• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہادیہ عبدالمالک

تہجد کا وقت تھا۔ فضا میں ہلکی سی خنکی محسوس ہورہی تھی۔ وہ اپنے بستر سے اُٹھا اور دھیرے دھیرے قدم اٹھاتا صحن کی جانب بڑھنے لگا۔ جہاں آج بھی لکڑی کی ایک کرسی موجود تھی، جو دو سال سے اُسی حالت اور اُسی جگہ پر رکھی ہوئی تھی، جہاں دو سال قبل پڑی ہوتی تھی۔

وہ اس کرسی کے پاس آکر رُکا اور پھر دوزانو بیٹھ گیا۔ اس کی آنکھوں سےگرم گرم آنسو بہنے لگے۔ وہ کپکپاتے ہاتھوں سے کرسی پر ہاتھ پھیر رہا تھا۔ اِس کرسی سے اُس کی بہت گہری یادیں جڑی تھیں۔ یہ کرسی اُس کی بیوی کے استعمال میں رہتی تھی۔ جب کبھی وہ روٹھ جاتی تھی تو صحن میں موجود اِسی کرسی پرجاکر بیٹھی رہتی۔ اور پھر کچھ دیر بعد خُود ہی کمرے میں آکر صلح بھی کرلیا کرتی تھی۔

اُس نے کبھی اپنی بیوی کو منانے کی کوشش نہیں کی تھی کہ پہل کرنا، جُھک جانا، اپنی غلطی تسلیم کر لینا اُس کی فطرت ہی میں شامل نہ تھا۔ اُسے یقین ہوتا تھا کہ وہ اگر روٹھے گی بھی، تو خُود ہی منائے گی اور زیادہ دیر ناراض بھی نہیں رہ پائے گی۔

دو سال قبل بھی جب آخری بار وہ اُس کی کسی زیادتی پر روٹھی تھی تو اسی کرسی پر جا کر بیٹھ گئی تھی اور وہ ہمیشہ کی طرح اپنی غلطی پر شرمندہ ہونے کی بجائے غصّے کے عالم میں گھر سے باہر چلا گیا تھا۔ اور پھر… آدھی رات کو جب اُس کی واپسی ہوئی تو اس کی بیوی، جو ہمیشہ خُود ہی مان جایا کرتی تھی، اُسے اُسی کرسی پر بیٹھی ملی۔ وہ بے اختیار اُس کی طرف بڑھا، مگر… تب تک بہت دیر ہوچُکی تھی۔

کرسی پر تو بس ایک بے جان وجود دھرا تھا۔ اُس کی پیاری، ہنس مُکھ بیوی کی رُوح، اُس کے جسم کا ساتھ چھوڑ چُکی تھی۔ اُس کا دل دھڑکنا بند ہوگیاتھا۔ شاید وہ اُس کا انتظار کرتے کرتے تھک گئی تھی۔ اور پھر ہارٹ اٹیک نے اس کو مزید مہلت ہی نہ دی۔ شاید اس نے، اُسے پکارا بھی ہوگا۔ درد سے روئی، چلّائی بھی ہوگی، مگر… وہ تو ہمیشہ اپنے ہی زعم میں رہا۔ اُس نے بہت تڑپ کر اُس کا ٹھندا یخ ہاتھ، اپنے ہاتھوں میں تھاما۔ بہت رویا، تڑپا، چیخا، گڑگڑایا، لیکن…اب بہت دیر ہوچکی تھی، بہت دیر… اُس رات وہ اُسے ہمیشہ کے لیے چھوڑ گئی تھی۔

آج دو سال بعد بھی، وہ کرسی اُسی جگہ استادہ تھی۔ وہ روز، بلکہ دن میں کئی کئی بار اُس خالی کرسی کو دیکھتا تو اُسے محسوس ہوتا، جیسےاُس پر بیٹھی اس کی بیوی ابھی بھی اُس کی منتظر ہے۔ وہ بس ایک نظر دیکھے گا، اور وہ سارا غصّہ، سب ناراضیاں بھول بھال کر یک دَم کھلکھلاتی ہوئی اُٹھ کھڑی ہوگی یا یک دَم اندر آئے گی اور جھینپی ہوئی سی کہے گی۔ ’’اچھا بھئی، اب ختم بھی کریں…‘‘

وہ روزانہ ہی اس خالی کرسی کے پاس گھنٹوں بیٹھا رہتا۔ بس ایک ہی افسوس، پچھتاوا اُسے اندر ہی اندر ڈسے جاتا، کاٹے ڈالتا ۔ ”اے کاش! اُس روز مَیں نے اُسے منا لیا ہوتا! اے کاش! مَیں نے اُس روز گھر آنے میں اتنی تاخیر نہ کی ہوتی۔ اے کاش! مَیں نے اُسے اُس کی زندگی میں بتا دیا ہوتا کہ مَیں بھی اُسے بہت ٹوٹ کر چاہتا ہوں، اُس کے بغیر زندگی کا تصور بھی نہیں کر سکتا۔ اے کاش! مَیں نے اپنی شریکِ حیات، اپنی دُکھ سُکھ کی اتنی پیاری ساتھی کی قدر اُس کی زندگی ہی میں محسوس کر لی ہوتی۔‘‘

اب تو بس… اُس کے جینے کا واحد سہارا یہ خالی کرسی اور بہت سارے ’’کاش‘‘ ہی تھے۔

سنڈے میگزین سے مزید