حضرت احنف ؓ بن قیس عرب کے مشہور ومعروف قبیلے بنو تمیم کے سردار اور جلیل القدر تابعی تھے، جنہوں نے فتح ِخراسان کا اہم معرکہ سر کیا۔ آپؓ اپنی سیاسی بصیرت، بُردباری اور حق گوئی کی وجہ سے خلفائے راشدین اور اموی حکم رانوں کے یہاں انتہائی قدرومنزلت کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔ تاریخِ اسلام میں اُن کی حِلم و دانائی ضرب المثل ہے۔ بُردباری، استقامت اور حق گوئی اُن کے اخلاقی اوصاف تھے۔
حضرت احنفؓ عہدِ نبویﷺ میں حیات تھے، مگر ضعیف والدہ کی خدمت کے سبب زیارتِ نبویﷺ سے محروم رہے۔ والدہ کی اجازت کے باوجود طویل سفر اور کمزور و ناتواں والدہ کو اکیلا چھوڑنے سے گریز کیا۔ والدہ نے انہیں کئی بار مدینہ منورہ جانے کی اجازت دی، لیکن طویل فاصلہ کے سبب والدہ کو تنہا چھوڑنا مناسب نہ سمجھا، جس کی وجہ سےشرفِ صحابیت سے محروم رہے۔
حسب نسب: آپ کا نام ضحاک، والد کا نام قیس، کنیت ابوبحر مگر احنف کے نام سے مشہور ہوئے۔ اس کی وجۂ تسمیہ یہ ہے کہ آپ کے پیروں میں پیدائشی طور پر ٹیڑھا پن تھا، جسے عربی میں احنف، یعنی ٹیڑھے پاؤں والا کہتے ہیں۔ آپ کا نسب نامہ یوں ہے۔ احنف ابن قیس بن معاویہ بن حصین حفص بن عباد ہ بن نزال بن مرہ بن عبید بن مقاعس بن عمرو بن کعب ابن سعد بن زید۔
آپ قبیلہ بنو تمیم کے نام وَر سرداروں میں سے تھے۔ بنو تمیم عرب کا وہ مشہور قبیلہ ہے، جس سے متعلق اللہ کے نبیﷺ نے فرمایا کہ ’’مَیں بنو تمیم سے محبت کرتا ہوں، یہ لوگ دجال کے مقابلے میں میری امّت میں سب سے سخت مخالف ثابت ہوں گے ۔(صحیح بخاری، حدیث2543)۔
قبولِ اسلام کا واقعہ: یہ 8ہجری کاروح پرور واقعہ ہے، جب دربارِ نبوت سے ایک جلیل القدر صحابیؓ کو قبیلہ بنو تمیم میں تبلیغِ دین کی ذمّے داری سونپ کر روانہ کیا گیا۔ قبیلے کے ہزاروں افراد ایک وسیع میدان میں جمع ہوئے، جہاں صحابیِ رسول ؐ نے طویل اور پُر تاثیر خطاب میں اسلامی تعلیمات کا خلاصہ پیش کیا۔ گھنٹوں جاری رہنے والی اس ایمان افروز گفتگو نے حاضرین کےدل موہ لیے اور پورے مجمعے پر ایک وجدانی کیفیت طاری ہو گئی۔
بصرہ کے اس اجتماع میں حق کی بات سن کر سب لوگ خاموش تھے اور اپنے پرانے عقائد چھوڑنے کی ہمّت نہیں رکھتے تھے۔ ایسے میں پست قد، کم زور جسم اور ٹیڑھے پاؤں والے نوعُمر احنفؓ اٹھے اور بصرہ والوں کو اس ایمان افروز دعوت کی یاد دلائی۔ ’’اے بصرہ کے رہنے والو! اے میرے قبیلے کے لوگو! کیا آج سے پہلے تم نے کبھی کسی کے منہ سے حق وانصاف پر مبنی ایسی اثر انگیز اور ایمان افروز گفتگو سنی ہے۔
واللہ، اس دعوت کے بعد تو یوں محسوس ہوتا ہے کہ ہم آج تک جہالت کے اندھیروں میں تھے۔ اس ایمان افروز دعوت پر سب سے پہلےمَیں خود کو اسلام قبول کرنے کے لیے پیش کرتا ہوں۔‘‘حضرت احنفؓ کی بات سن کر پورے مجمعے نے اسلام قبول کر لیا۔ بعدازاں، مبلغ صحابیؓ نے مدینہ منورہ واپس جا کر رسول اللہ ﷺ کو اس پورے واقعے کی تفصیل بتائی۔ رسول اللہ ﷺ نے حضرت احنف بن قیسؓ کی جرأت پر خوش ہو کر فرمایا۔’’اے اللہ! احنف کی مغفرت فرما۔‘‘ (بحوالہ، ابنِ سعد)۔
سیّدنا عمر فاروقؓ کی خدمت میں: حضرت احنفؓ سیدنا عمر فاروقؓ کے عہدِ خلافت میں ایک وفد کے ساتھ مدینہ تشریف لائے۔ اُس وقت آپؓ اپنے قبیلے کے سردار تھے۔ خلیفۂ وقت کے سامنے اپنے قبیلے اور اہلِ بصرہ کی کچھ معروضات پیش کیں۔ حضرت عمرؓ نے ان کے حوالے سے بہت کچھ سن رکھا تھا، لیکن جب انہوں نے نہایت دلیری اور دانش مندی کے ساتھ اپنے خیالات کا اظہار کیا، تو سیّدنا عمر فاروقؓ بے حد متاثر ہوئے اور ان سے درخواست کی کہ وہ کچھ عرصہ مدینے میں قیام فرمائیں۔
چناں چہ ایک سال تک وہ مدینے میں مقیم اور بیش تر وقت خلیفہ ٔ وقت کی خدمت میں حاضر رہے۔ ایک سال کا طویل عرصہ گزرنے کے بعد، حضرت عمر فاروقؓ نے انہیں باعزت طور پر اُن کے آبائی وطن بصرہ روانہ کر دیا۔ اس موقعے پر امیر المومنین نے بصرہ کے والی، حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ کو خصوصی تحریری ہدایات جاری کیں کہ وہ موصوف کو اپنے قریب رکھیں اور اہم امور میں ان کے مشوروں سے بھرپور استفادہ کریں۔
یہ وہ دَور تھا، جب مسلمان فتوحات کا سلسلہ آگے بڑھاتے ہوئے ایران کی طرف پیش قدمی کر رہے تھے، اور اسی فیصلہ کن معرکے میں حضرت احنف بن قیس بھی مجاہدین کے قافلے کے ساتھ اس بابرکت جہاد کا حصّہ بن گئے۔
اور خراسان فتح ہوگیا : عراق کی فتح کے بعد مجاہدین کا ایک وفد دربارِ خلافت میں حاضر ہوا۔ خلیفۂ دوم، سیّدنا عمر فاروقؓ نے ایرانیوں کی بار بار کی بغاوتوں کی اصل وجہ دریافت کی، جس کا تسلّی بخش جواب وفد کے پاس نہ تھا۔ اسی وفد میں شامل حضرت احنف بن قیسؓ نے برجستہ مؤقف اختیار کیا کہ جب تک ایرانی سلطنت کا وارث زندہ اور موجود ہے، بغاوتیں ختم نہیں ہوں گی۔
انہوں نے مشورہ دیا کہ مسلمان ایران کے اندرونی علاقوں کا رُخ کریں، شہنشاہِ فارس یزدگرد کا تعاقب کریں اور فتوحات کا دائرہ وسیع کریں۔ سیّدنا عمر فاروقؓ نے اس سیاسی اور عسکری بصیرت کو سراہا اور فوری طور پر ایران پر هہمہ جہت فوج کشی کے احکامات جاری کر دیے۔
چوں کہ یزدگرد کے خاتمے کا مشورہ حضرت احنفؓ نے دیا تھا، اس لیے انہیں خراسان میں پناہ گزیں شہنشاہِ فارس یزدگرد کا قلع قمع کرنے اور خطے میں مستقل امن قائم کرنے کے لیے ایک عظیم لشکر کا سپہ سالار مقرر کیا گیا۔
حضرت احنفؓ نے خراسان میں داخل ہو کر بزورِ قوت ہرات فتح کرلیا۔ یزدگرد وہاں سے فرار ہوکر مروال شاہ جہاں جا پہنچا۔ حضرت احنفؓ نے وہاں جانے سے قبل حضرت مطرفؓ بن عبد اللہ کو نیشاپور کی طرف اور حضرت حارث بن حسانؓ کو سرنس کی طرف روانہ کیا۔ جب حضرت احنفؓ مرو ال شاہ جہاں کے قریب پہنچے، تو یزدگرد وہاں سے مرو ال روز کی طرف چلا گیا۔
حضرت احنف مروال شاہ جہاں فتح کر کے وہاں فروکش ہوگئے۔ شہنشاہِ فارس، یزدگرد بے سروسامانی کی حالت میں تھا، اس نے مرو ال روز جاتے ہی ترکوں کے بادشاہ خاقان اور چین کے بادشاہوں کو اپنی مدد اور استعانت کے خطوط لکھے۔ حضرت احنف کو جب یہ خبر ملی تو آپؓ نے مرو ال شاہ جہاں پرحضرت حارثہ بن نعمانؓ کو نائب مقرر کرکے مرو ال روزکا قصد کیا۔
اسی اثناء میں حضرت احنف کے پاس کوفی فوجیں بھی چار امراء کے ساتھ پہنچ گئیں۔ اورجب یزدگرد کو آپؓ کی روانگی کا علم ہوا تو وہ رات کی تاریکی میں بلخ کی جانب نکل گیا۔ آپؓ کی بلخ میں یزدگرد کے ساتھ مڈبھیڑ ہوئی۔ اللہ تعالیٰ نے اُسے شکست دی اور وہ اپنی باقی ماندہ فوج کے ساتھ بھاگ کھڑا ہوا۔ حضرت احنف بن قیسؓ نے دریا عبور کیا ،جس کے بعد خراسان کی حکومت ان کے قبضے میں آگئی۔ آپؓنے خراسان کے ہر شہر میں اپنا ایک امیر مقرر کیا۔
بعدازاں مرو ال روز میں فروکش ہوگئے۔ اللہ تعالیٰ نے مجوسیوں کی عظیم سلطنت مسلمانوں کی جھولی میں ڈال دی۔ شہنشاہِ فارس یزدگرد اپنی اس بدترین شکست کے باوجود اپنی سازشی حرکتوں سے باز نہ آیا۔ اُس نے ترکی کے بادشاہ، خاقانِ اعظم سے مدد طلب کی اور ایک بڑی فوج کے ساتھ بلخ شہر پر حملہ آور ہوگیا۔ حضرت احنف بن قیس باشندگان کوفہ وبصرہ کے ساتھ میدانِ جنگ پہنچے تو مجاہدین کی کُل تعداد بیس ہزار تھی۔
حضرت احنف نے میدانِ جنگ میں مجاہدین کے درمیان ایک ولولہ انگیز تقریر کرتے ہوئے فرمایا۔’’اے مجاہدینِ اسلام! اللہ جانتا ہے کہ تم دشمن کے مقابلے میں تعداد میں تھوڑے ہو، لیکن خوف زدہ نہ ہونا، تاریخ میں بہت سی چھوٹی جماعتوں کا ذکرہے، جنھوں نے اذنِ الٰہی سے بڑی جماعتوں پر غلبہ پایا۔ یاد رکھو! اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔‘‘ جنگ کے دوران ترک دن کو تو جنگ کرتے، لیکن رات ہوتے ہی گھاٹیوں میں چُھپ جاتے۔
ترکوں کا دستور تھا کہ صبح میدانِ جنگ میں نکلنے سے قبل اپنے ادھیڑ عُمر تین سواروں کو یکے بعد دیگرے باہر بھیجتے، جب وہ تینوں ایک ایک کرکے اپنا طبل بجادیتے، تو عام فوج باہر نکلتی۔ حضرت احنف کو جب اس بات کی اطلاع ملی تو ایک صبح آپؓ نے ایک ایک کر کے تینوں سواروں کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔ شاہ خاقان نے جب اپنے سواروں کا یہ حال دیکھا، تو اسے اپنے لیے بدشگونی قراردیا اور اپنی فوج کے ساتھ واپس پلٹ گیا۔
یزدگرد نے ناکام ونامراد ہونے کے بعد ایک اورچال چلی۔ اس نے شاہِ چین سے مدد مانگنے کے لیے اپنا ایلچی بھیجا۔ شاہ چین نے بذریعہ ایلچی ان لوگوں کی تفصیل معلوم کی، جن سے اسے جنگ کرنا تھی۔ تمام ترتفصیلات سے مکمل آگاہی کے بعد شاہِ چین نے یزدگرد کے نام ایک خط لکھ کر ایلچی کے حوالے کر دیا۔
اس نے لکھا۔’’اے شاہِ فارس! مجھے اس بات سے کوئی امرمانع نہیں کہ مَیں آپ کی طرف وہ فوج بھیجوں، جس کا پہلا حصّہ مروشہر میں اور آخری حصّہ چین کے بے راستہ جنگلات میں ہو اور ایسا کرنا مجھ پرواجب ہے، لیکن آپ کے ایلچی نے جن لوگوں کا حال مجھ سے بیان کیا ہے، ان کی صفت یہ ہے کہ اگر وہ پہاڑوں کا قصد کریں، تو انہیں بھی زمیں بوس کردیں۔ اور اگر میں تمہاری مدد کوآؤں، تو جب تک وہ اس حالت میں ہیں، جو تمہارے ایلچی نے میرے سامنے بیان کی ہے۔ وہ مجھے بھی تباہ وبرباد کر دیں گے۔
میرا مشورہ ہے کہ ان سے جنگ کے بجائے راضی نامہ اور مصالحت کرلو کہ یہی تمہارے لیے بہتر ہے۔‘‘ شاہِ چین کے اس خط نے یزدگرد کو اس قدر مایوس کیا کہ وہ گوشہ نشین ہو گیا، یہاں تک کہ حضرت عثمانؓ کی امارت کے دو سال بعد قتل ہوگیا۔ یوں ساسانی سلطنت کا آخری بادشاہ واصلِ جہنم ہوا۔
حضرت احنف بن قیس نے امیر المومینن سیّدنا عُمر فاروقؓ کو خط لکھ کر عظیم فتح کی خوش خبری سُنائی اور مالِ غنیمت بھی ساتھ روانہ کیا۔ حضرت عُمر فاروقؓ نے منبر پر کھڑے ہوکر حاضرین کے سامنے خط سُنا اور سورئہ توبہ کی آیت 33تلاوت فرمائی۔ ’’بلاشبہ، اللہ تعالیٰ نے اپنے پیغمبر کو ہدایت اور دینِ حق کے ساتھ مبعوث فرمایا، تاکہ اسے تمام ادیان پر غالب کرے۔
اگرچہ کافر ناخوش ہی ہوں۔‘‘ پس، اس ربّ کا شُکر ہے کہ جس نے اپنا وعدہ پورا کیا اور اپنی فوج کی مدد کی۔ آگاہ رہو، اللہ تعالیٰ نے مجوسیوں کے بادشاہ کو نیست ونابود اور ان کے ماننے والوں کو پریشان وبدحال کردیا ہے، اب وہ اپنے مُلک کی ایک بالشت زمین پر بھی قابض نہیں، جوکسی مسلمان کو نقصان دے سکے۔
آگاہ رہو! اللہ تعالیٰ نے ان لوگوں کی زمینوں، گھروں، اموال اور بیٹوں کا تمہیں وارث بنایا ہے، تاکہ دیکھے کہ تم کیا کرتے ہو، پس اس کا حکم بجا لاؤ، وہ تم سے اپنا عہد پورا کرے گا اور تمہیں اپنا وعدہ دے گا، اور بدل نہ جانا، ورنہ وہ تمہارے بدلے دوسرے لوگ لے آئے گا اور مجھے اس امّت کے بارے میں کوئی خوف نہیں۔ سوائے اس کے کہ وہ تم سے پہلے والے لوگوں کے سے کام کرے۔‘‘(البدایہ والنہایہ، اردو ترجمہ نفیس اکیڈمی، جِلد ہفتم،صفحہ171تا174)۔
یوں ملک فارس کے شاہی آتش کدوں میں2500قبل مسیح میں روشن ہونے والی زرتشی آگ کے بھڑکتے ہوئے شعلوں کودینِ اسلام کی ایمان افروز ہواؤں نے ہمیشہ کے لیے بجھا دیا اور خلیج فارس میں اسلام کا سورج بڑی آب وتاب کے ساتھ روشن ہوا۔
حضرت علیؓ کے ہاتھوں بیعت: خلیفۂ سوم، سیّدنا عثمان غنیؓ کی شہادت کے بعد حضرت احنف نے حضرت علی مرتضیٰ ؓ کے ہاتھوں پر بیعت کرلی تھی۔ جنگِ صفین میں حضرت احنف نے نہ صرف خود شرکت کی بلکہ اپنے قبیلے اور اہل بصرہ کو بھی اس بات پر آمادہ کیا کہ وہ امیر المومنین سیدنا علی مرتضیٰؓ کی بھرپور اعانت کریں۔ جنگ ِصفین کے بعد جب حضرت علی مرتضیٰؓ نے خوارج کے خلاف فوج کشی کی، تو حضرت احنف اہلِ بصرہ کے کئی ہزار جوانوں کے ساتھ اس مُہم میں پیش پیش رہے۔(ابن اثیر3-414)۔
مناقب: حضرت احنف بن قیس رسول اللہ ﷺ کی زیارتِ اقدس سے تو محروم رہے، لیکن اللہ کے نبیﷺ نے آپؓ کے لیے خصوصی دُعا فرمائی تھی، چناں چہ آپؓ کا مرتبہ صحابہ سے کم نہیں۔ اپنی والدہ کے انتقال کے بعد امیر المومنین حضرت عمر فاروق کے عہدِ خلافت میں مدینہ تشریف لائے۔ آپؓ کو جن اکابر صحابہؓ کی صحبت میں وقت گزارنے کا شرف حاصل ہوا، اُن میں سیّدنا عمر فاروقؓ، سیّدنا عثمان غنیؓ، سیّدنا علی مرتضیٰؓ، حضرت سعد بن ابی وقاصؓ، حضرت عبداللہ بن سعدؓ اور حضرت ابوزر غفاریؓ جیسے جلیل القدر اصحاب شامل ہیں۔
حضرت احنفؓ نہایت دانا، عقل مند اور عقل وخرد کے پیکر اور خار زارِ سیاست وسیادت کے بادشاہ تھے۔ غیر معمولی عقل ودانش اور فہم وفراست کے ساتھ زہدوتقویٰ اور عبادت وریاضت کے دھنی تھے۔ رات کی تنہائیوں میں اپنے ربّ کے حضورخُوب گڑگڑاتے اور اپنے لیے معافی کے خواستگار ہوتے۔
تلاوتِ قرآن کریم سے عشق تھا۔ قرآن فہمی کا کوئی موقع ہاتھ سے نہ جانے دیتے۔ حضرت احنف کا قول ہے کہ ہر مسلمان کو تین کام کرنے میں زیادہ جلدی کرنی چاہیے(1) نماز پڑھنے میں، جب اس کا وقت ہوجائے(2) جنازے اور تدفین میں شرکت کرنے میں اور(3) لڑکی کی شادی کرنے میں، جب اس کی نسبت طے ہوجائے(ابن سعد)۔
وفات: حضرت احنف بن قیسؓ کا انتقال 72ہجری (687عیسوی) میں67 برس کی عمر میں کوفے میں ہوا، جہاں وہ حضرت مصعب بن عمیرؓ سے ملاقات کے لیے تشریف لائے تھے۔ اس دوران کوفے ہی میں بیمار پڑگئے اور حالتِ علالت میں اپنے ربّ کے حضور پیش ہوگئے۔