا تیل 54.13 روپے فی لیٹر تھا۔ان کے بعد شاہد خاقان عباسی کے دَور میں پہلا اضافہ یکم ستمبر 2017ء کو ہوا۔ 31مئی 2018ء کو ان کے جانے تک پیٹرول 87.70 روپے، ڈیزل 98.76روپے اور مٹّی کا تیل 79.87روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا۔

نگراں وزیراعظمِ ناصرالملک کے دور کے اختتام پر پیٹرول 94 روپے، ڈیزل 112.60 روپے اور مٹّی کا تیل 83 روپے فی لیٹر تھا۔پھر عمران خان کے دورِ حکومت میں پہلا اضافہ یکم ستمبر 2018ء کو کیا گیا۔ اپریل 2022ء میں ان کی حکومت کے خاتمے پر پیٹرول 149.59روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 154.15روپے اور مٹّی کا تیل 125.56روپے فی لیٹر تھا۔

اس کے بعد شہباز شریف کے دور میں پہلا اضافہ 26 مئی 2022ء کو ہوا، اور اگست 2023ء میں ان کی رخصتی کے وقت پیٹرول 272.95روپے اور ڈیزل 273.40 روپے فی لیٹر پر پہنچ چکا تھا۔مارچ 2024ء میں نگراں وزیرِاعظم انوارالحق کاکڑ کی رخصتی کے وقت پیٹرول کی قیمت 279 روپے 75پیسے اور ڈیزل کی قیمت 287 روپے 33 پیسے فی لیٹر تھی۔ وزیرِاعظم شہباز شریف کے دوسرے دورِ حکومت میں یکم اپریل 2024ء کو پیٹرول 289 روپے 41پیسے، ڈیزل 282 روپے 54پیسے اور مٹّی کا تیل 186 روپے 39پیسے فی لیٹر تک پہنچ گیا۔

رواں سال خلیجی ممالک میں کشیدگی کے باعث تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عوام کی قوتِ خرید اور معاشی سرگرمیوں کو شدید متاثر کیا ہے۔ معیشت کی بحالی کے لیے ضروری ہے کہ بنیادی اشیاء اور پیٹرول پر غیر ضروری ٹیکس کم کیے جائیں، جب کہ سرکاری خزانے کو مستحکم کرنے کے لیے ٹیکس نیٹ اور برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے،نیز، غیر ضروری سرکاری اخراجات و مراعات میں کمی لائے بغیر قیمتوں میں استحکام ممکن نہیں۔

سنڈے میگزین سے مزید