اُردو زبان محض ابلاغ اور رابطےکا ایک ذریعہ ہی نہیں، برِعظیم بالخصوص پاکستانی معاشرے کی تہذیبی وسماجی رُوح کی حقیقی عکّاس ہے۔ ہر زندہ زبان ایک رواں دواں چشمے کی مانند ہوتی ہے، جو وقت کے نشیب و فراز، تہذیبی میلانات اور بدلتے ہوئے تقاضوں کے ساتھ اپنا راستہ خُود بناتی ہے۔
تاریخی اور لسانی حقائق اس بات کے گواہ ہیں کہ اُردو ایک انتہائی لچک دار اور کثیرالجہت زبان ہے، جو مختلف تہذیبوں کے تاروپود سے بنی ہے۔ لیکن المیہ یہ ہے کہ جس لچک اور وسعت نے اُردو کو دنیا کی غنی ترین زبان بنایا، پاکستانی معاشرے کا ایک مخصوص طبقہ اسی لچک کو اس کی کم زوری یا بگاڑ سمجھتا ہے۔
زبان کا کوئی بھی لفظ اپنے آپ میں منجمد نہیں ہوتا۔ اس کا فصیح یا غیر فصیح ہونا کسی پرانی لغت کی مُہرزدہ سند کا محتاج نہیں، بلکہ اس کا براہِ راست تعلق زمانے کے حالات اور بولنے والوں کے اجتماعی شعور سے ہوتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ ہر زندہ زبان ہر پچیس سال کے بعد ایک نئی انگڑائی لیتی ہے، اپنی پرانی کھال اتار پھینکتی ہے اور نئے دَور کے فکری و مادی سانچوں میں ڈھل جاتی ہے۔
اگر لفظوں اور محاوروں کو وقت کی گردش کے ساتھ بدلنے کی اجازت نہ دی جائے، تو زبان زندہ رہنے کے بجائے ایک مُردہ عجائب گھر بن کر رہ جاتی ہے۔ معروف ماہرِ لسانیات ڈاکٹر شوکت سبزواری نے اپنی شہرۂ آفاق تصنیف ’’اُردو لسانیات‘‘ میں نہایت خوب صورت نکتہ اٹھایا ہے: ’’زبان کا ارتقاء دریا کے بہاؤ کی طرح ہے۔ راستے میں آنے والی چٹانیں یا رکاوٹیں اس کا رستہ تو بدل سکتی ہیں لیکن اس کا سفر روک نہیں سکتیں۔‘‘
زبانوں کے اس ارتقائی اور لچک دار مزاج کو سمجھنے کے لیے اگر ہم عالمی سطح پر نگاہ ڈالیں، تو بین الاقوامی نشریاتی اداروں کے طرزِ عمل سے ایک روشن مثال ملتی ہے۔ دنیا بھر میں نشریاتی ابلاغ اور زبان کے معیار کا جائزہ لیں تو برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کا کردار لسانی توازن کی تاریخ میں خاص اہمیت رکھتا ہے۔
بی بی سی کی نشریات میں جس انگریزی لہجے کو ایک طویل عرصے تک کلیدی اہمیت حاصل رہی، اسے (Received Pronunciation) یا مختصراً ’’RP‘‘ کہا جاتا ہے۔ برطانوی معاشرے میں اسے ایک طویل عرصے تک شائستہ، معیاری اور باوقار زبان کا درجہ حاصل رہا ہے۔ یہاں لفظ ’’Received‘‘ کا مطلب عام فہم میں ’’قبول شدہ‘‘ یا معاشرے کے شائستہ طبقے کی طرف سے تسلیم شدہ معیار ہے۔
بیسویں صدی کے آغاز میں جب بی بی سی نے نشریاتی دنیا میں قدم رکھا، تو خبروں اور نشریات کے لیے اسی لہجے کو اوڑھنا بچھونا بنایا۔ یہی وجہ ہے کہ اسے ’’ BBC English‘‘ بھی کہا جانے لگا۔ عوامی اورعلمی حلقوں میں اسے ’’King's/Queen's English‘‘ یا ’’Oxford English‘‘ کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔ اس اسلوب کی چند امتیازی خصوصیات درج ذیل تھیں:
حرف ’’R‘‘ کا اخفاء: اس اسلوب کی ایک بڑی پہچان یہ ہے کہ لفظ کے آخر میں یا کسی حرفِ صحیح سے پہلے آنے والے ’’R‘‘ کی آواز گونجتی نہیں ہے۔ مثلاً ’’Car‘‘ یا ’’Water‘‘ میں آخر کا ’’R‘‘ خاموش رہتا ہے۔
واضح تلفّظ: الفاظ کےآغازمیں آنےوالے’’H‘‘کی آواز پورے احترام اور وضاحت کے ساتھ ادا کی جاتی ہے، جیسے ’’House‘‘ یا ’’History‘‘ میں اس کی پوری ادائی ہوتی ہے۔
صوت و آہنگ کا توازن : تلفّظ کا یہ نظام انتہائی نپا تُلا ہوتا ہے، جہاں الفاظ کی ادائی میں ایک خاص روانی اور ٹھہراؤ پایا جاتا ہے۔
برطانیہ میں روایتی طور پر اس لہجے کو عمدہ تعلیم، اعلیٰ تربیت اور نفاست کی علامت سمجھا جاتا رہا ہے۔ اس کا تعلق کسی ایک خاص علاقے یا خطےسےنہیں ہے، بلکہ یہ مُلک بھر میں یک ساں طور پر سمجھا جاتا ہے۔ اسی افادیت کے پیشِ نظر دنیا بھر میں برطانوی انگریزی سکھانے کے لیے اسی معیار کو بنیاد بنایا گیا۔ تاہم، کوئی بھی زندہ زبان اور اسلوب وقت کے دھارے سے کٹ کر نہیں رہ سکتا۔
معاشرتی جمود کے برعکس زبان ایک متحرک دریا کی مانند ہے، جو نئے رجحانات اور عوامی سطح پر ابھرنے والی تبدیلیوں کو اپنے اندر جذب کرتی چلی جاتی ہے۔ ماضی کا وہ سخت گیر اور روایتی RP اب کافی حد تک نرم پڑ چُکا ہے۔
آج کے دَور کا میڈیا اور بی بی سی خود ایک زیادہ لچک دار اور جدید اسلوب اختیار کرچُکے ہیں، جسے ’’Contemporary RP‘‘ کہا جاتا ہے، جس میں اب مقامی رنگ اور ہلکی پھلکی علاقائی جھلکیاں بھی بخوشی قبول کی جاتی ہیں۔ بی بی سی کا یہ ارتقائی سفر اس حقیقت کا غمّاز ہے کہ دنیا کے مستند ترین ادارے بھی زمانے کی رفتار کے آگے جُھکتے اور جامد اصولوں کو ترک کر کے لچک کو اپناتے ہیں۔
’’لکیر کی فقیری‘‘ اور پاکستانی معاشرہ : بدقسمتی سے، جب ہم اپنے تعلیمی اداروں اور ادبی حلقوں کا رُخ کرتے ہیں، تو وہاں صورتِ حال اس کے برعکس نظر آتی ہے۔ ہمارے ہاں ایک ایسا طبقہ موجود ہے، جو زبان کو ایک جامد وَرثہ سمجھتا ہے، جسے میوزیم کی طرح محفوظ کیا جانا چاہیے۔ یہ طبقہ انگریزی یا علاقائی زبانوں (پنجابی، سندھی، پشتو، بلوچی، سرائیکی) کے اثرات قبول کرنے سے انکاری ہے۔
معروف ماہرِ لسانیات اور محقّق ڈاکٹر عبادت بریلوی نے اپنی تحریروں میں اسی حقیقت کو اجاگر کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ: ’’زبانیں کسی تنہائی میں پروان نہیں چاہتیں بلکہ سماجی عوامل اور ثقافتی میل جول ان کا خمیر تیار کرتے ہیں۔‘‘ اس کے باوجود، جب پاکستانی معاشرے کے روایتی مربی انگریزی یا مقامی بولیوں کے نئے الفاظ (جیسے’’بجلی کابل‘‘ ، ’’پولیس اسٹیشن‘‘یادیگر تیکنیکی اصطلاحات) کو اُردو میں جذب کرنے پر ناک بھوں چڑھاتے ہیں، تو وہ دراصل ایک تنگ نظر لسانی تعصب کا شکار ہوتے ہیں۔
برِعظیم میں اُردو کے سب سے بڑے مربی اور محسن بابائے اُردو، مولوی عبد الحق کو اکثر رجعت پسند عناصر اپنے حق میں پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں، حالاں کہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ مولوی عبد الحق نے ہمیشہ زبان کا حُسن برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ اس کے عملی وعصری تقاضوں کو بھی تسلیم کیا۔
ان کا پختہ موقف تھا کہ زبان کو عوام کے قریب ہونا چاہیے، نہ کہ چند درباروں یا خانقاہوں تک محدود۔ ان کی معروف کتاب ’’اُردو کی ابتدائی نشوونما میں صوفیائے کرام کا کام‘‘ اس بات کی گواہ ہے کہ اُردو نے ہمیشہ عوام کی زبان بن کر ہی ترقی کی ہے، خواص کے فتاویٰ سے نہیں۔
فکری جمود اور زبان کا تخلیقی مزاج: پاکستانی معاشرے میں فکری جمود اور لسانی جمود کا گہرا باہمی رشتہ ہے۔ ماہرینِ عُمرانیات اس نکتے پر متفق ہیں کہ جو معاشرہ اپنے روایتی خول سے باہر نکلنے سے ڈرتا ہے، وہ اپنی زبان میں بھی تبدیلی برداشت نہیں کرتا، مگر آج کے دَور کے وہ نام نہاد ’’علامہ‘‘ اور’’ادبی ٹھیکےدار‘‘ جنہیں زبان کی پاس داری کا سودا سمایا ہوا ہے، یہ بنیادی حقیقت ہضم کرنے پر آمادہ نہیں۔
وہ لغت کے اوراق کو پتھر پر لکیر سمجھتے ہیں اور یہ ماننے سے انکاری ہیں کہ زمانے کی رفتار کے ساتھ اظہار کے نئے زاویے اور نئے اسالیب جنم لیتے ہیں۔ پاکستانی معاشرے کے یہ خُود ساختہ مربّی، زبان کو مصنوعی رکاوٹوں میں جکڑنا چاہتے ہیں، جب کہ عام آدمی، صحافی، اور تخلیق کار روزمرّہ زندگی میں نئے الفاظ ایجاد کر کے زبان کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔
ماہرینِ لسانیات کا اصل کام زبان کو قید کرنا نہیں، اسے قدرت کے اصولوں کے مطابق پھلنے پُھولنے میں مدد دینا ہے۔ جب تک ہم اس ’’لکیر کی فقیری‘‘ سے جان نہیں چھڑوائیں گے، زبان کے تخلیقی مزاج کو تسلیم نہیں کریں گے، ہم اُردو کو ایک عصری اور توانا زبان کے طور پر آگے بڑھانے میں ناکام رہیں گے۔ اُردو کو واقعی زندہ رکھنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ اِسے زمانۂ حال کے تمام تقاضوں کے مطابق سانس لینے کی مکمل آزادی دی جائے۔