بُشریٰ انصاری سے میری پہلی ملاقات موہٹہ پیلس کے ایک مشاعرے کے بعد ہونے والے ناشتے پر ہوئی، جس کے میزبان غالباً شہاب زبیری بھائی اور ناصرہ زبیری تھے۔ صاحبو! بُشریٰ آپا کی شخصیت کو اگر ایک لفظ میں بیان کیا جائے تو وہ لفظ ’’چُلبُلی‘‘ ہوگا۔ وہ دستِ قدرت کی طرف سے اپنے خمیر میں ذہانت اور تنوّع کا تحفہ لے کرپیدا ہوئی ہیں۔ مَیں سجے سجائے ڈرائینگ روم میں داخل ہوا تو صوفے پر بیٹھی اور تمام لوگوں کی مرکزِ نگاہ تھیں۔ تیکھے خدوخال، متحرک متجسّس آنکھیں، لانبی قامت۔
مَیں نے عرض کیا کہ ’’ففٹی ففٹی‘‘ دوبارہ شروع کیوں نہیں ہو سکتا؟ کہنے لگیں: ’’اس کا امکان ففٹی ففٹی ہے۔‘‘ لوگ ہنس پڑے اور مَیں سوچ میں پڑ گیا۔ آج کل بےیقینی اور نفسانفسی کا وہ دَور ہے کہ کسی بھی چیز کے ہونے یا نہ ہونے کے بارے میں کچھ بھی یقین سے نہیں کہا جاسکتا۔ ہر کوئی ہرکسی سے یہی پوچھتا پِھرتا ہے کہ کیا حالات ٹھیک ہوجائیں گے اور ہر کوئی ہرکسی کو جواب دیتاہےکہ ’’ففٹی ففٹی ہے۔‘‘ان دگرگوں حالات میں بُشریٰ آپا جیسی نادرِ روزگار فن کارہ کا دَم غنیمت ہے۔
وہ ففٹی ففٹی کے دَور میں بھی جینئیس تھیں اور mediocrity کے دَور میں بھی جینئس ہیں۔ اُسی ملاقات میں مَیں نے اُن سے اُس خاکے کا بھی ذکر کیا کہ جس میں یہ ’’رانو‘‘ بنی تھیں اور اشرف خان بھی ان کے ساتھ تھے۔ اشرف خان انہیں آواز دیتے ہیں تو یہ جس ناز و انداز سے ’’وے، واٹ وے؟‘‘ کہتی ہیں وہ ہمارے مُلک کی اجتماعی یادداشت کا مستقل حصّہ ہے۔
پاکستان ٹیلی ویژن کا سنہرا دَور تھا۔ ایک سے بڑھ کر ایک معیاری تخلیق سامنے آیا کرتی تھی۔ ارفع معیار کے اس تسلسل میں بُشریٰ انصاری ارفع ترمعیار کی علم بردار تھیں اور ہیں۔ مجھے یاد پڑتا ہے کہ ہمارے گھرمیں شروع میں بلیک اینڈ وائٹ ٹی وی ہوا کرتا تھا۔ اُس زمانےمیں بھی موصوفہ کی اسکرین پر موجودگی ناظرین کی توجّہ کھینچنے کا مجرّب نسخہ سمجھی جاتی تھی۔
بُشریٰ انصاری اسکرین پر نمودار ہوتے ہیں لاکھوں کروڑوں ناظرین کی توقعات بہت بڑھ جاتی تھیں کہ اب یقیناً مسکراہٹ کی کوئی لطیف وجہ ملے گی، ہنسنے ہنسانے کا موقع میسّر آئے گا یا کسی معروف گانے کی پیروڈی اس انداز میں سُننے کو ملے گی کہ mimicry پر اصل سے بہتر ہونے کا گمان بلکہ یقین ہونے لگے گا۔
ایک خاص بات جو بُشریٰ آپا کے علاوہ خال خال اداکاروں، صداکاروں میں ہے، وہ اُن کا کسی ادبی خانوادے سے تعلق ہے۔ بُشریٰ آپا کی تربیت احمد بشیر کے ہاتھوں ہوئی کہ جن کاادبی قد وقامت، فنی رُتبہ اورتخلیقی مقام اہلِ نظر سے پوشیدہ نہیں۔ اب آپ خُود سوچیے کہ احمد بشیر جیسی شخصیت جو بیک وقت روایت وجدّت کی یک ساں علم بردار ہے، اُن کے ہاں بُشریٰ نے ابتدائی دنوں ہی میں کیا کچھ سیکھا ہوگا۔
شاید بلکہ یقیناً یہی سبب ہے کہ بُشریٰ آپا کے ہاں آپ کو ایک خاص ثقافتی رچاؤ اور ٹھہراؤ نظر آتا ہے۔ وہ چاہے جیسا بھی بلندآہنگ کردار کیوں نہ کررہی ہوں، شُستگی و شائستگی ہاتھ سے نہیں جانے دیتیں۔ اُن کے خمیر ہی میں شعر و ادب سے محبت، کہانی سے لگاؤ، داستان سے لگن اور افسانے سے دل چسپی گندھی ہے۔ سو، وہ اپنے کردار میں یُوں ڈوب جاتی ہیں کہ بُشریٰ نہیں رہتی، محض کردار رہ جاتا ہے۔ اُن کے نبھائے ہوئے کردار آج بھی ہم سب کے ذہنوں اور حافظوں پر نقش ہیں اور رہیں گے۔
صاحبو! بعضے بعض لوگ زمین نامی اس سیارے پر محض اپنی ذات ہی لے کر نہیں آتے، اپنے ساتھ ایک پورا عہد، ایک تہذیب، ایک رنگارنگ محفل اور زندگی کے کتنے ہی رنگ ڈھنگ لے کر آتے ہیں۔ بشریٰ انصاری بھی اُنہی خوش نصیب ہستیوں میں سے ہیں، جن کی شخصیت میں اداکاری کی چابک دستی، مزاح کی شگفتگی، موسیقی کی نغمہ ریزی اور قلم کی جولانی ایک ساتھ جلوہ گر ہیں۔ وہ پاکستانی اداکارہ، مزاح نگار، گلوکارہ اور ڈراما نویس ہیں، جنہوں نے پنجابی اور اردو فن وادب کی دنیا میں اپنی ایک منفرد شناخت قائم کی۔
ان کا فن کسی ایک دائرے میں محصور نہیں؛ وہ جس میدان میں اتریں، اپنی موجودگی کا احساس دلایا اور اپنے مخصوص انداز سے اُسے ایک نئی دل کشی عطا کی۔ بشریٰ آپا کی زندگی کی داستان نہایت دل چسپ ہے کہ کیسے ایک ننّھے سے بیج نے اداکاری کے ایک تناور درخت کا رُوپ اختیار کیا۔
اُن کا اصل نام بشریٰ بشیر ہے، 20 جولائی 1956 ء کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ ان کا تعلق ایک ایسے گھرانے سے ہے، جہاں فن، ادب اور تہذیب سے شناسائی محض اتفاق نہیں بلکہ زندگی کا ایک حصّہ معلوم ہوتی ہے۔ ان کے والد احمد بشیر تھے، اہلِ خانہ میں پروین عاطف (پھپھو)، مسرت نذیر (چاچی، والد کے فرسٹ کزن کی اہلیہ) نیلم بشیر، اسماء عباس اور سنبل شاہد (سگی بہنیں) کے نام شامل ہیں، جب کہ زارا نورعباس اُن کی بھانجی اور اسد صدیقی بھانجی کے شوہر ہیں۔
ان کی فنی زندگی کا آغاز اس زمانےمیں ہوا، جب ابھی بچپن کی معصومیت نے پوری طرح جوانی کی دہلیز پر قدم بھی نہ رکھا تھا۔ 1960 ء کی دہائی میں بطور چائلڈ ایکٹر سفر کا آغاز کیا اور یہی وہ ابتدا تھی، جس نے آگے چل کر ایک طویل، رنگارنگ اور کام یاب فنی زندگی کی صُورت اختیار کرلی۔
فنونِ لطیفہ میں اعلیٰ تعلیم کے لیے راول پنڈی سے بیچلرز آف فائن آرٹس کی ڈگری حاصل کی۔ یوں ان کی شخصیت میں فطری صلاحیت کے ساتھ فن کی باقاعدہ تعلیم کا رنگ بھی شامل ہوا۔ ان کی اداکاری کا پہلا تجربہ اقبال انصاری کی ایک پیش کش میں سامنے آیا۔ بعد ازاں وہ پاکستان ٹیلی وژن کےاُن مقبول پروگرامز کاحصّہ بنیں، جنہوں نے اپنے زمانے میں ناظرین کے دِلوں پر گہرا نقش چھوڑا۔ ’’آنگن ٹیڑھا‘‘، ’’شو ٹائم‘‘، ’’شو شا‘‘، ’’رنگ ترنگ‘‘، ’’ایمرجنسی وارڈ‘‘ اور ’’ففٹی ففٹی‘‘ اُن کے نمایاں کاموں میں شامل ہیں۔
ان پروگرامز میں ان کی اداکاری کے مختلف رنگ دیکھنے کو ملے؛ کہیں مزاح کی برجستگی، کہیں کردار کی نزاکت، کہیں مکالمے کی ادائیگی میں ایسی شگفتگی کہ بات ختم ہوجانے کے بعد بھی اس کا لُطف دیر تک باقی رہے۔ بشریٰ انصاری کی یہ خوبی ہے کہ انہوں نے مزاح کو محض ہنسنے ہنسانے کا وسیلہ نہیں بنایا بلکہ اسے اپنے فن کا ایک مستقل اسلوب عطا کیا۔ ان کی اداکاری میں برجستگی بھی ہے اور موقع شناسی بھی۔ وہ کردار کا مزاج سمجھ کر اُس میں ایسی جان ڈالتی ہیں کہ دیکھنے والا اداکارہ کو بھول کر کردارسے ہم کلام ہونے لگتا ہے۔
جیسا کہ 2016ء میں ڈراما سیریل ’’اُڈاری‘‘ میں ایک خانہ بدوش عورت کا کردار کہ جسے اکیڈمیز کے سلیبس کا حصّہ بنایا جاسکتا ہے۔ پھر ’’ڈولی کی آئے گی بارات‘‘ میں’’صائمہ چوہدری‘‘ اور ڈراما ’’بلقیس کور‘‘ میں ’’بلقیس بھٹی عرف بلّو‘‘ جیسے لازوال کردار کون فراموش کر سکتا ہے، جب کہ2022 ء میں مقبول رومانی ڈراما سیریل ’’تیرے بِن‘‘ میں ماں بیگم کا کردار ادا کیا، جسے ناظرین کی جانب سے بےحد پذیرائی حاصل ہوئی۔ گرچہ یہ کردار اُن کےفنی سفر کے نمایاں پڑاؤ تھے، لیکن اُن کی فنی استعداد کا دائرہ اداکاری تک محدود نہیں رہا؛ گلوکاری اور ڈراما نویسی میں بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔
بشریٰ آپا کی نجی زندگی میں بھی کئی اہم موڑ آئے۔ 1978 ء میں ان کی شادی پروڈیوسر، ہدایت کار اقبال انصاری سے ہوئی۔ اس ازدواجی رشتے سے ان کی دو بیٹیاں، میرا انصاری اور نریمان انصاری ہیں۔ میرا انصاری کراچی میں پیدا ہوئیں اور اب امریکا میں مقیم ہیں۔ زندگی اپنے ساتھ خوشیوں اور آزمائشوں کے کتنے ہی رنگ لاتی ہےاور انسان ان سب کے درمیان اپنا سفر جاری رکھتا ہے۔
بشریٰ انصاری کی زندگی کے یہ گوشے ان کی فنی زندگی سے الگ ایک نجی داستان کے باب ہیں، جن کا ذکر ان کے تعارف کو مکمل کرتا ہے۔ بشریٰ آپا کی طویل فنی خدمات کو مختلف ادوار میں سرکاری اور ادبی و ثقافتی سطح پر تسلیم کیا گیا۔
ان کے حصّے میں آنے والے اعزازات محض تمغے نہیں بلکہ اس مسلسل محنت اور تخلیقی ریاضت کا اعتراف ہیں، جس نے انہیں پاکستانی فنونِ لطیفہ کی نمایاں شخصیات میں شامل کیا۔1984 ء میں ڈراما ’’آنگن ٹیڑھا‘‘ میں بہترین اداکاری پر انہیں نگار ایوارڈ سے نوازا گیا۔ 1986 ء میں چھٹے پی ٹی وی ایوارڈز میں بہترین اداکارہ کا اعزاز حاصل کیا۔ پھر 1989 ء میں حکومتِ پاکستان نے فنونِ لطیفہ کے لیے اُن کی خدمات کے اعتراف میں انہیں صدرِ پاکستان کی جانب سے تمغۂ حُسنِ کارکردگی (پرائیڈ آف پرفارمینس) عطا کیا۔
بعدازاں HUM ویمن لیڈر ایوارڈز میں انہیں پاکستان کی نام وَر اور مثالی خواتین میں شمار کرتے ہوئے اعزاز سے نوازا گیا۔ 23مارچ 2021 ء کو یومِ پاکستان کے موقعے پر فنونِ لطیفہ کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں صدرِ پاکستان نے انہیں ستارۂ امتیاز عطا کیا۔ یہ اعزازات ایک ایسی فن کارہ کی طویل جدوجہد اور کام یابیوں کی گواہی دیتے ہیں، جس نے بچپن میں اپنے فنی سفر کا آغاز کیا اور وقت کےساتھ اپنی صلاحیتوں کے کئی دریچے وا کیے۔
بشریٰ آپا کی شخصیت کا سب سے نمایاں وصف ان کی ہمہ جہتی ہے۔ وہ ایک ہی وقت میں اداکارہ بھی ہیں، مزاح نگار بھی، گلوکارہ بھی اور قلم کار بھی۔ ان کا فنی سفر 1965 ء سے جاری ہے اور نصف صدی سے زیادہ عرصے پر محیط اس سفر میں انہوں نے پاکستانی ٹیلی وژن اور فنونِ لطیفہ کے مختلف شعبوں میں اپنی جگہ بنائی ہے۔
ان کے نام کے ساتھ پرائیڈ آف پرفارمینس اور ستارۂ امتیاز جیسے اعزازات وابستہ ہیں، مگر ان کی شناخت کا اصل حوالہ وہ طویل فنی سفر ہے، جس میں انہوں نے اپنے لیے کئی راستے منتخب کیے، کئی کرداروں کو زندگی بخشی اور اپنے فن کے مختلف رنگوں سے ناظرین کو روشناس کروایا۔ ان کے ساتھ ایک عجیب معاملہ ہے کہ انہیں دیکھتے ہوئے ناظر صرف سامنے پیش کیے جانے والے منظر سے محظوظ نہیں ہوتا، بلکہ اس کے اندر اپنی زندگی کے کتنے ہی بھولے بسرے دریچے کُھلنے لگتے ہیں۔
کبھی کسی بچھڑے ہوئے رشتے کی یاد، کبھی گھر کے کسی خوش مزاج فرد کا تصور، کبھی کسی پرانی محفل کی بازگشت اور کبھی کسی ایسے لمحے کی واپسی، جس کی قدر اس کے گزر جانے کے بعد معلوم ہوئی۔ ان کی فنی شخصیت کا ایک نہایت دل چسپ پہلو یہ بھی ہے کہ وہ انسانی فطرت کے تضادات بڑی خُوب صُورتی سے سمجھتی ہیں۔ انہیں معلوم ہے کہ آدمی ہمیشہ وہ نہیں ہوتا، جو وہ دکھائی دیتا ہے۔
اس کے چہرے پر سنجیدگی کی تہہ ہوسکتی ہے مگر اندر کوئی شوخ بچّہ قہقہے لگا رہا ہوتا ہے۔ کوئی شخص بظاہر بےحد متین دکھائی دے سکتا ہے، مگر اس کے باطن میں شرارتوں کا ایک پورا بازار آباد ہوتا ہے۔ انسانی طبیعت کی یہی تہہ داری ان کے اظہار کو غیرمعمولی وسعت عطا کرتی ہے۔ وہ زندگی کو صرف اس کے ظاہری لباس میں نہیں دیکھتیں، اس کے اندر چُھپی چھوٹی چھوٹی وارداتوں تک رسائی حاصل کرتی ہیں۔
مزاح کے بارے میں ایک عام خیال یہ ہےکہ یہ سنجیدہ فنون کے مقابلےمیں نسبتاً آسان صنف ہے۔ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ کسی کو ہنسانا شاید زیادہ دشوار نہیں، لیکن کسی کے ذوق کو مجروح کیے بغیر، کسی کی عزتِ نفس کو ٹھیس پہنچائے بنا اور کسی کے ذہن پر بوجھ ڈالے بغیر خوشی کی ایک لطیف لہر پیدا کرنا غیرمعمولی ذہانت کا تقاضا کرتا ہے اور بشریٰ انصاری کے ہاں اس لطافت کا ایک خاص نظام موجود ہے۔
ان کا مزاح کسی پرطنز کے تیر برسانے کا محتاج نہیں۔ وہ انسانی کم زوریوں کو اس زاویے سے پیش کرتی ہیں کہ آدمی اپنی ہی ذات کا کوئی بھولا گوشہ یاد کرکے مُسکرا اٹھتا ہے۔ یہ مزاح دراصل انسان دوستی کی ایک صُورت ہے۔ ان کےفن میں ایک اور حیرت انگیز وصف تبدیلی کے ساتھ ہم آہنگ رہنے کی صلاحیت ہے۔ وقت اپنے ساتھ ذوق بدلتا ہے، زبان کے آہنگ تبدیل ہوتے ہیں، معاشرے کے رویے نئی صُورتیں اختیار کرتے ہیں اور ناظرین کی توقعات میں بھی مسلسل تغیّر آتا رہتا ہے۔
بہت سے فن کار اپنےعہد کے ساتھ ہی رخصت ہوجاتے ہیں، لیکن چند ایسے ہوتے ہیں، جو ہر نئے زمانے میں اپنے اظہار کے لیے کوئی نیا دریچہ تلاش کرلیتے ہیں۔ بشریٰ آپا کی تخلیقی زندگی میں یہی تسلسل قابلِ توجّہ ہے۔ وہ ماضی کی یادگاربن کررہ جانے پر اکتفا نہیں کرتیں، بلکہ حال کے ساتھ مکالمے کا حوصلہ بھی رکھتی ہیں۔ ان کے ہاں عُمرکا گزرنا تخلیقی امکانات کے خاتمے کا اعلان نہیں، بلکہ تجربے کی ایک نئی منزل ہے۔
اداکاری کا اصل کمال کسی دوسرے انسان کی نقل اتارنا نہیں، بلکہ اس کے اندر داخل ہوکر اس کی نفسیاتی دنیا کو سمجھنا ہوتا ہے۔ ایک اچھا فن کارکردار کا لباس، لہجہ اورحرکات اختیار کرتا ہے، لیکن ایک بڑا فن کار اس کی سوچ، محرومی، خواہش اور اس کے خوف کو بھی اپنے اندر محسوس کرنے لگتا ہے۔ بشریٰ انصاری کے فن میں اس داخلی تفہیم کی جھلک نمایاں دکھائی دیتی ہے۔ وہ کسی کردار کومحض اس کےظاہری خدوخال سے نہیں بناتیں بلکہ اس کےمزاج کی پوشیدہ ساخت بھی گرفت میں لاتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے پیش کردہ کردار ایک دوسرے سے مختلف دکھائی دیتےہیں۔
ان میں ایک ہی فن کارہ کے ہونے کے باوجود یک سانیت کا احساس غالب نہیں آتا، پھر ان کے لہجے کی موسیقیت بھی ان کی شخصیت کا ایک اہم جمالیاتی حوالہ ہے۔ آواز محض الفاظ کی ترسیل کاوسیلہ نہیں، یہ اپنے اندر ایک مکمل جذباتی جغرافیہ رکھتی ہے۔ کبھی اس میں شرارت کی چمک ہوتی ہے، کبھی محبت کی نرمی، کبھی حیرت کا ارتعاش اور کبھی کسی ایسی کیفیت کی گونج، جسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔
بشریٰ انصاری اپنی آواز کو اظہار کے مختلف امکانات کے لیے استعمال کرنا بخوبی جانتی ہیں۔ ان کے ہاں صوتی ادائیگی کا تنوّع محض تیکنیکی مہارت نہیں بلکہ باقاعدہ تخلیقی شعورکا مظہر ہے۔ وہ جانتی ہیں کہ کہاں لفظ کو کھل کر سانس لینے دینا ہے اور کہاں ایک معمولی سا توقف پورے جملے سے زیادہ معنی خیز ہوسکتا ہے۔ موسیقی سے ان کا تعلق بھی اسی ہمہ جہتی کا ایک دل کش مظہر ہے۔ گیت گانا اور گیت کی رُوح تک پہنچنا دو مختلف باتیں ہیں۔ پہلی صُورت میں آواز کام کرتی ہے، دوسری میں احساس اپنی زبان دریافت کرتا ہے۔
بشریٰ آپا کی آواز میں جب نغمگی کا عنصر ابھرتا ہے تو ان کی شخصیت کا ایک دوسرا جمالیاتی پہلو سامنے آتا ہے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان کے اندر جذبات کے اظہار کے لیے صرف مکالمے کا سہارا نہیں، دُھن اور لے کی دنیا بھی آباد ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ ان کی تخلیقی شخصیت کو کسی ایک عنوان کے تحت بیان کرنا ہمیشہ ناکافی محسوس ہوتا ہے۔ ایک فن کار کے لیے مشاہدے کی اہمیت وہی ہے، جو مصور کے لیے روشنی کی۔ روشنی کے بغیر رنگ اپنی شناخت کھو دیتے ہیں اور مشاہدے کے بغیر فن، زندگی سے اپنا تعلق برقرار نہیں رکھ سکتا۔
بشریٰ انصاری کے فن میں روزمرّہ زندگی کی باریکیاں ایک خاص اہمیت رکھتی ہیں۔ لوگوں کے بولنے کا انداز، ان کے ردِعمل، ان کی بےساختہ حرکات، ان کی چھوٹی چھوٹی خُود فریبیاں اوران کےمعمولی سے معمولی جذبات، یہ سب ایک حسّاس فن کار کے لیے خام مواد کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کے ہاں انسانی رویوں کی یہ پہچان محسوس ہوتی ہے۔ وہ جانتی ہیں کہ زندگی کا بڑا المیہ اکثر کسی چھوٹے سے واقعے میں پوشیدہ ہوتا ہے اور کبھی ایک معمولی سی بات پورے ماحول کو مسکراہٹ سے بھر دیتی ہے۔
صاحبو! مجھے یوں لگتا ہے کہ پاکستان میں جب بھی اداکاری کی تاریخ مرتب ہوگی، تو بُشریٰ انصاری اُن چند چیدہ شخصیات میں ہوں گی کہ جو اداکاری و صداکاری کے میدان میں ہر جگہ صفِ اوّل میں نظر آئیں گی۔
(خاکہ نگار اسلام آباد میں تعینات سینئر بیوروکریٹ، نہایت مقبول شاعر اور بہترین کالم نگار ہیں)