• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمعے کا مبارک دن تھا، سورج اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ چمک رہا تھا، مگر فضا میں نومبر کی ہلکی سی خنکی کا احساس بھی موجود تھا۔ عاصم جامع مسجد سے نمازِ جمعہ ادا کر کے گھر پہنچا تو ذہن میں صرف ایک ہی خیال تھا کہ کھانا کھا کر تھوڑی دیر قیلولہ کرے گا تاکہ ہفتے بھر کی تھکن اتار سکے۔ جمعے کے روز ہی وہ غلہ منڈی کی دکان سےچُھٹی کرتا تھا۔ مگر ابھی وہ گھر میں داخل ہوا ہی تھا کہ باورچی خانے سے شمائلہ کی آواز آئی۔

’’عاصم! ذرا سُنیے گا، سالن تو بن گیا ہے مگر پراٹھوں کے لیے آئل بالکل ختم ہوگیا ہے۔ صُبح بچّوں نے اسکول جانا ہے اوررات کے کھانے کے لیے بھی ضرورت پڑے گی، ذرا لا دیں پلیز…‘‘ عاصم کے چہرے پر ناگواری کے تاثرات ابھر آئے۔ وہ ایک منضبط انسان تھا اور اسے گھریلو معاملات میں بے ترتیبی سخت ناپسند تھی۔

’’شمائلہ! مَیں نے کتنی بار کہا ہے کہ گھر کی گروسری، آئل، گھی، پتّی جب ختم ہونے والے ہوں، تب ہی بتا دیا کرو۔ یہ عین وقت پر اس طرح ایمرجینسی نافذ کرنا مجھے سخت برا لگتا ہے؟‘‘عاصم کا لہجہ تلخ ہوگیا تھا۔ شمائلہ جو باورچی خانے میں برتن سمیٹ رہی تھی، باہر آئی اور دھیمے لہجے میں بولی۔ ’’مَیں نے تو کل شام ہی آپ کو بتانا تھا، مگر مہمان آ گئے اور پھر ذہن سے نکل گیا۔ اب ختم ہوگیا ہے تو ظاہر ہے، لانا ہی پڑے گا۔‘‘

مگر عاصم کا غصّہ زیادہ ٹھنڈا نہیں ہوا تھا۔ ’’یہ روز کا معمول بن گیا ہے۔ مَیں ہر مہینے کا سودا سلف پہلے ہفتے میں پورا لا کر دیتا ہوں تاکہ بار بار بازار کے چکر نہ کاٹنے پڑیں، لیکن ایسا ہر ہفتے ہی ہوتا ہے۔ صُبح سبزی لاتے وقت بتا دیا ہوتا۔ اب دوبارہ بازار جاؤں؟‘‘ شمائلہ خاموش ہوگئی، کیوں کہ وہ جانتی تھی کہ اس وقت بحث کا کوئی فائدہ نہیں۔

عاصم نے غصّے سے میز پر پڑی موٹر سائیکل کی چابی اٹھائی اور بڑبڑاتے ہوئے باہر نکل گیا۔ اُسے غصّہ اس بات پر بھی تھا کہ اس کی کچھ دیر آرام کرنے کی ساری منصوبہ بندی دھری کی دھری رہ گئی تھی۔ عاصم نے موٹر سائیکل اسٹارٹ کی اور کالج روڈ کی طرف نکل گیا۔ وہ عام طور پر ’’الحمرا کارنر‘‘ سے خریداری کرتا تھا، کیوں کہ وہاں کے مالک فرخ صاحب ایک ایمان دار، ملنسار شخص تھے۔

جب وہ دکان کے سامنے پہنچا تو دیکھا کہ دکان کا شٹر گرا ہوا ہے اور بڑا سا تالا لٹک رہا ہے۔ اُس نے گھڑی دیکھی، پونے تین بج رہے تھے۔ ’’یقیناً دکان جمعےکی وجہ سے بند ہے۔‘‘ اس نے خُود کلامی کی۔ ’’اگر دکان کُھلی ہوتی تو آئل یہیں سے خرید لیتا۔ کہتے ہیں، ہر ایک کا رزق اللہ نے اس کے مقدر میں لکھ دیا ہے اور وہ اُسے پا کر رہتا ہے۔ شاید آج فرخ صاحب کی بجائے کسی اور کے مقدر میں ہوگا۔‘‘

اس سوچ کے ساتھ اس نے موٹرسائیکل کا رُخ سی بلاک کی طرف موڑ دیا، جہاں ’’الحبیب سُپر اسٹور‘‘ واقع تھا۔ یہ شہر کا ایک بڑا اسٹور تھا، جہاں ہر وقت گاہکوں کا تانتا بندھا رہتا تھا۔ خوش قسمتی سے اسٹور کھلا تھا۔ عاصم نے موٹر سائیکل ایک طرف کھڑی کی اور اندر داخل ہوا۔ آج اسٹور میں وہ چہل پہل نہیں تھی، جو عام دنوں میں ہوتی تھی۔ کاؤنٹر پر صرف دو ملازم بیٹھے تھے۔ عاصم نے سوچا۔’’شاید باقی لوگ نماز اور کھانے کے لیے گئے ہوں گے۔‘‘

وہ سیدھا اُس ریک کی طرف گیا، جہاں مختلف برانڈز کے کوکنگ آئل رکھے تھے۔مطلوبہ کمپنی کے آئل کے بڑے پیکٹ نظر تو آئے مگر ان کی پیکنگ کچھ بدلی بدلی سی تھی۔ عاصم نے ایک پیکٹ اٹھا کر غور سے دیکھا۔ ’’نام تو وہی ہے، مگر رنگ اور ڈیزائن مختلف ہے۔ کہیں یہ دو نمبر تو نہیں؟ یا شاید کمپنی نے پیکنگ بدل دی ہو؟‘‘ اُس کے ذہن میں وسوسے آنے لگے۔

وہ اس معاملے میں انتہائی محتاط تھا اور یہ بھی ڈر تھا، کہیں کوئی غلط چیز گھر لے گیا تو دوبارہ چکر لگانا پڑے گا۔ ’’بھائی! کیا یہ وہی آئل ہے؟‘‘ اُس نے کاؤنٹر پر بیٹھے لڑکے سے پوچھا۔ لڑکے نے لاپروائی سے جواب دیا۔’’سر! جو سامنے پڑا ہے، وہی ہے۔ ہمیں نہیں پتا، پیکنگ کب بدلی۔‘‘ اس جواب نے عاصم کو مزید تذبذب میں ڈال دیا۔ اُس نے خریداری کا ارادہ ترک کرکے پیکٹ واپس رکھ دیا۔ ’’بہتر ہے، الحمرا کارنر ہی دوبارہ چکر لگا لوں، شاید اب تک کُھل گیا ہو۔‘‘وہ دوبارہ موٹر سائیکل پر بیٹھا اور کالج روڈ کی طرف روانہ ہوا۔

جب وہ الحمرا کارنر پہنچا تو دیکھا کہ دکان کھلی تھی یعنی فرخ صاحب نماز پڑھ کر واپس آگئے تھے۔ عاصم دکان میں داخل ہوا تو وہاں ابھی کوئی اور گاہک موجود نہ تھا۔ ’’السلام علیکم فرخ صاحب! آئل چاہیے تھا۔‘‘عاصم نےکہا۔ ’’وعلیکم السلام عاصم صاحب! جی بالکل، وہ سامنے والے ریک پر رکھے ہیں، اُٹھا لیجیے۔‘‘ فرخ صاحب نے مُسکراتے ہوئے اشارہ کیا۔ عاصم ریک کے پاس گیا تو ٹھٹک کر رہ گیا۔ وہاں بھی وہی نئی پیکنگ والے پیکٹ ہی پڑے تھے، جو وہ ابھی الحبیب سُپر اسٹور پر دیکھے تھے۔

اس نے ایک پیکٹ اٹھایا اور فرخ صاحب کو آواز دی۔ ’’بھائی جی! ذرا ادھر آئیے گا۔ یہ وہ آئل تو نہیں ہے، جو مَیں ہر ماہ لے کرجاتا ہوں۔ اس کی پیکنگ بدل گئی ہےکیا؟‘‘ فرخ صاحب قریب آئے اور بڑے اطمینان سے بولے۔ ’’آپ پریشان نہ ہوں، یہ وہی آئل ہے۔ کمپنی نے اپنی برانڈنگ تبدیل کی ہے تاکہ نقل سے بچا جا سکے۔ معیار وہی ہے، صرف پیکنگ نئی ہے۔ یہ دیکھیے، یہاں کمپنی کی نئی مہر بھی لگی ہے۔‘‘ عاصم کو اب اطمینان ہوا۔

اُس نے پیسے ادا کیے اور فرخ صاحب سے گپ شپ کرنے لگا۔ ’’فرخ صاحب! آپ جمعے کے وقت دکان کافی دیر بند رکھتے ہیں، اس دوران کتنے ہی گاہک واپس چلے جاتے ہوں گے۔‘‘ عاصم نے اپنا مشاہدہ بیان کیا۔ مگر، فرخ صاحب نے دراز سے بقایا پیسے نکالتے ہوئے ایسی بات کہی، جو عاصم کے دل میں اتر گئی۔ ’’عاصم صاحب! رزق کا وعدہ تو اللہ نے کیا ہے۔ جو میرے نصیب میں ہے۔ وہ مجھے مل کر ہی رہنا ہے۔ دکان بند ہو یا کُھلی، اگر اللہ نے میرے لیے لکھا ہے تو گاہک کہیں نہیں جائے گا۔‘‘ عاصم کے ذہن میں بجلی سی کوند گئی۔ اس نے بے اختیار کہا۔ ’’جی فرخ صاحب! آپ بالکل صحیح کہہ رہے ہیں۔‘‘

عاصم دکان سے باہر نکلا تو اس کا دل اللہ کی حکمت پر حیران تھا۔ وہ جو تھوڑی دیر پہلے دکان بند دیکھ کر یہ سوچ رہا تھا کہ ’’اگر دکان کھلی ہوتی تو رزق اس کا مقدر ہوتا۔‘‘ بھول گیا تھا کہ رزق دکان کے کھلے ہونے کا محتاج نہیں، اللہ کے حکم کا محتاج ہے۔ رزق کے پیچھے بھاگنے کے بجائے رزق دینے والے رازق سے تعلق مضبوط کریں، تو رزق تو ہمارا پتا خود ڈھونڈ لیتا ہے۔

سنڈے میگزین سے مزید