• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزلیات: جب دھوپ اُگی ہوئی ہو تو پرچھائیاں پرکھ ...

ذکی طارق بارہ بنکوی، سعادت گنج، بارہ بنکی، یوپی، بھارت

جب دھوپ اُگی ہوئی ہو تو پرچھائیاں پرکھ

چہرہ نہ پڑھ، خیال کی سچائیاں پرکھ

جو سانس سانس درد سے مہکائیں جسم کو

اے طالبِ شمیم وہ پُروائیاں پرکھ

ان سے ہی شش جہات میں ہیں میری شہرتیں

اس زاویے سے تو مِری رسوائیاں پرکھ

راتوں کی تیرگی میں ہی تارے چمکتے ہیں

ویرانیوں میں انجمن آرائیاں پرکھ

نورِ سحر ہی آمدِ شب کی دلیل ہے

وقتِ وصال آئی ہے تو تنہائیاں پرکھ

تو صرف اُن پہاڑوں کی اونچائیاں نہ جانچ

پہلے ذرا ندی کی بھی گہرائیاں پرکھ

٭٭٭

جمیل ادیب سید

اندھیرے پھیل گئے، روشنی تمام ہوئی

جمیل ادیب اُٹھو، گھر چلو کہ شام ہوئی

عجیب خواب تھا آنکھوں میں زہر گھول گیا

کچھ ایسے آنکھ کُھلی، زندگی حرام ہوئی

مِری صدائیں تجھے ڈھونڈتی ہیں، تُو ہے کہاں

یہ جستجو، یہ طلب جب سے تیرے نام ہوئی

ہیں میرے سامنے میری مسرتوں کے کھنڈر

وہ آرزو، وہ محبّت خیالِ خام ہوئی

مَیں زندگی کے سفر میں فریبِ منزل ہوں

وہ کارواں کہ جسے راستے میں شام ہوئی

٭٭٭

علی امجد، ساہی وال

محبت وقفِ یاس ہوچُکی

زیست سراسر پیاس ہوچُکی

دل ہے کوئی منتظرِ چوکھٹ

آنکھ سراپا آس ہوچُکی

جس کی حقیقت نہیں کوئی

زندگی خیال و قیاس ہوچُکی

اُٹھتی نہیں مجھ پر کوئی مہرباں نظر

ساری دنیا مِری غم شناس ہوچُکی

٭٭٭

ناقابلِ اشاعت نگارشات اور اُن کے تخلیق کاربرائے صفحہ’’متفرق‘‘

٭ سی جے پی کا اضطراب (نجم السحر)٭ داتا گنج بخش علی ہجویری (بابر سلیم خان، سلامت پورہ، لاہور) ٭چھالیا کی قدروقیمت (محمّد یامین، لیاقت آباد، کراچی) ٭ پاکستان کا مستقبل (نسرین خلیل) ٭ مندرجات پر تبصرے کےنام پر پوری کتاب (ایم شمیم نوید، کراچی) ٭منہگائی کے اژدھے (صبا احمد، کراچی) ٭ہیرا نند پھیروانی (حسیب نایاب منگی)۔

برائے صفحہ ’’پیارا گھر‘‘

٭ جب زینت، زخم بن جائے (زویا نعیم، حافظ آباد) ٭ پُرفضا ماحول، مٹی کی سوندھی خوشبو (افروزعنایت) ٭ لاکھوں دیپ جلے (روزینہ خورشید)۔

سنڈے میگزین سے مزید