ماہرینِ اقتصادیات کے مطابق، ’’غُربت کا مطلب یہ ہے کہ لوگوں کے پاس اتنی رقم نہ ہوکہ وہ مَن پسند، معیاری اشیائے خورونوش، ملبوسات اور جوتے وغیرہ خریدنے کے ساتھ تعلیم اور علاج معالجے کی معیاری سہولتیں بھی حاصل کرسکیں۔‘‘ مفلسی کی اس تعریف کو اگر پاکستان کی موجودہ صُورتِ حال پر منطبق کیا جائے، تو مُلک کی نصف سے زائد آبادی غُربت کی شکار دکھائی دیتی ہے۔
اس صُورتِ حال کی نشان دہی چند ہفتے قبل ورلڈ بینک نے اپنی ایک رپورٹ میں بھی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستانی شہری قوّتِ خرید کم ہونے کے باعث غیرمعیاری، ناقص اشیاء خریدنے پر مجبور ہیں، جس کے نتیجے میں پورے معاشرے پر تباہ کُن اثرات مرتّب ہورہے ہیں۔
غیرمعیاری اشیاء کے استعمال کے سبب پاکستانی شہریوں کا رہن سہن، صحت، تعلیم، ملازمت، باہمی تعلقات، آمدورفت الغرض زندگی کا کوئی بھی گوشہ منفی اثرات سے محفوظ نہیں۔ اس کااندازہ ذیل میں بیان کیے جانے والے مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے حالاتِ زندگی سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔
پاکستان ریلویز کا ایک ٹیکنیشن شام، پانچ بجے ڈیوٹی سے واپس آجاتا ہے لیکن روزانہ نمازِ مغرب کے بعد دوبارہ سائیکل پر ورک شاپ کے قریب واقع بازار کا رُخ کرتا ہے کہ اُس وقت تک تازہ ومعیاری سبزیاں، پَھل وغیرہ فروخت ہو چُکے ہوتے ہیں اور ٹھیلوں پرصرف ناقص، گلی سڑی اور مرجھائی سبزیاں موجود ہوتی ہیں، جب کہ پھلوں کی حالت بھی ناگفتہ ہوتی ہے، لیکن اُس مزدور کو شام کے وقت مارکیٹ جانے کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ اُسے سبزیاں، پَھل نصف قیمت پر مل جاتے ہیں، کیوں کہ وہ اپنی محدود آمدنی سے صُبح سویرے تازہ سبزی، پَھل منہگے داموں خریدنے کا متحمل نہیں۔ وہ برسوں سے سَستے داموں ملنے والی سبزی اور پھل ہی سے اپنا اور اپنے اہلِ خانہ کا پیٹ پال رہا ہے۔
ایک آئی ٹی کمپنی میں مناسب تن خواہ پر خدمات انجام دینے والا سافٹ ویئر انجینئر کئی برسوں سے ایک معیاری تعلیمی ادارے میں زیرِتعلیم اپنے تین بچّوں کے تعلیمی اخراجات برداشت کررہا تھا لیکن منہگائی میں ہوش رُبا اضافے سے اس کا گھریلو بجٹ درہم برہم ہو کر رہ گیا، جب کہ اسکول انتظامیہ آئے دِن فیسزمیں اضافے کے علاوہ مختلف حیلے بہانوں سےوالدین کی جیبوں پرڈاکے ڈالتی ہے۔
اخراجات میں اضافے کے سبب جب وہ مسلسل تین ماہ تک بچّوں کی فیس ادا نہ کرسکا، تو ٹیچر نے بچّوں کو کلاس میں کھڑا رکھنے کا سلسلہ شروع کردیا۔ نتیجتاً، اُس نے اپنے بچّوں کو اُس بڑے اور معیاری اسکول سے نکلوا کر محلّےکے ایک اسکول میں داخل کروا دیا۔ یہ اسکول پانچ مرلے پر محیط ہے، جس میں کھیل کا میدان بھی نہیں ہے۔
ٹیچرز کی تعلیم بھی واجبی سی ہے اور بچّوں کو ٹھنڈا، صاف پانی بھی میسر نہیں لیکن سب کچھ جانتے بوجھتے ہوئےبھی وہ بچّوں کو اسی اسکول میں تعلیم دلوانے پر مجبور ہے، کیوں کہ اُس کی محدود آمدنی کسی معیاری اسکول کی فیس کا بوجھ نہیں اُٹھا سکتی۔ وہ اس اسکول کے تدریسی معیارسے مطمئن نہیں، اُس کے بچّے بھی ناخوش ہیں لیکن شدید افراطِ زر سے جنم لینے والی تنگ دستی کے سبب وہ یہ کڑوا گھونٹ پینے پر مجبور ہے۔
اندرونِ شہر مُقیم اُردو بازار کے ایک درمیانے درجے کے دُکان دار کے مالی حالات کبھی ٹھیک تھے لیکن اب کاروبار مندی کا شکار ہے۔ نتیجتاً، وہ اپنے اخراجات میں کمی پر مجبور ہوگیا۔ منہگائی میں روز بروز اضافےکے بعد اُس نے گھر میں پَھل لانے کا سلسلہ ترک کردیا۔ چکّی کے دیسی آٹے کی بجائے سفید آٹے کا استعمال شروع کردیااور موٹر سائیکل چھوڑ کے دُکان پر پیدل جانے لگا۔
اسی دوران اس کا9 سالہ بیٹا ہیپاٹائٹس کا شکار ہوگیا۔ اسپیشلسٹ کی فیس 5 ہزار روپے تھی، جس کی ادائی کی جیب اجازت نہیں دیتی تھی۔ مجبوراً وہ اُسے محلّے کے ایک ڈاکٹر کے پاس لے گیا، جو درحقیقت ڈسپنسر تھا۔ وہ اتائی بچّے کو لاحق مرض کی تشخیص نہ کرسکا، تین ماہ علاج کروانے کے باوجود بچّہ جاں بر نہ ہوسکا۔
دُکان دار جانتا تھا کہ اتائی اُس کے بچّے کا ٹھیک علاج نہیں کررہا لیکن وہ مجبور تھا، کیوں کہ کاروبار مندی کا شکار ہونے کے سبب وہ پہلے ہی لاکھوں روپے کا مقروض تھا۔ اُس نے بیٹے کی موت کو تقدیر کا لکھا سمجھ کر قبول کر لیا لیکن اُسے ان لوگوں کی قسمت پر رشک آتا ہے کہ جو اس قدر منہگائی کے عالم میں بھی اعلیٰ و معیاری اور انتہائی منہگے اسپتالوں کے اخراجات برداشت کرنے کے قابل ہیں۔
ایک پرائیویٹ یونی ورسٹی کا طالبِ علم چند ماہ قبل اپنی موٹرسائیکل پر یونی ورسٹی جاتا تھا لیکن پھر گھر کے مالی حالات خراب ہوگئے۔ اس کے والد کو فیکٹری مالک نے یہ کہہ کر ملازمت سے فارغ کر دیا کہ بجلی اور دیگر اخراجات میں اضافے کے باعث اب فیکٹری چلانا اُس کے بس کی بات نہیں رہی۔
والد کی نوکری چلی گئی، تو موٹرسائیکل بیچ کر اُسے اپنی سیمسٹر کی فیس ادا کرنا پڑی۔ اب وہ پبلک ٹرانس پورٹ پر دھکےکھانے پر مجبور ہے اور یونی ورسٹی میں آمدورفت پر اچّھا خاصا وقت ضائع ہونے اور تھکاوٹ کے سبب پہلے کی طرح اپنی پڑھائی پر بھرپور توجّہ دینے سے بھی قاصر ہے۔
آٹھ افراد پر مشتمل متوسّط طبقے کا ایک خاندان آج سے چند برس قبل تک آسودہ حال تھا۔ سربراہِ خانہ کے علاوہ دو بیٹے بھی برسرِروزگار تھے۔ جب منہگائی نے قیامت ڈھائی، تو اس خاندان کا بجٹ درہم برہم ہوگیا۔ انہوں نے اس مسئلے کا یہ حل نکالا کہ گھر کا سارا راشن کسی معیاری گروسری اسٹور سےخریدنے کی بجائے محلّےایک کی دُکان سے خریدنا شروع کردیا، جہاں تمام اشیائے خورونوش نسبتاً ارزاں قیمت پردست یاب ہیں۔
یہ خاندان جانتا ہے کہ ان اشیاء کا معیار ناقص ہے، لیکن وہ بچت کی خاطر محلّے کی دُکان سے خریداری پر مجبور ہے۔ دوسری جانب، خاندان نے اپنے اخراجات کم کرنے کے لیے رشتے داروں کے ہاں آمدورفت اور شادی بیاہ میں شرکت کا سلسلہ خاصی حد تک کم کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی بچّوں کی پاکٹ منی بھی ختم کردی۔ بجلی کے استعمال میں کافی سختی کردی۔ بچّوں کی سال گرہیں منانے کا سلسلہ ختم ہوگیا۔ نوکرانی کو فارغ کر دیا۔
بیوی نے شوہر کے سگریٹس کم کروا دیے اور سربراہِ خانہ کی اہلیہ اور دو بیٹیوں نے فیصلہ کیا کہ وہ نئے ملبوسات سلوانے سے گریز کریں گی۔ ایک تبدیلی یہ بھی آئی کہ شوارما، پیزا اور بازاری برگرز زندگی سے نکال دیئےگئے۔ یہاں تک کہ ٹوتھ پیسٹ کی جگہ مسواک نے لے لی۔
سربراہِ خانہ جانتے ہیں کہ غیرمعیاری گروسری اورکفایت شعاری پر مبنی دیگر اقدامات سے اُن کے معیارِ زندگی پر منفی اثرات مرتّب ہوں رہےہیں لیکن اس کے سوا کوئی چارہ بھی نہیں۔ غیر معیاری آٹے، خوردنی تیل اور گرم مسالاجات کے استعمال سے ابتداء میں اہلِ خانہ کو پیٹ درد، بدہضمی، اسہال اور دوسری شکایات کا سامنا بھی کرنا پڑا لیکن رفتہ رفتہ وہ عادی ہوگئے۔
کم وبیش اسی قسم کی تبدیلیاں شہر کی مشہور ہاؤسنگ اسکیم میں رہائش پذیر ایک فیملی میں بھی دیکھی گئیں، جس نے کار فروخت کر کے موٹر سائیکل خرید لی۔ گھر میں مٹن کا داخلہ ممنوع ہوگیا۔ بچّوں کے نئے جوتے خریدنے کی بجائے پُرانوں کی مرمّت کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔
مہینے میں ایک بار ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے کا پروگرام بھی منسوخ کردیا گیا۔ سربراہِ خانہ نے اپنا قیمتی موبائل فون بیچ کرعام موبائل فون لے لیا۔ ہر ماہ اکٹھی گروسری کی بجائے قوّتِ خرید کے مطابق ہفتہ وارسودا سلف خریدا جانے لگا اور جیب کے اجازت نہ دینے کے سبب دودھ کے معیار پر بھی سمجھوتا کیا گیا۔ اخراجات میں کٹوتی کے منفی اثرات سے آگاہ ہونے کے باوجود یہ فیملی’’بچت‘‘ پر مجبور ہے۔
زوال پذیر معیازِ زندگی کے منفی اثرات: عالمی اداروں کے مطابق، پاکستان میں کم و بیش 8کروڑ افراد خطِ غُربت سے نیچے زندگی بسر کررہے ہیں اور وہ اپنی گزر اوقات کے لیے سَستی، غیر معیاری اور غیرخالص اشیائے خورونوش سمیت دیگر اشیاء خریدنے پر مجبور ہیں۔ بظاہر پاکستانیوں کی طرزِزندگی میں یہ ایک خاموش تبدیلی ہے لیکن اس کے اثرات دُوررَس ہیں۔
یوں تو اس کے اثرات زندگی کے ہر شُعبے ہی پر محیط ہیں لیکن ذیل میں اس ضمن میں صرف ایک مثال پیش کی جا رہی ہے۔ یونیسف کے مطابق، پاکستان میں 5برس سے کم عُمر 40فی صد بچّے ذہنی و جسمانی طور پر ناقص نشوونما کا شکار ہیں۔ ان میں سے 29فی صد وزن، 50فی صد وٹامن اے، 40فی صد زِنک اور 60فی صد خون کی کمی میں مبتلا ہیں۔
گرچہ ناقص نشوونما کے حامل بچّوں کی اکثریت سندھ، بلوچستان اور خیرپختون خوا سے تعلق رکھتی ہے لیکن پنجاب میں بھی لاکھوں بچّوں کے چہروں پر غُربت کی تحریر صاف پڑھی جا سکتی ہے۔ متوسّط اور غریب خاندانوں کی اکثریت سَستی اور غیرمعیاری خوراک استعمال کرنے پر مجبور ہے، جس سے خواتین اور بچّوں کو فائدے کی بجائے نقصان ہوتا ہے اور ان کی زندگی ’’سَستا روئے بار بار، منہگا روئے ایک بار‘‘ کے مصداق گزرتی ہے۔
بچّے چاہے غریب کے ہوں یا امیر کے، وہ ’’پاکٹ مَنی‘‘ ضرور لیتے ہیں اور غریب بچّوں کی اکثریت اپنا جیب خرچ غیرمعیاری برف کے گولوں، گول گپوں، گُم نام فیکٹریز کے تیارکردہ غیر معیاری اور انتہائی نقصان دہ اسنیکس، ٹافیوں، مشروبات اور آئس کریم کی خریداری پر صَرف کردیتی ہے۔ اسی طرح غریب والدین کی اکثریت بھی دانستہ طور پر سَستی وغیرمعیاری اشیاء استعمال کرتی ہے، جس کا خمیازہ انہیں زندگی بھر مختلف بیماریوں کی شکل میں بُھگتنا پڑتا ہے۔
قوّتِ خرید میں کمی کے نقصانات: پاکستانی عوام کی قوّتِ خرید میں کمی کے ضمن میں متعدد رپورٹس صُورتِ حال کی سنگینی کا احاطہ کرتی ہیں۔ 2024ء میں ہونے والے ’’پاکستانی ہاؤس ہولڈ اینٹی گریٹڈ اکنامک سروے‘‘ میں اس بات کی نشان دہی کی گئی ہے کہ 2019ء کے مقابلے میں پاکستانی شہریوں کی قوّتِ خرید میں 10فی صد کمی واقع ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق، جو کہ 32ہزار گھرانوں کے سروے پر مبنی تھی، پاکستانی عوام کی آمدنی کا 30فی صد حصّہ خوراک پر خرچ ہوتا ہے اور یہی وہ شُعبہ ہے، جس میں غریب پاکستانی سَستی اور ارزاں اشیاء پر انحصار کرتے ہیں، جب کہ ان کی 56فی صد آمدنی یوٹیلیٹی بِلز کی ادائی پر خرچ ہوجاتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 28فی صد بچّے اسکولز سے باہر ہیں اور یہ تمام حقائق اس تلخ حقیقت کی عکّاسی کرتے ہیں کہ پاکستان کے 40فی صد سے زائد شہریوں کی قوّتِ خرید اتنی کم ہوگئی ہے کہ وہ اپنی پسند اور خواہش کے مطابق اشیائے خورونوش اور ضرورت کی دیگراشیاء نہیں خریدسکتے اور جب عوام کی اکثریت معیاری اور خالص اشیاء خریدنے میں ناکام ہوگئی، تو مارکیٹ میں ناقص اور غیرمعیاری اشیاء کی بھرمار ہوگئی، جن کے استعمال سے عوام کی صحت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔
ملاوٹ اس وقت پاکستانی معاشرے کا ناسور بن چُکی ہے۔ سَستی اورملاوٹ شُدہ اشیاء کا سب سے بڑا خریدار نچلا اور متوسّط طبقہ ہے، جو اس کے استعمال سے جنم لینے والی بیماریوں کے علاج پر ہر سال کروڑوں روپےخرچ کرتا ہے اور اس طرح پیسوں کی بچت اس کے گلے کا طوق بن جاتی ہے۔ دوسری جانب جب افرادی قوّت بیمار ہوتی ہے، تو قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہوتا ہے۔
سَستا روئے بار بار: گزراوقات کے لیے پاکستانی عوام کی اکثریت مجبوراً جو غیر معیاری، ناقص اور ناپائےدار اشیائے خورونوش اور دیگر ضروری اشیاء خریدتی ہے، اس کی انہیں ہرحال میں قیمت چُکانی پڑتی ہے۔ ان اشیاء کے استعمال سے ان کا معیارِ زندگی گرجاتا ہے۔ بنیادی اشیائے ضروریہ کی دست یابی کے ضمن میں عالمی درجہ بندی میں پاکستان 193ممالک میں 168ویں نمبر پر ہے۔
ناقص اور ملاوٹ شُدہ اشیاء کے استعمال سے قوم کو صحت کے شُعبے میں جو نقصان ہوتا ہے، اس کا تخمینہ اربوں روپے میں لگایا گیا ہے۔ خوراک، تعلیم اور صحت وغیرہ جیسی بنیادی سہولتیں میسّر نہ ہونے کی وجہ سے پاکستانیوں کی اوسط عُمر خاصی کم ہے۔ البتہ ایک سروے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانی باشندے اپنے ہم سایہ ممالک کے مقابلے میں زیادہ خوش ہیں۔ اس کا مطلب ہے،وہ اپنی گزر اوقات سے مطمئن ہیں۔
تاہم، مجموعی طور پرصُورتِ حال مُلک و قوم کے لیے ٹھیک نہیں کہ پاکستانی قوم ہر سال اپنی صحت پر 942بلین روپے خرچ کرتی ہے۔ ماہرین نے اسے ایک ’’بیمار قوم‘‘ کا بجٹ قراردیا ہے۔ پاکستان میں دورانِ زچگی انتقال کرنے والی خواتین کی شرح ایک لاکھ میں 186ہے، جو کہ ہم سایہ ممالک کے مقابلے میں کافی زیادہ ہے اور اس کی جڑیں بھی غُربت میں پیوست ہیں کہ اکثرخواتین اسپتالوں کے اخراجات برداشت نہ کرنے کی وجہ سے مقامی دائیوں یا ہیلتھ ورکرز سے رجوع کرتی ہیں۔
گرچہ اب دیہات اور چھوٹے شہروں میں بھی زچہ وبچّہ کے لیےسہولتیں کافی بڑھ گئی ہیں لیکن بہرکیف ڈاکٹرز کی فیس اور ادویہ کے اخراجات وغیرہ غریب، متوسّط طبقےکی خواتین کے لیے ایک بڑا چیلنج ہیں۔ ماہرینِ صحت کاکہنا ہےکہ ایسی 80فی صد حاملہ خواتین کی اموات کو بروقت علاج معالجے اوراحتیاطی تدابیر سے روکا جا سکتا ہے۔
پاکستان اس وقت جس صُورتِ حال سے دوچار ہے، وہ بِلاشُبہ تشویش ناک اور ہمارے لیے ایک ایٹمی قوّت ہونے کے ناتے باعثِ شرمندگی بھی ہے۔ نیز، یہ بھی ایک تلخ حقیقت ہے کہ پاکستان کا سفید پوش متوسّط طبقہ اورغُربت کے شکار افراد رُوح اور جسم کا رشتہ برقرار رکھنے کے لیے ایک تکلیف دہ، صبرآزما دَور سے گزر رہے ہیں۔ پاکستان میں گیلپ کے متعدد سروے ان کی حالتِ زار کی عکّاسی کرتے ہیں۔
چند سال قبل کیے گئے ایک سروےکے مطابق، 26فی صد پاکستانی شہریوں کو گزارہ کرنے کے لیے بیک وقت دو دو ملازمتیں کرنی پڑتی ہیں اورصحت اورنیند کی قُربانی دے کر 20،20 گھنٹے کام کرنا پڑتا ہے۔ سروے کے مطابق، 25فی صد افراد کو بمشکل دو وقت کا کھانا میسّر ہے۔ ایک اور فلاحی تنظیم کے سروے میں بتایا گیا کہ غریب عوام کی اکثریت نے کھانے کی مقدار کم کردی ہے اور ان کی خوراک کا انحصار زیادہ تر سَستی اور غیرمعیاری اشیائے خورونوش پر ہے، جب کہ ایک اور سروے سےمعلوم ہوا کہ پاکستان میں 60فی صد گھرانےبمشکل اپنی بنیادی ضروریات پوری کر پاتے ہیں۔
متوسّط گھرانوں کی اکثریت اپنےمحلّے کے دُکان داروں کی مقروض رہتی ہے۔ انہیں اکثر اوقات بیرونِ مُلک مقیم اپنے قریبی یا دُور کے رشتے داروں سے بھی مالی امداد لینا پڑتی ہے، جب کہ اکثر افراد مختلف کمپنیز یا مال دار کاروباری افراد سے سود پر لیے گئے قرض میں جکڑے ہوئے ہیں۔
مختلف اوقات میں جاری ہونے والے عالمی اداروں کی سروے رپورٹس وقتاً فوقتاً پاکستانی عوام کی تشویش ناک صُورتِ حال کی عکّاسی کرتی ہیں، لیکن حُکّامِ بالا کے علاوہ ماہرینِ اقتصادیات بھی اس صُورتِ حال پرانتہائی سردمہری کا مظاہرہ کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں پاکستانی عوام کا معیارِ زندگی ہر سال زوال پذیر ہوتا جا رہا ہے۔ یہ صُورتِ حال ہمیں کہاں لےجائے گی؟
برسرِاقتدار طبقے کے پاس فی الحال اس کا کوئی جواب نہیں، سوائے اس اَمرکے کہ ہم آئندہ سال اس قسم کی مزید سروے رپورٹس کا انتظار کریں۔ یہ تلخ رپورٹس ہر سال پاکستانی معاشرے کے زخموں کو پھر سے ہرا کر دیتی ہیں، لیکن صد افسوس کہ اس درد کا درماں کوئی نہیں۔