وطنِ عزیز کا صوبہ بلوچستان قدرتی حُسن اور تاریخی اہمیت کے اعتبار سے ایک ممتاز مقام رکھتا ہے۔ سنگلاخ پہاڑوں، ریتلے ساحلی صحراؤں، وسیع میدانوں اور خو ب صُورت وادیوں پر مشتمل یہ خطہ اپنے دامن میں کئی قدیم تہذیبوں کے آثار سموئے ہوئے ہے۔
بظاہر خشک اور بنجر نظر آنے والی اس سر زمین کا ماضی آج کے موسموں سے خاصا مختلف تھا۔ آج چند ہی نخلستان اور سرسبز وادیاں ہیں، جنھیں مون سون کے موسم میں بارشیں ہونے پر وجود میں آنے والے عارضی دریا سیراب کرتے ہیں، مگر بہت سے لوگ یہ بات نہیں جانتے کہ ہزاروں برس قبل بلوچستان کی آب وہوا کافی نم اور خوش گوار تھی، خصوصاً مون سون میں آج کے مقابلے میں زیادہ بارشیں ہوتی تھیں۔
موسم عموماً خوش گوار رہتا، نہ بہت زیادہ گرمی ہوتی، نہ ہی سردی بلکہ سال کے بیش تر مہینوں میں موسم معتدل رہتا تھا۔ ماہرین آثارِ قدیمہ کے مطابق اسی خوش گوار موسم سے متاثر ہو کر سندھ اور پنجاب میں مقیم خانہ بدوش قبائل نے بلوچستان میں ایک بستی بسائی اور وہاں مستقل طور پر آباد ہو کرایک پُر سُکون زندگی گزارنے لگے۔
ان خانہ بدوشوں کو یہ علم نہ تھا کہ یہ بستی رفتہ رفتہ جنوبی ایشیا کی نہیں بلکہ دنیا کے اُن اولیّن شہروں میں شمار ہوگی، جہاں انسانی تہذیب و تمّدن نے جنم لیا اور ارتقائی مراحل سے گزری۔ آج ہم اس بستی کو ’’مہر گڑھ ‘‘کے نام سے جانتے ہیں۔ یہ محض ایک تاریخی مقام نہیں بلکہ انسانی زندگی کے اُس دُور کی داستان ہے، جب انسان نے خانہ بدوش زندگی سے نکل کر مستقل رہائش، زراعت اور اجتماعی طرزِ زندگی کی جانب قدم بڑھایا۔
مہر گڑھ بلو چستان کے ضلع کچھی (سابقہ ضلع بولان ) کے قریب بولان درّے میں واقع ہے اور یہ محض ایک میوزیم (عجائب گھر )نہیں ، بلوچستان کا ایک اُہم تاریخی اور آثارِ قدیمہ کا مقام (Archaeological Site ) ہے اور اس کا شماردنیا کی قدیم ترین انسانی آبادیوں اور ابتدائی زرعی تہذیبوں میں ہوتا ہے، جہاں سے ہزاروں سال پرانی انسانی تہذیب کے آثار دریافت ہوئے ہیں۔
مہرگڑھ کی قدیم آبادی تقریباً 7000 قبل مسیح سے منسوب کی جاتی ہے۔ یہ 7000 قبل مسیح میں ایک باقاعدہ انسانی بستی بنا اور پھر 2500 قبل مسیح تک آباد رہا۔ ان ساڑھے چار ہزار برس کے دوران دریائے بولان کا بہاؤ بدلنے کی وجہ سے اسے قریب ہی مختلف جگہوں پر آباد کرنا پڑا۔ ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے ان ساڑھے چار ہزار برسوں کو آٹھ ادوار میں تقسیم کیا ہے۔
مہر گڑھ تقریباً نو ہزار سال قدیم انسانی تہذیب کے آثار کا حامل مقام ہے۔ تاریخ کے سینے میں دفن داستانیں، جب آثارِ قدیمہ کی صُورت سامنے آتی ہیں، تو انسانی تہذیب کے کئی گوشے روشن ہو جاتے ہیں۔ مہر گڑھ کے لوگ زراعت، گلہّ بانی اور دست کاری سے واقف تھے۔ آثار ِ قدیمہ سے اس بات کا اندازہ ہوتا ہے کہ یہاں کے باشندے کچی اینٹوں سے مکانات اور اناج ذخیرہ کرنے کے لیے مخصوص عمارات بناتے تھے۔
بعد کے ادوار میں مٹی کے برتن بنانے، زیورات تیار کرنے اور دھات کے استعمال کے شواہد بھی ملتے ہیں۔ بلوچستان کے محکمہ ٔثقافت کے مطابق مہرگڑھ میں 17 ہزار سے زائد نوادرات محفوظ ہیںاوریہاں محفوظ ہزاروں تاریخی نوادرات محض ماضی کی یادگاریں نہیں، بلکہ اس خطے میں انسانی زندگی کے ارتقا، سماجی شعور اور تخلیقی صلاحیتوں کی خاموش گواہی بھی ہیں۔
گزشتہ دنوں اس ضمن میں کراچی کے تاریخی ’’فرئیر ہال ‘‘ میں بلوچستان کے پہلے امریکن ایمبیسیڈرز فنڈ فار کلچرل پریزرویشن (اے ایف سی پی) پراجیکٹ کی ایک کام یاب تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں امریکی ناظم الامور اور نواب زادہ زرین مگسی، سندھ ایکسپلوریشن اینڈایڈونچر سوسائٹی(سیز)کی قیادت، ماہرین آثار ِقدیمہ، ثقافت وتاریخ سے وابستہ افراد، سفارتی حلقوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
یہ پراجیکٹ بلوچستان میں اے ایف سی پی کے تحت شروع کیا جانے والا پہلا اقدام ہے۔ سیز اور محکمۂ ثقافت بلوچستان کے اشتراک سے مکمل کیے جانے والے اس منصوبے کے تحت قدیم نیئولیتھک (حجری دُور) اور تاریخی مہر گڑھ تہذیب کے آثارِ قدیمہ کو محفوظ کیا گیا ہے۔
عجائب گھر کی کیوریشن کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید یت سے آراستہ کیا گیا ہے، جب کہ اس کے ساتھ عوام میں آگاہی کے دائرہ کار کو وسعت دی گئی ہے اور آثار کی طویل مدّتی دیکھ بھال یقینی بنانے کے لیے مقامی ماہرینِ ثقافت کو تربیت بھی فراہم کی گئی ہے۔ تقریب میں مہرگڑھ کے تاریخی ورثے کے تحفّظ کے لیے پاکستان اور امریکا کے اشتراک کی اہمیت کو اُجاگر کیا گیا، جب کہ شرکا نے اس منصوبے کی تکمیل کو ثقافتی وَرثے کے تحفّظ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔
اس منصوبے کی تکمیل کے ساتھ ہی اے ایف سی پی کا دائرہ کار اب پاکستان کے چاروں صوبوں تک پھیل چکا ہے، جو پاکستان کے عظیم الشان ثقافتی وَرثے کی حفاظت کے لیے ریاست ہائے متحدہ امریکا کے دیرپا عزم کی عکّاسی کرتا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی ناظم الامور (اور اب پاکستان میں امریکی سفیر ) نیٹلی بیکر نے پائے دار نتائج کے حصول اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان باہمی اعتماد کو استحکام دینے کے لیے امریکی مہارت کے کلیدی کردار پر زور دیا۔
نیٹلی بیکر کا کہنا تھا کہ’ ’آج ہمیں اس امر پر دلی مسرت ہے کہ عجائب گھروں اور ثقافتی وَرثے کے تحفّظ میں اعلیٰ امریکی مہارت کی بدولت مہر گڑھ عجائب گھر بلوچستان، 9000سال قدیم مہر گڑھ تہذیب اور دیگر تاریخی ادوار کو شان دار انداز میں اُجاگر کرے گا۔ اس نوعیت کے منصوبے اس حقیقت کا ثبوت ہیں کہ امریکی مہارت دیرپا اور واضح نتائج دیتی ہے، جو نہ صرف تاریخ کو محفوظ بناتے ہیں بلکہ روزگار کے مواقع پیدا کر کے مقامی برادریوں کو بھی بااختیار بناتے ہیں۔‘‘
واضح رہے، امریکا اور پاکستان کے باہمی اشتراک سے عظیم الشان وَرثے کی حفاظت ممکن بنائی جا رہی ہے۔ تقریب میں نیٹلی بیکر کے ساتھ پارلیمانی سیکرٹری نواب زادہ زرّین مگسی اور پراجیکٹ لیڈرز ڈاکٹر اسماء ابراہیم اور ڈاکٹر کلیم اللہ لاشاری نے ایک یادگاری تختی کی نقاب کشائی بھی کی ،جو رواں ماہ کوئٹہ میں مہر گڑھ میوزیم کی باضابطہ دوبارہ کشادگی سے قبل میوزیم کے مرکزی دروازے پر نصب کی جائے گی۔
نیز، تقریب کے دوران پروجیکٹر پر مہر گڑھ کے قدیم آثار اور تاریخی وَرثے کی تصاویر پیش کی گئیں، جن میں شرکانے گہری دل چسپی کا ا ظہار کیا۔ اس موقعے پر اُجاگر ہونے والی مہرگڑھ کی ہزاروں سالہ تاریخ نے ایک بار پھر اس حقیقت کی یاد دہانی کرائی کہ کسی قوم کا ثقافتی وَرثہ اس کی شناخت اور تاریخی شعور کا بنیادی سرمایہ ہوتا ہے۔