گزشتہ برس قرض کی نئے قسط جاری کرتے ہوئے آئی ایم ایف نے حکومتِ پاکستان سے ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز سے متعلق بھی دو اہم مطالبات کیے، جنہیں تسلیم کر لیا گیا۔ عالمی مالیاتی ادارے کا پہلا مطالبہ یہ تھا کہ حکومتِ پاکستان مُلک میں نئے ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز تعمیر نہ کرے اور دوسرا یہ کہ پہلے سے موجود ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز کو ٹیکسز میں دی گئی چُھوٹ یا نرمی میں مزید توسیع نہ دی جائے، جس نے کاروباری برادری بالخصوص برآمدی شعبے سے وابستہ صنعت کاروں کو شدید تشوش میں مبتلا کردیا۔
یاد رہے کہ مُلک میں برآمدات سے وابستہ صنعتوں کو فروغ دینے اور مُلکی برآمدات بڑھانے کے لیے 1980ء میں پاکستان ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز اتھارٹی قائم کی گئی تھی، جس نے مختلف شہروں میں ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز تعمیر کیے تھے۔
ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز اور عام صنعتی علاقوں میں فرق
مُلک بھرمیں قائم ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز کو کچھ ایسی خاص سہولتیں دست یاب ہیں کہ جو انہیں دیگر صنعتی علاقوں سے ممتاز کرتی ہیں۔ مثال کے طور پر ان زونز میں موجود صنعتوں کو ٹیکسز کی مد میں دیگرصنعتی علاقوں کی نسبت زیادہ چُھوٹ دی جاتی ہے۔
ان کا کسٹم پراسیس آسان بنایا جاتا ہے اور خام مال کو ٹیکس فری یا اس پربہت کم ٹیکس چارج کیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مقامی اور غیرمُلکی صنعت کاران زونزمیں صنعتیں لگانے کو ترجیح دیتے ہیں۔
ان زونز میں قائم صنعتیں اپنے ملازمین کو نسبتاً زیادہ معاوضہ اور دیگر فوائد فراہم کرتی ہیں اور ان کی برآمدات کی وجہ سے مُلک کو بڑی مقدار میں غیر مُلکی زرِمبادلہ حاصل ہوتا ہے۔ دوسری جانب بڑی بڑی غیرمُلکی صنعتیں ان علاقوں کا رُخ کرتی ہیں، تو وہ اپنے ساتھ جدید ٹیکنالوجی بھی لےکر آتی ہیں، جس سے مقامی باشندوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔
مزید برآں، جب کسی شہر میں ایکسپورٹ پراسیسنگ زون قائم کیا جاتا ہے، تو اُس شہر میں ذرائع مواصلات اور پانی و بجلی کی سہولتیں بھی دست یاب ہوتی ہیں، جن سے عام شہری بھی مستفید ہوتے ہیں۔
نئے ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز کی تعمیر پر پابندی کیوں لگائی گئی؟
یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کو نئے ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز کی تعمیر سےکیوں روکا؟ اس پابندی کی متعدد وجوہ ہیں۔ پہلی وجہ یہ کہ نئے ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز کی تعمیر کے لیے بھاری سرمایہ درکارہوتا ہے اور آئی ایم ایف کو اندیشہ تھا کہ حکومتِ پاکستان جاری کردہ قرض کی رقم ان زونز کی تعمیر پر صَرف کردے گی، جب کہ پُرانے زونز کی کارکردگی بھی مثالی نہیں۔
یوں یہ قرضہ حکومت کی نااہلی کی نذر ہوجائے گا اور آئی ایم ایف کا تیار کردہ معاشی ایجنڈا ادھورا رہ جائے گا۔ دوسری وجہ یہ کہ آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ پاکستان اپنے موجودہ معاشی مسائل پر توجّہ دے۔ یعنی اپنا ٹیکس نیٹ بڑھائے، ٹیکس نظام میں پائی جانے والی کرپشن اور نااہلی کو ختم کرے اور’’بیمار صنعتوں‘‘ کا کوئی مناسب علاج تلاش کرے۔ اس لیے وہ مزید نئے اور بڑے منصوبوں پر سرمایہ کاری کے حق میں نہیں۔
دوسری جانب آئی ایم ایف یہ بھی چاہتا ہے کہ پاکستان اپنے قرضے ختم کرنے کی کوشش کرے اور اگر پاکستان نئے ایکسپورٹ زونز کی تعمیر کی طرف جاتا ہے، تو اس کے لیے کثیر سرمایہ درکار ہوگا اور یوں پاکستان کے لیے قرضوں کی ادائی نہ صرف مشکل ہوجائے گی بلکہ مزید قرض لینے کی ضرورت پیش آئے گی۔
ایک اندازے کے مطابق اس وقت پاکستان کے مختلف شہروں میں 22 ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز قائم ہیں اور سچ تو یہ ہے کہ ان تمام صنعتی علاقوں کی کارکردگی کسی طور پر بھی شان دارنہیں۔
اگر ان موجودہ زونز کی کارکردگی بہتر ہوتی، تو آئی ایم ایف یقیناً نئے زونز کی تعمیر پر اعتراض نہ کرتا، مگر آئی ایم ایف کو ڈر ہےکہ اگر نئے ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز تعمیر کیےگئے، تو ان کی حالت بھی وہی ہوگی، جو موجودہ زونز کی ہے، لہٰذا اُس نے حکومتِ پاکستان پر مُلک میں نئے ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز قائم نہ کرنے کی پابندی عائد کردی۔