کمپیوٹر چِپس بنانے والی دُنیا کی سب سے بڑی اور عالمی شُہرت کمپنی، این ویڈیا کے بانی اور سابق سربراہ، جین سن ہوانگ کو اسٹیو جابز کی مانند ’’ٹیک ویژنری‘‘ کہا جاتا ہے۔ انہوں نے اے آئی کی دُنیا میں انقلاب برپا کیا اور اُن کی کمپنی نے کمپیوٹر انڈسٹری کو ایسی چِپس بنا کر دیں کہ جو آج اس صنعت کی بنیاد ہیں اور انہی کی بدولت ہر سُو مصنوعی ذہانت کا چرچا ہے۔
یاد رہے، کمپیوٹر چِپ ایک چھوٹا سا سیمی کنڈکٹر یا الیکٹرانک سرکٹس کا مجموعہ ہے، جس میں ڈیٹا اسٹور کیا جاتا ہے۔ دوسرے الفاظ میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ اس میں اطلاعات کو ذخیرہ کیا جاتا ہے۔ جین سن ہوانگ ایک غیر اخلاقی اسکینڈل کی زد میں آنے کے بعد این ویڈیا کے سی ای او کے عُہدے سے مستعفی ہوگئے۔ اس واقعے نے بالخصوص اے آئی انڈسٹری اور عمومی طور پر عالمی معیشت اور سیاسی و عسکری نظام کو ہلا کر رکھ دیا۔
ایسا شاذو نادر ہی ہوتا ہے کہ کوئی شخص اقتدار میں نہ ہونے کے باوجود محض اپنی ذہانت کے سبب دُنیا پر اثر انداز ہو۔ جین سن پر چینی خاتون جاسوس اور اپنی ہی کمپنی سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون سے تعلقات قائم کرنے الزامات عائد کیے گئے تھے اور انہوں نے یہ الزامات سامنے آنے کے فوراً بعد ہی استعفیٰ دے دیا، جس کے نتیجے میں عالمی اسٹاک مارکیٹ بے یقینی کا شکار ہوگئی۔
یاد رہے، این ویڈیا کا ٹیکنالوجی کی دُنیا میں کلیدی کردار ہےاور ٹیک انڈسٹری میں چین سے مسابقت کے اعتبار سےامریکا میں اسے خاصی اہمیت حاصل ہے۔ گزشتہ تین برسوں میں ٹیکنالوجی کی انڈسٹری میں مصنوعی ذہانت نے جس طرح قدم جمائے، اس کے پیشِ نظر جین سن کا این ویڈیا کو خیرباد کہنا کسی بھونچال سے کم نہیں۔
یاد رہے، وہ نہ صرف اے آئی انڈسٹری میں صفِ اوّل کے لیڈر تھے بلکہ اُن کے عالمی سیاسی رہنماؤں سے بھی غیر معمولی روابط تھے، جن میں امریکی صدر، ڈونلڈ ٹرمپ اور اُن کے چینی ہم منصب، شی جن پنگ بھی شامل ہیں۔ 145بلین ڈالرز کے بزنس کے مالک جین سن نے ہمیشہ خُود کو ایک ’’جینٹل مین‘‘ کے طور پیش کیا اور’’امریکن ڈریم‘‘ کے ایک اہم ترین کردار بن گئے۔
اب ہم ایک نظر این ویڈیا کمپنی پر ڈالتے ہیں۔ اس کمپنی کی مالیت 3 ٹریلین ڈالرز سےزائد بتائی جاتی ہے۔ جین سن مصنوعی ذہانت کو صنعتی انقلاب قرار دیتے ہیں۔ اُن کا ماننا ہے کہ بجلی کی ایجاد کی طرح اے آئی بھی دُنیا کو بدل دے گی۔ این ویڈیا مالیت کے لحاظ سے دُنیا کی دوسری سب سے اہم کمپنی ہے، جس کےصارفین میں گُوگل، میٹا، ایمازون، مائکروسافٹ، اسپیس ایکس، ٹیسلا، اوپن اے آئی اور اینتھروپِک شامل ہیں۔ مذکورہ بالا تمام عالمی شُہرت یافتہ کمپنیز این ویڈیا کی مصنوعات کی خریدار ہیں اور ان کی مدد سے اپنے پلیٹ فارمز میں جدّت لا کر صارفین سے پذیرائی حاصل کرتی ہیں اور ان کے منافعے غیر معمولی بلندیوں کو چُھو رہے ہیں۔
اس اعتبار سے این ویڈیا محض ایک کمپیوٹر چِپس بنانے والی کمپنی نہیں بلکہ دُنیا کے جدید ترین مصنوعی ذہانت کے پلیٹ فارمز کی جدّت کی محرّک بھی ہے، جس کی وجہ سے بنیادی کمپیوٹنگ انفرااسٹرکچر فراہم کرنے والے اداروں میں جنریٹیو اے آئی، روبوٹکس اور بڑے ڈیٹا سینٹرز کے قیام میں طاقت وَر کمپیوٹنگ ٹیکنالوجی کی اہمیت روز بہ روز بڑھ رہی ہے۔
این ویڈیا کے تیار کردہ جی پی یوز جدید کمپیوٹنگ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور یہ کمپنی اب صرف کاروبار کے لحاظ ہی سے اہم نہیں بلکہ اس کی کام یابی کے اثرات زندگی کے حسّاس شعبوں پر بھی مرتّب ہو رہے ہیں اور بالخصوص حکومتوں کی تبدیلی میں بھی اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔ آج این ویڈیا کی مصنوعات نہ صرف کاروباری ضرورت ہیں بلکہ نظاموں کی تبدیلی، گُڈ گورنینس اور مختلف شعبوں میں حریف ممالک پر سبقت حاصل کرنے کے لیے بھی ان کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
علاوہ ازیں، قومی سلامتی کے منصوبوں، معاشی مسابقت، سائنسی تحقیق اور بین الاقوامی تعلقات میں بھی یہ بروئے کار لائی جا رہی ہیں اور اس ضمن میں جین سن کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔عالمی طاقتیں اور دُنیا کی طاقت وَر حکومتیں یہ سمجھتی ہیں کہ سیمی کنڈکٹرز تک رسائی کے ذریعے وہ مستقبل کی بڑی اقتصادی و عسکری طاقت بن سکتی ہیں اور اس ضمن میں این ویڈیا کی مصنوعات کا مرکزی کردار ہے، جب کہ کمپنی کو اس مقام تک پہنچانے کا سہرا جین سن کے سَر جاتا ہے۔
ان کے ویژن کے سبب ہی این ویڈیا نے دُنیا بَھر میں یہ بلند مقام حاصل کیا اور اس کی مصنوعات سیاسی و معاشی کام یابیوں کے ناگزیر ہوگئیں۔ جین سن نہ صرف ایک انوویٹر ہیں، بلکہ مارکیٹ پر حاوی ہونے والی شخصیت بھی۔ اُن کی شادی کمپنی کی قیام سے پہلے ہی ہوگئی تھی اورانہوں نے اپنے ذاتی تعلقات کے ذریعے این ویڈیا کو بین الاقوامی سیاست کے لیے ناگزیر بنا دیا۔
جین سن ہوانگ 1963ء میں تائیوان میں پیدا ہوئے۔ وہ بچپن ہی میں امریکا منتقل ہوگئے تھے۔ انہوں نے اوریگن اسٹیٹ یونی ورسٹی سے الیکٹریکل انجینئرنگ کی اور پھر اسٹینفرڈ یونی ورسٹی سے ماسٹرز کیا۔ اُن کی اعلیٰ تعلیم، تجربے اور بصیرت نے انہیں کمپیوٹنگ کی دُنیا میں انقلاب کا محرّک بنایا۔ انہوں نے سب سے پہلے این ویڈیا کا جی پی یو متعارف کروایا اور یہ ایک ایسی پیش رفت تھی، جس نے کمپیوٹنگ کی دُنیا میں انقلاب برپا کر دیا۔
اسی جی پی یو نے سائنسی تحقیق، پیچیدہ حسابات اور مصنوعی ذہانت کے مختلف شعبوں میں ترقّی کی نئی راہیں کھولیں۔ جین سن کا ویژن روایتی کمپیوٹنگ تک محدود نہیں تھا بلکہ انہوں نے جان لیا تھا کہ مستقبل میں کمپیوٹرز کو غیر معمولی رفتارکی ضرورت ہوگی اور گرافکس پروسیسرز تصاویر دکھانے کی بجائے بہت سے پیچیدہ کام بھی انجام دیں گے۔
ٹیکنالوجی کی دُنیا میں جین سن کا اس مقام پر پہنچنا ایک ناقابلِ تصوّر کام یابی ہے، جس نے انہیں پوری دُنیا میں عروج عطا کیا لیکن پھر ایک اسکینڈل کی زد میں آکر وہ زوال کا شکار ہو گئے اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے خلا کو فوری طور پر بھرنا ناممکن ہوگا۔
جین سن کے دونوں بچّے اسی کمپنی میں اہم عہدوں پر فائز ہیں۔ این ویڈیا کے سابق سربراہ کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ دیوانگی کی حد تک کام کرنے کے شوقین ہیں اور کام کے معاملے میں اپنی کمپنی کے اہل کاروں سے بھی کسی قسم کی رعایت نہیں کرتے۔ معیاری کام کی بروقت تکمیل اُن کا منشور ہے۔ دوسری طرف اُن کی خانگی زندگی بھی مثالی بتائی جاتی ہے۔
وہ ہمیشہ ایک مثالی شوہر اور باپ کے طور پر پیش کیے جاتے رہے، جس پر وہ ہمیشہ فخر کرتے رہے اور اگر ایک ایسے کام یاب شخص سے متعلق ایک ہی ہفتے میں دو غیر اخلاقی اسکینڈلز اچانک سامنے آجائیں، تو ذرا سوچیں کہ ایسے میں ان کے خاندان، کمپنی میں کام کرنے والے اہل کاروں اور متعلقہ انڈسٹری پر کیا گزرے گی۔
مذکورہ اسکینڈلز سامنے آنے کے بعد پتا چلا کہ جین سن نہ صرف اپنی شریکِ حیات بلکہ اپنے ساتھ کام کرنے والی خواتین کے لیے بھی قابلِ بھروسا نہیں اور ان انکشافات کا دُنیا بَھر کی توجّہ کا مرکز بننا حیرت کی بات نہیں۔ جین سن نے اپنے حریفوں کو خُود کو نیچا دکھانے کا یہ موقع خُود فراہم کیا ہے۔
آج وہ ٹیکنالوجی کے میدان میں خُود کو دیوتا سمجھنے والے افراد کے لیے مقامِ عبرت بن گئے ہیں کہ ان اسکینڈلز نے اُنہیں اپنے دفاع کے قابل بھی نہیں چھوڑا۔ اس موقعے پر ٹرمپ اور شی جن جیسے دوست بھی سوائے اُن کے غیر معمولی کام اور مہارت کی تعریف کے کچھ نہ کر سکے۔
چینی خاتون جاسوس سے تعلقات کے الزمات نےانہیں سیکیوریٹی رِسک بنا دیا۔ امریکا اور مغربی دُنیا کے رہنماؤں اور اہلِ دانش نے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ اسکینڈلز کی تفتیش اور الزامات ثابت ہونے پر کارروائی کی جائے، وگرنہ امریکی معاشی نظام کو شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔
یاد رہے، امریکا نے معیشت، ٹیکنالوجی اور تجارت کے میدان میں ہمیشہ چین کو اپنا سب سے بڑا حریف قرار دیا ہے اور اگر جین سن کی وجہ سے امریکا کے اہم ترین راز یا اطلاعات، جن کا تعلق اس کی عالمی لیڈر شپ سے ہے، اس کے حریف کے پاس پہنچ جائیں، تو اُس کی حالت کا اندازہ لگانا مشکل نہیں۔ چُوں کہ اس واقعے کے بعد امریکی سلامتی پر غیرمعمولی سوالات اُٹھنے لگے ہیں، اس لیے کانگریس نے جین سن کو جواب دہی کے لیے طلب کیا ہے۔
واضح رہے، جین سن ہوانگ کوئی اعلیٰ حکومتی عُہدے دار نہیں تھے بلکہ وہ ایک کمپنی کے مالک تھے، جو حسّاس مصنوعات تیار کرتی ہے۔ مذکورہ اسکینڈلز سامنے آنے کے بعد وہ بہ آسانی یہ کہہ کر کام کرتے رہتے کہ میری ذاتی کمپنی ہے اور مجھ پر لگائے گئے الزامات میری ذاتی زندگی سے متعلق ہیں لیکن انہوں نے اپنی اہلیہ اور خاندان سے کُھلے عام معافی بھی مانگ لی۔
پھر یہ بھی ذہن نشین رہےکہ اس قسم کا اسکینڈل ایک ایسے معاشرے میں سامنے آیا کہ جہاں مَرد وعورت کو غیر معمولی آزادی حاصل ہے، لیکن اسی معاشرے میں ایک ذاتی کمپنی کے مالک نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق اسکینڈل سامنے آنے پر کسی دباؤ کے بغیر استعفیٰ دے دیا۔ یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر یہی صُورتِ حال ہمارے مُلک میں پیش آتی، تو کیا کوئی مستعفی ہوتا بلکہ ایسے لیجنڈ کے چاہنے والے فوراً اسے سیاسی انتقام کہہ ڈالتے، نیز اسے ذاتی معاملہ کہہ کر دبانے کی کوشش کی جاتی، کیوں کہ ہم تو جس شخص کو ’’دیوتا‘‘ کا درجہ دے دیں، وہ ہر غلطی، گناہ سے مبرا ہو جاتا ہے۔
اگر کوئی اُس کی کسی غلطی کی نشان دہی بھی کرے، تو اُس کے حمایتی مرنے مارنے پر تُل جاتے ہیں۔ جین سن نے محض اپنی ذات پر لگائے گئے الزامات کی وجہ سے استعفیٰ دیا اور اس ضمن میں اہم نکتہ یہ ہے کہ جو شخص اپنی اہلیہ اور بچّوں کو دھوکا دے سکتا ہے، کیا وہ قابلِ بھروسا ہے؟ ایسا شخص چاہے کتنا ہی نابغۂ روزگار کیوں نہ ہو، کیا اپنے جذبات پر قابو نہ رکھنے کے باعث کسی سرکاری عُہدے کا اہل ہے؟ کیا ایسے شخص کو کسی مُلک یا ادارے سے متعلق حسّاس معاملات کی ذمّےداری سونپی جا سکتی ہے کہ جو ذاتی زندگی میں دھوکا دہی کا مرتکب ہوا ہو؟ کیا کوئی مذہب یا نظریہ اس بات کی اجازت دیتا ہے؟
بلاشُبہ جین سن نے ٹیکنالوجی کی ترقّی میں جو حصّہ ڈالا، شاید کوئی سربراہِ مملکت، دانش وَر، سائنس داں اور تاجر اس کا دعویٰ نہیں کرسکتا اور خُود پر لگائے گئے الزامات کو فوراً قبول کر کے بھی اُس نے غیر معمولی حوصلے اور جرأت کا مظاہرہ کیا۔ کیا پاکستان جیسے معاشرے میں ایسا ممکن ہے، جہاں ہر ایرا غیرا ’’لیجنڈ‘‘ کہلاتا ہے۔ لوگ اُس کو باقاعدہ آئیڈیلائزڈ کرتے ہیں۔
اُس کے حمایتی اُسے ایک ایسے بلند مقام پر بٹھا دیتے ہیں کہ جہاں انصاف یا سچائی کی پہنچ نہیں ہوتی، کیوں کہ وہ اپنے ہر گناہ کو اپنی ذاتی زندگی کی آڑ میں چُھپا لیتا ہے اور ہمارے معاشرے کی کم زوری اُسے مکمل حمایت اور طاقت فراہم کرتی ہے۔
بےشک مذکورہ اسکینڈل مغربی دُنیا کا پہلا اسکینڈل نہیں، لیکن ہمارے جیسے معاشروں کو اس سے سبق سیکھنا چاہیے اور اگر کوئی لیجنڈ بھی اپنی پیشہ ورانہ یا ذاتی زندگی میں ذمّے داری کا مظاہرہ نہیں کرتا، دھوکا دہی میں ملوّث ہے اور عام آدمی کی مانند جلد ہی جذبات کا شکار ہوجاتا ہے، تو وہ کسی ایسے عُہدے کے لائق ہرگز نہیں ہو سکتا کہ جس سے کروڑوں افراد کا مستقبل وابستہ ہو۔
جین سن کو کسی عدالت نے مستعفی ہونے کا حُکم نہیں دیا بلکہ اُس نے خُود اپنے غلط کاریوں کا اعتراف کیا اور این ویڈیا کو خیرباد کہہ دیا۔ یہ محض اس کا حوصلہ نہیں بلکہ مغربی معاشرے کی اقدار کی مضبوطی اور عوامی طاقت کا مظاہرہ ہے، جو پوری دُنیا کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ این ویڈیا اسکینڈل کی کہانی معاشرے کے ہر فرد کو پڑھنی چاہیے کہ یہ صرف غیر معمولی ذہانت کے حامل اور کام یاب شخص کے عروج و زوال کی کہانی نہیں بلکہ ایک معاشرے کی اعلیٰ اقدار کی بھی عکّاس ہے۔
کسی بھی مُلک کو دُنیا کی قیادت ایسے ہی نہیں مل جاتی بلکہ اس کے لیے عوام کا کردار اور انتخاب بھی معنی رکھتا ہے۔ یاد رہے، صرف رشوت خوری، کرپشن نہیں بلکہ خلوت و جلوت میں تضاد بھی کرپشن ہے۔ اگر کسی مُلک کے عوام خود کھرے اور سچے ہوں، تو انہیں کسی پر دباؤ ڈالنے کی ضرورت نہیں پڑتی بلکہ مجرم خود آگے بڑھ کر اعترافِ جرم کر لیتا ہے۔ بلاشبہ، کوئی شخص ناگزیر نہیں، باقی رہنے والی ذات صرف خالقِ کائنات کی ہے۔