’’اختلافِ رائے ‘‘ کسی بھی زندہ، باشعور اور جمہوری معاشرے کی بنیادی علامت، بقا کی ضمانت ہوتا ہے۔ جہاں مختلف اذہان، متنوع تجربات کے حامل، الگ نقطۂ نظر رکھنے والے افراد موجود ہوں گے، سوچ کا ٹکراؤ ناگزیر ہے۔ ایسے متحرک ماحول میں سوال بھی اٹھتے ہیں، فیصلوں پر بے باک تنقید بھی ہوتی ہے اور مقتدر حلقوں سے جواب دہی بھی۔
دراصل جمہوریت کا اصل حُسن ہی یہ ہے کہ اس ماحول میں ذہنوں پر پہرے نہیں ہوتے۔ چوں کہ ہر شخص ایک جیسا نہیں سوچتا، تو خرابی اختلافِ رائے میں نہیں، بلکہ مسئلہ اُس وقت جنم لیتا ہے، جب فکری اختلاف، ذاتی دشمنی میں بدل جائے، دلیل کی جگہ دشنام طرازی لے لے، تعمیری تنقید، کردار کُشی کی شکل اختیار کر جائے اور سیاسی و سماجی مکالمہ، گالم گلوچ، تضحیک اور نفرت کی بھینٹ چڑھ جائے۔ آج پاکستان سمیت دنیا کے بیش تر معاشروں میں سیاسی و سماجی گفتگو کا لہجہ ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ زہر آلود اور تلخ ہوچکا ہے۔
بلاشبہ سماجی ذرائع ابلاغ (سوشل میڈیا) نے عام آدمی کو اظہارِ رائے کی وہ طاقت ور زبان اور پلیٹ فارم مہیّا کر دیا ہے، جہاں چند سیکنڈز میں ایک چنگاری، ہزاروں لاکھوں ذہنوں تک پہنچ کر آگ لگا سکتی ہے، لیکن اسی بے لگام رفتار اور ڈیجیٹل ہجوم نے ایک سنجیدہ فکری سوال بھی جنم دیا ہے۔’’کیا ہم واقعی ایک دوسرے سے مکالمہ کر رہے ہیں، یا محض اپنی آواز کے شور میں دوسرے کو سننے اور سمجھنے کی صلاحیت کھو چکے ہیں؟‘‘
پاکستان میں اس سوال کی اہمیت اب محض نظریاتی نہیں رہی، بلکہ اس کی جڑیں تیزی سے بدلتی ہوئی ڈیجیٹل حقیقتوں میں پیوست ہیں۔ ’’ڈیجیٹل 2026ء پاکستان رپورٹ‘‘ کے مطابق، 2025ء کے اختتام تک ملک میں انٹرنیٹ صارفین کی تعداد تقریباً 11کروڑ 70لاکھ تک پہنچ چکی تھی، جس کا مطلب ہے کہ آبادی کا ایک بڑا حصّہ اب آن لائن دنیا سے منسلک ہے۔
اسی طرح، اکتوبر2025ء تک سوشل میڈیا کے متحرک صارفین کی تعداد7 کروڑ99لاکھ ریکارڈ کی گئی، جو مجموعی ملکی آبادی کا تقریباً 31.2فی صد بنتا ہے۔ اگر اس کا موازنہ ’’ڈیجیٹل2025ء پاکستان رپورٹ‘‘ کے ابتدائی اعداد و شمار سے کیا جائے،جہاں یہ تعداد6کروڑ 69 لاکھ تھی،تو واضح ہوتا ہے کہ صرف ایک سال کے مختصر عرصے میں سوشل میڈیا صارفین کی تعداد میں بڑااضافہ ہوا ہے۔
یہ غیر معمولی نمو محض ٹیکنالوجی تک رسائی کی مظہر نہیں، بلکہ اس بات کا واشگاف ثبوت بھی ہے کہ اب پاکستان کی سیاسی، سماجی اور قومی گفتگو کا مرکز، روایتی بیٹھکوں سے ڈیجیٹل میدان تک منتقل ہوچکا ہے۔ اور اصل مسئلہ یہیں سے جنم لیتا ہے۔
سوشل میڈیا نے اگرچہ اظہارِ رائے کو جمہوری رنگ ضرور دیا، لیکن بدقسمتی سے ہر اظہار کو ذمّے دارا نہ نہیں بنا سکا۔ یہاں کوئی بھی شخص کسی سیاسی رہنما یا جماعت پر بغیر تحقیق کوئی الزام دھردیتا ہے، دوسرا اُسے تصدیق کے بغیر آگے بڑھا دیتا ہے، اور تیسرا اس پر مزید زہریلا تبصرہ جڑ دیتا ہے اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ غیر مصدقہ افواہ ایک مسلّمہ 'سیاسی حقیقت کا روپ دھار لیتی ہے۔ یوں دلیل سے پہلے ہی فیصلہ صادر ہو جاتا ہے اور تحقیق کی نوبت آنے سے قبل ہی ایک پختہ رائے قائم ہوجاتی ہے۔
پاکستان میں سیاسی تقسیم اور سماجی ذرائع ابلاغ کے کردار پر ہونے والی ایک حالیہ تحقیق بھی اس صُورتِ حال کی طرف اشارہ کرتی ہے۔2026ء میں شائع ہونے والی ایک تحقیق نے پاکستان میں سماجی ذرائع ابلاغ پر سیاسی تقسیم اور سیاسی وابستگیوں کا جائزہ لیتے ہوئے مختلف سیاسی گروہوں کے درمیان الگ الگ آن لائن حلقوں اور سیاسی وابستگیوں کے نمایاں ہونے کی نشان دہی کی ہے۔اس کا مطلب یہ نہیں کہ پاکستان میں سیاسی اختلاف نیا ہے۔
ہماری سیاسی تاریخ میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سخت اختلافات پہلے بھی رہے ہیں۔ سیاسی جماعتوں نے ایک دوسرے پر شدید تنقید کی، جلسوں میں سخت زبان بھی استعمال ہوئی اور پارلیمان میں بھی تلخ بحثیں ہوتی ر ہیں، لیکن آج فرق یہ ہے کہ وہ سیاسی تلخی چند جلسوں، اخبارات یا پارلیمانی ایوانوں تک محدود نہیں رہتی۔ موبائل فونز کے ذریعے ہر گھر، دفتر، تعلیمی ادارے اور ہر فرد کی ذاتی زندگی میں داخل ہوگئی ہے۔
نتیجتاً اب سیاسی اختلاف، لوگوں کی ذاتی شناخت کا حصّہ بنتا جا رہا ہے۔ اب اگر کوئی شخص کسی جماعت کا حامی ہے، تو اُس سے اختلاف کرنے والا محض ایک سیاسی مخالف نہیں رہتا، اسے باقاعدہ غدّار، کرپٹ، جاہل یا وطن دشمن قرار دے دیتاہے۔ دوسری طرف سے بھی اسی شدّت کے ساتھ جواب آتا ہے، جس کے باعث سیاست، تعمیری سوچ، اخلاقی دائرے سے نکل کر شخصیات اور گروہوں کی باہمی جنگ بن جاتی ہے۔یہاں ہمیں خود سے یہ سوال ضرور پوچھنا چاہیے کہ کیا ہم واقعی اختلافِ رائے برداشت کرنا بھول چکے ہیں؟
غور طلب بات یہ ہے کہ یہ بحران صرف پاکستان کا نہیں۔ حال ہی میں، اپریل 2026 ءمیں سامنے آنے والی ایک عالمی تحقیق میں دنیا کے 30ممالک کے 15,202 افراد کے آن لائن رویّوں کا جائزہ لیا گیا۔ جس سے معلوم ہوا کہ جن معاشروں میں جمہوریت کم زور اور معاشی ناانصافی زیادہ ہے، لوگوں نے آن لائن سیاسی دشمنی کو زیادہ شدّت سے محسوس کیا۔ ساتھ ہی یہ بات بھی سامنے آئی کہ جوافراد انٹرنیٹ پر جارحانہ رویّہ اپناتے ہیں، وہ حقیقی زندگی میں بھی مخالفین کے لیے اتنے ہی تلخ ہوتے ہیں۔
یہ نتیجہ بہت اہم ہے، کیوں کہ یہ ثابت کرتا ہے کہ سوشل میڈیا خود بخود معاشرے کو زہر آلود نہیں کرتا، بلکہ ہمارے آن لائن رویّےہمارے حقیقی سماجی و سیاسی ماحول ہی کا عکس ہیں۔ جس معاشرے کو پہلے ہی عدم اعتماد، معاشی تنگ دستی، سیاسی بے یقینی اور متعدد بحرانوں کا سامنا ہو، وہاں سوشل میڈیا ان چنگاریوں کو ایک ہول ناک آگ میں بدلنے کا ذریعہ بن جاتا ہے۔دنیا کی بڑی اور مستحکم جمہوریتیں بھی سیاسی پولرائزیشن (تقسیم) کے اس سنگین مسئلے سے محفوظ نہیں۔
مثال کے طور پر، امریکا میں گہری سیاسی خلیج، انتخابی کشمکش اور حریف سیاسی گروہوں کے درمیان بڑھتے ہوئے جذباتی فاصلے اب وہاں کے مستقل بیانیے کا حصّہ بن چکے ہیں۔ اسی طرح برطانیہ اور یورپ بھی بریگزٹ (یورپی اتحاد سے علیحدگی)، تارکینِ وطن کے مسائل، معاشی عدم استحکام، قومی شناخت اور خارجہ پالیسی جیسے حسّاس معاملات پر شدید اندرونی اختلافات کا شکار ہیں۔ اس تناظر میں، یہ مفروضہ سراسر غلط ثابت ہوتا ہے کہ عالمی سیاست ہمیشہ شائستہ رہی ہے۔
اصل فرق اس بنیادی سوال میں پوشیدہ ہے کہ کسی ملک کے ریاستی ادارے، سیاسی روایات، ذرائع ابلاغ اور خود معاشرہ اس نظریاتی اختلاف کو کس حد تک ایک تعمیری اور قابلِ برداشت مکالمے میں تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں؟ یہی پاکستان کے لیے اصل اور ناگزیر سبق ہے۔
کسی بھی معاشرے سے اختلافِ رائے ختم کرنانہ تو ممکن ہے اور نہ ہی جمہوریت کے لیے سودمند۔ فعال، مضبوط جمہوریت کا حُسن ہی یہ ہے کہ حزبِ اختلاف حکومت سے سخت سوال کرسکتی ہے اور حکومت جواب دہی کے اصول کے تحت اپنے فیصلوں کا دفاع کرتی ہے، جب کہ میڈیا دونوں کا بے لاگ احتساب اور عوام اپنے حقِ رائے دہی کے ذریعے حتمی فیصلہ سناتے ہیں، لیکن جب حکومت اور حزبِ اختلاف ایک دوسرے کو سیاسی حریف سمجھنے کے بجائے 'دشمن گرداننے لگیں، سیاسی کارکن دلیل، منطق کے بجائے محض قیادت کی اندھی تقلید اور مخالفین کی تذلیل کو سیاست کا نام دے دیں، تو جمہوری نظام کی بنیادیں کھوکھلی ہونے اور پورا معاشرہ زوال کی طرف بڑھنے لگتا ہے۔
سماجی ذرائع ابلاغ نے معاصر سیاسی و سماجی مکالمے کو مزید پیچیدہ اور ہیجان انگیز بنا دیا ہے، کیوں کہ ان پلیٹ فارمز پر غصّہ اور ہیجان، منطق اور دلیل کے مقابلے میں کہیں زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے۔ ایک اشتعال انگیز عنوان، طنزیہ ویڈیو، تضحیک آمیز میم (meme) یا محض الزام پر مبنی تحریر چند گھنٹوں میں لاکھوں افراد تک پہنچ جاتی ہے۔ اس کے برعکس، ایک متوازن، تحقیقی اور محتاط تجزیہ ڈیجیٹل ہجوم کی توجّہ حاصل کرنے میں اکثر ناکام رہتا ہے۔
یوں، سستی شہرت اور توجّہ حاصل کرنے کی اس اندھی دوڑ میں تلخی اور اشتعال انگیزی خود ایک باقاعدہ ابلاغی حکمتِ عملی کی شکل اختیار کر چکی ہے۔یہ صورتِ حال محض بدتمیزی تک محدود نہیں، بلکہ غلط اورگُم راہ کُن معلومات کے سنگین مسئلے سے جاملتی ہے۔ مثال کے طور پر، مئی 2025ء میں پاک، بھارت فوجی تنازعے کے دوران سماجی ذرائع ابلاغ پر جعلی تصاویر، پرانی ویڈیوز اور مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ گُم راہ کُن مواد بڑے پیمانے پر پھیلایا گیا۔
ایک تحقیقی تجزیے کے مطابق، مائکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ (سابقہ ٹویٹر) پر کی جانے والی427تشویش ناک پوسٹس میں سے صرف 73پر، فیکٹ چیک یا انتباہی لیبل لگایا جاسکا، جب کہ ان میں سے کئی پوسٹس کو ایک کروڑ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا تھا۔ یہ مثال ثابت کرتی ہے کہ جب سیاسی اور قومی جذبات کو غلط معلومات کا ایندھن مل جائے، تو بات محض گالم گلوچ تک محدود نہیں رہتی۔ غلط معلومات عوامی رائے، قومی جذبات اور حتیٰ کہ ریاستوں کےتعلقات بھی متاثر کرسکتی ہیں۔
اس لیے آج کی سیاسی گفتگو میں صرف یہ دیکھنا کافی نہیں کہ کون کیا کہہ رہا ہے، یہ بھی دیکھنا ضروری ہے کہ وہ جو کہہ رہا ہے، وہ درست بھی ہے یا نہیں۔واضح رہے، صحافت کا مقصد صرف حکومت اور حزبِ اختلاف کے دو متضاد بیانات نشر کردینا نہیں۔ اصل کام عوام کو یہ سمجھنے میں مدد دینا ہے کہ دعوے کی حقیقت کیا ہے، اعداد و شمار کیا کہتے ہیں، پس منظر کیا ہے اور کس موقف کے حق میں شواہد موجود ہیں۔
اگر ٹی وی کے سیاسی مباحثوں میں دلیل سے زیادہ شور،الزام تراشیوں اور ذاتی حملوں کو وقت ملے گا، تو ناظرین بھی اسی اندازِ گفتگو کو معمول سمجھنے لگیں گے۔ اسی طرح اگر سوشل میڈیا پر صحافتی اصولوں کے بجائے فوری ردِعمل کام یابی کا معیار بن جائے، تو خبر اور رائے، حقیقت اور افواہ کے درمیان فرق مزید دُھندلاجاتا ہے۔تاہم، اس پوری صورتِ حال کی ذمّےداری صرف سیاست دانوں یا ذرائع ابلاغ پر ڈال دینا بھی درست نہیں۔ عام شہری بھی اس ماحول کا حصّہ ہیں۔
اگر ہم کسی تحریر کو بغیر پڑھے آگے بڑھاتے ہیں، الزام کو بغیر ثبوت دوسروں تک پہنچاتے ہیں، کسی شخص کو صرف اس کی سیاسی وابستگی کی وجہ سے بُرا بھلا کہتے ہیں، تو دراصل، ہم اسی سیاسی ماحول کی تعمیر میں اپنا حصّہ ڈال رہے ہیں۔اسی طرح تعلیمی اداروں کا کردار بھی بنیادی ہے۔ نوجوانوں کو صرف نصابی علم نہیں، اختلافِ رائے کے آداب سکھانے کی بھی ضرورت ہے۔
انہیں یہ سمجھانا ہوگا کہ بحث کا مقصد مخالف کو خاموش کروانا نہیں، اپنے مؤقف کو دلیل کے ساتھ پیش کرنا ہوتا ہے۔ کسی طالبِ علم کا مختلف سیاسی نظریہ رکھنا، اس کی کم علمی یا بدنیّتی کی دلیل نہیں۔ گھروں میں بھی یہی تربیّت ضروری ہے، اگر بچّے اپنے بڑوں کو ہر سیاسی اختلاف پر ایک دوسرے کی تضحیک کرتے دیکھیں گے، تو وہ بھی یہی سیکھیں گے کہ اختلاف کا مطلب دوسرے کو نیچا دکھانا ہے۔
اس کے برعکس، اگر گھر میں یہ ماحول ہو کہ ’’ہم اس سیاسی جماعت سے اختلاف کرتے ہیں، مگر اس جماعت کے حامی کی عزّت کرتے ہیں‘‘ تو نئی نسل ایک زیادہ متوازن سیاسی ثقافت سیکھ سکتی ہے۔ ہمیں یہ فرق بھی واضح کرنا ہوگا کہ سخت تنقید اور بدتمیزی ایک چیز نہیں۔ کسی حکومت کی پالیسی کو ناکام کہنا سیاسی حق ہے۔
کسی فیصلے کے خلاف سخت سوال اٹھانا صحافت کا تقاضا ہے۔ کسی سیاسی رہنما کے دعوے غلط ثابت کرنا جمہوری عمل ہے، لیکن کسی کی تذلیل، اس کے خاندان کو نشانہ بنانا، جھوٹا الزام لگانا یا مخالف کو انسان کی حیثیت سے کم تر سمجھنا، اختلاف نہیں، سیاسی اور سماجی اخلاقیات کی شکست ہے۔
بنیادی سوال یہ نہیں کہ اختلاف کیوں ہے، بلکہ یہ ہے کہ اختلاف کیسے کیا جاتا ہے۔ کیا ہم دلیل سے جواب دیتے ہیں یا گالی سے؟ کیا ہم مخالف کے سوال کا جواب دیتے ہیں یا اس کی نیّت پر حملہ کرتے ہیں؟ کیا ہم اپنے پسندیدہ سیاسی رہنما سے بھی سوال کرنے کی ہمّت رکھتے ہیں؟ کیا ہم اپنی غلطی تسلیم کرسکتے ہیں اور کیا ہم ایسے شخص کے ساتھ بیٹھ سکتے ہیں، جس کی سیاسی رائے ہم سے مختلف ہے؟ اگر ان سوالات کا جواب نفی میں ہے، تو مسئلہ صرف سیاست کا نہیں، اجتماعی تربیت کا بھی ہے۔
پاکستان کو آج شاید کسی نئے سیاسی نعرے سے زیادہ نئے سیاسی مکالمے کی ضرورت ہے۔ ایسا مکالمہ، جس میں سخت سوال ہو، مگر بدتمیزی نہیں، شدید اختلاف ہو، مگر دشمنی نہیں ،تنقید ہو، مگر کردار کُشی نہیں، سیاسی مقابلہ ہو، مگر قومی تقسیم نہیں۔ دنیا کے تجربات ہمیں بتاتے ہیں کہ سیاسی تقسیم کوئی ایسا مسئلہ نہیں، جس کا حل اختلاف ختم کردینا ہو۔
حل یہ ہے کہ معاشرہ اختلاف برداشت کرنا سیکھے، ادارے غیر جانب دار رہیں، ذرائع ابلاغ ذمّے داری کا مظاہرہ کریں، سیاسی قیادت اپنے کارکنوں کے لیے بہتر مثال قائم کرے اور شہری معلومات آگے بڑھانے سے پہلے اس کی تصدیق کریں۔جمہوریت یہ نہیں کہ سب ایک جیسا سوچیں بلکہ یہ ہے کہ مختلف سوچ رکھنے والے افراد ایک ہی معاشرے میں رہتے ہوئے ایک دوسرے سے اختلاف برداشت کریں۔
ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہم اختلافِ رائے کو اپنی جمہوری طاقت بنائیں گے یا اسے دشمنی میں تبدیل کرکے اجتماعی قوّت کم زور کرتے رہیں گے، کیوں کہ جب مکالمہ ختم ہوتا ہے، تو اختلاف دشمنی بن جاتا ہے، اور جب اختلاف دشمنی بن جائے، تو معاشرہ دلیل سے نہیں، جذبات سے پروان چڑھنے لگتا ہے۔ اور شاید آج پاکستان کو سب سے زیادہ ضرورت اسی بات کی ہے کہ ہم دوبارہ ایک دوسرے سے بات کرنا سیکھیں اور اس سے بھی زیادہ اہم، ایک دوسرے کو سننا سیکھیں۔ مختصراً یہی کہا جا سکتا ہے کہ اختلافِ رائے معاشرے کا حُسن ہے اور دشمنی اس کا زوال۔
دلیل وہ پُل ہے، جو دلوں اور ذہنوں کو ملاتا ہے، جب کہ دشنام اور الزام صرف فاصلے بڑھاتے ہیں۔ ہمیں مخالف کو زیر کرنے سے پہلے سمجھنے کی ضرورت ہے، کیوں کہ ہر اختلاف غدّاری نہیں، اور ہر مخالف دشمن نہیں ہوتا۔ جمہوریت میں نظریات کا تصادم ہوتا ہے، انسانوں کا نہیں۔ سیاست میں مقابلہ ہونا چاہیے، نفرت نہیں، سوال ہونا چاہیے، تضحیک نہیں، اختلاف ہونا چاہیے، مگر احترام کے ساتھ۔ یاد رکھیے، جس معاشرے میں مکالمہ زندہ رہتا ہے، وہاں امید بھی سانس لیتی رہتی ہے۔