• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’فلاسفی‘‘ یونانی لفظ ہے جس کے اصل معنی عقل و دانش سے محبت ہے۔ یونانیوں کی ذہانت و فطانت سب سے زیادہ فلسفے کے شعبے ہی میں نمایاں ہوئی۔ یہ کہنا تو مبالغہ ہوگا کہ فلسفہ یونان کی ایجاد ہے کیوں کہ یونان میں فلسفے کے آغاز ( 6 ویں صدی ق م ) سے پہلے چین اور ہندوستان میں بھی فلسفے کا آغاز ہو چکا تھا۔

اس کے علاوہ ابتدا میں مصر اور بابل کے افکار و نظریات سے یونانی مفکرین متاثر ہوئے تھے۔ تاہم ،یونانی فلسفہ بعد میں اپنی بعض مخصوص خصوصیات کے باعث منفرد بن گیا جن میں اہم ایک یہ ہے کہ یہاں کے فلسفیوں نے پہلی بار کائنات کو مذہبی یا دیو مالائی کے بجائے عقل کے حوالے سے جاننے کی کوشش شروع کی جس سے بتدریج فکری ارتقاء ہونے لگا اور فلسفہ کا مقصد کائنات و انسان کا مطالعہ اور زندگی کا صحیح راستہ متعین کرنا ٹھہرا۔

بیشتر ابتدائی یونانی فلسفہ کائنات کو Unifying اصولوں کی بنیاد پر تشریح کرنے کی کاوشوں پر مرکوز رہا۔ اس کے ساتھ یہ جاننا کہ کائنات کا اصل اور اساسی عنصر یا جوہر کیا ہے؟بعد میں 5ویں صدی کے وسط سے سو فیسٹ (Sophist) کہلائے جانے والے مفکرین نے کائنات کی ماہیت جاننے کے بجائے اس میں انسان کے مقام پر تفکر کرنے کو رواج دیا۔

’’فلسفہ‘‘ تفکّر، سوچ بچار اور نظریات کا نام ہے۔ یہ سماجی علوم اور اخلاقیات جیسے موضوعات سے متعلق گہری، وسیع فکر پر مشتمل ہوتا ہے اور اِس علمِ فلسفہ ہی کے باعث انسان کائنات کی اصل حقیقت سمجھنے کی جانب متوجّہ ہوا۔ 

فلسفے کی شروعات قدیم یونان کے تفکّرات بھرے ماحول میں ہوئی اور مغربی فلسفے کی عمارت کی بنیاد کھڑی کرنے میں یونانی فلاسفہ تھالیز، سقراط، افلاطون، فیثاغورث اورارسطو وغیرہ ہی کا بنیادی کردار ہے، جنہوں نےکائنات کے مختلف اسرار ورموز پر اپنے نظریات پیش کیے، جب کہ ان ہی مفکّرین کے نظریات نے یونانی فلسفے کوبامِ عروج تک پہنچایا۔

ذیل میں چند نام وَر یونانی فلاسفہ کا مختصر تعارف پیش کیا جا رہا ہے۔

تھالیز: تھالیز، جسےعام طور پر’’تھیلس‘‘ بھی کہا جاتا ہے، بحیرۂ روم کےساحل پر واقع یونانی شہر، ایونیا میں 624قبل مسیح میں پیدا ہوا۔ یہ یونان کا قدیم ترین فلسفی تھا اور اس کا شمار یونان کے سات داناؤں میں ہوتا تھا۔ انسانی تاریخ میں سب سے پہلے سورج گرہن کی نشان دہی585قبل مسیح میں تھالیز ہی نے کی، جو سچ ثابت ہوئی اور وہ عوام الناس میں مقبول ہوگیا۔

تھالیز وہ پہلا فلسفی تھا، جس نے تخلیقِ کائنات کو سائنسی انداز میں واضح کیا، جب کہ سال کے365دنوں کا تصوّر بھی اسی کا پیش کردہ ہے۔ علاوہ ازیں، تھالیز کو فلکیات اور الجبرا جیسےمشکل مضامین میں بھی کمال حاصل تھا اور وہ اپنے’’نظریۂ کائنات‘‘ کی باعث مشہور ہوا۔

فیثا غورث: فیثا غورث 570 قبل مسیح میں یونان میں پیدا ہوا۔ گرچہ وہ ایک فلسفی، ریاضی داں اور سائنس دان تھا، لیکن ماہر ریاضی داں کی حیثیت سے زیادہ مشہور ہوا۔ فیثا غورث کے بارے میں مؤرخین کا ماننا ہے کہ وہ کسی بھی دوسرے فلسفی سے زیادہ گہرائی تک جا کر تحقیق کرنے کا عادی تھا اور جب تک کام یابی حاصل نہ کرلیتا، چین سےنہ بیٹھتا۔

اس نے فلکیات، ریاضی اور جغرافیے کے شعبوں میں اہم کام کیا، خصوصاً فلکیات کے شعبے میں کارہائے نمایاں انجام دیے۔ فیثا غورث کا علمی وَرثہ گراں قدر ہے، جب کہ فلکیات، ریاضی اور جغرافیے کے میدان میں اُس کی تصانیف بھی خاصی مقبول ہیں۔

بقراط: یہ عظیم یونانی طبیب 460 قبل مسیح میں یونان کے شہر، کوس میں پیدا ہوا۔ اس کے والد کا نام رافیس تھا۔ بقراط علمِ طب کا ماہر تھا۔ تاہم علمِ فلسفہ کے باعث زیادہ شُہرت پائی۔ بقراط نے علم حاصل کرنے میں 16 برس صرف کیے، جب کہ باقی عُمر تحریروتصنیف میں گزاری۔ اُس کا تاریخی کارنامہ سائنسی علاج کی بنیاد ہے اور اِسی وجہ سے بقراط کو ’’بابائے طب‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔

بقراط کا شمار یونان کے مشہور اطباء میں ہوتا ہے اور طب کی باقاعدہ ترویج کا سہرا اِسی کے سَر ہے۔ بقراط نے تقریباً 70 برس کی عُمر پائی اور یونانی شہر، لاریسا میں اس کی وفات ہوئی۔ بقراط کے چند مشہور اقوال ہیں۔ ’’اپنی سنجیدگی برقرار رکھو، کم بات کرو اور اپنی بات کو ہر بُرے شخص سے بچائے رکھو۔‘‘ ’’اگر تمھیں بہت دولت مل جائے، تو رب کا شُکر کرو اور چھین لی جائے، تو ناشُکری مت کرو۔‘‘’’تمہیں ہراُس بات کا علم ہونا چاہیے، جس کے بغیر تم کبھی بھی شرمندگی سے دوچار ہو سکتے ہو۔‘‘

سقراط : سقراط یونان کے شہر، ایتھنز میں 470 قبل مسیح میں پیدا ہوا۔ اُس کا آبائی پیشہ مجسمہ سازی تھا۔اُس کی والدہ گرجا گھر کی خدمت پر مامورتھیں۔ سقراط نے بچپن میں بہت مشکلات کا سامنا کیا، انتہائی غُربت میں زندگی گزاری۔ ابتدا میں اُس نے اپنے والد کے ساتھ مجسمے بنانےہی کا کام کیا اور بعد ازاں کئی یونانی جنگوں میں حصّہ لیا۔ پھرعلم و ادب کی طرف مائل ہوا اورمرتے دَم تک علم کی جستجو ہی میں رہا۔

سقراط اچّھی صفات کا مالک تھا۔ اُس نے پانچویں صدی قبل مسیح میں یونان میں مغربی فلسفے کی بنیاد رکھی اور مسلسل غوروفکر کے باعث عُمر کے آخری حصّے میں دیوتاؤں کے وجود سے انکار کردیا، جس کے نتیجےمیں ایتھنز کی عدالت نے 399 قبل مسیح میں اُسے سزائے موت سنائی۔ روایات کےمطابق سقراط نے زہر کا پیالا پی کر خودکُشی کرنی تھی اور اُس نے حق کی خاطر زہر کا پیالا پی لیا۔

سقراط کا طریقۂ تعلیم و تدریس یہ تھا کہ وہ اپنے شاگردوں سے سوالات پوچھتا اور پھر اُنہیں خود ہی جوابات تلاش کرنے کی سرگرمی دیتا، جس سے اُن طلبہ میں سوال پوچھنے غور و فکر کرنےکی عادت پیدا ہوتی۔ سقراط کے چند مشہور اقوال ہیں۔’’جہالت کا مقابلہ کرنا چاہیے اور اجتماعی مفاد کو انفرادی پر ہمیشہ مقدّم رکھنا چاہیے۔‘‘ ’’انسان کو انصاف وظلم اور سچ وجھوٹ میں ہمیشہ تمیز کرنی چاہیے۔‘‘’’نیکی علم ہے،اس لیے اس کی تعلیم ہوسکتی ہے۔‘‘ ’’سچّا آدمی موت سے نہیں، بلکہ برُے اعمال سے گھبراتا ہے۔‘‘

افلاطون : نام وَر فلسفی، افلاطون 460 قبل مسیح میں یونان کے تعلیمی گھرانے میں پیدا ہوا۔ نوجوانی میں اُس کی ملاقات سقراط سے ہوئی اور پھر وہ اس کا شاگرد بن گیا۔ افلاطون کو یہ منفرد اعزازحاصل ہےکہ وہ مایہ ناز فلسفی سقراط کا شاگرد اور مشہور فلسفی ارسطو کا استاد ہے۔ افلاطون نے اپنی زندگی کا نصف حصّہ درس وتدریس میں گزارا۔

اس کی قائم کردہ درس گاہ سے 900سال تک لوگ فیض یاب ہوتے رہے، حتیٰ کہ ارسطو نے بھی اُسی میں تعلیم حاصل کی۔ بعدازاں، اسی درس گاہ میں افلاطون نے مغربی فلسفے، سائنس اور ریاضی کی بنیاد رکھی۔ فلسفے میں تحریری مکالمے کی ابتدا افلاطون نے کی اور اس کے نظریات نے فلسفے کی تاریخ میں اہم مقام حاصل کیا۔

ارسطو : افلاطون کا شاگرد ارسطو 384 قبل مسیح میں یونان میں پیدا ہوا۔ اس کےوالد کا شمارشاہی حکماء میں ہوتا تھا۔ ارسطو نےابتدائی تعلیم اپنے والد ہی سے حاصل کی۔ دس سال کی عُمر میں اُس کے والد کا انتقال ہوا، تو وہ اپنے رشتے داروں کے ہاں رہنے لگا۔ اٹھارہ سال کی عُمر میں یہ افلاطون کی درس گاہ میں داخل ہوا اور پھروہیں تعلیم حاصل کی۔

مشہورِ زمانہ فاتح، سکندرِ اعظم بھی ارسطو کا شاگرد تھا۔ سکندرِاعظم نے تقریباً تین سال تک ارسطو سے تعلیم و تربیت حاصل کی۔ ارسطو علمِ طب، حیوانیات، ریاضی، علمِ ہئیت، سیاسیات، طبیعیات اور اخلاقیات میں اعلیٰ مقام رکھتا تھا۔ ارسطو نےفلسفے کے ساتھ کئی مضامین سے متعلق کتابیں لکھیں، جن میں طبیعیات، حیاتیات، نفسیات، معاشیات، لسانیات اور ارضیات شامل ہیں۔

ارسطو وہ پہلا عالم تھا، جس نےعلمی اصلاحات نافذ کیں اورعلمی تحقیقات پر متعدد کُتب تحریر کیں۔ اس کی مشہور ترین کتابوں میں ’’ایتھیکس‘‘ اور ’’پالیٹیکس‘‘ شامل ہیں۔

ارشمیدس : عظیم یونانی ریاضی دان ارشمیدس 287 قبل مسیح میں یونان میں پیدا ہوا۔ ارشمیدس نے حیاتیات، علم ِہندسہ، علم فلکیات اور بنیادی علوم پر اہم تحقیقات کیں۔ ارشمیدس کی تحقیقات نےعلمِ فلسفہ پر بھی گہرا اثر ڈالا۔ اس کے والد ایک ماہر ریاضی دان تھے اور ابتدائی تعلیم اس نے اپنے والد ہی سے حاصل کی۔ ارشمیدس نےایک ایسا بڑا عدسہ بنایا، جس سے سورج کی روشنی گزر کرتیزحرارت کے باعث دُورکی چیزیں جلا دیتی تھی۔

اس کی تیار کردہ توپیں اس قدر طاقت وَر تھیں کہ یونان کے شہر کا محاصرہ کرنے والی افواج کو شہر پر قبضہ کرنے میں تین سے چار سال لگے۔ شہر پرقبضہ کرنے کے بعد فوج کے سپہ سالار نے ارشمیدس کو معاف کرنے کا حُکم جاری کیا، لیکن ایک سپاہی نےطیش میں آکر اسے قتل کرڈالا۔

ارشمیدس کو قدیم یونانی ریاضی دانوں میں سب سے بڑا ریاضی دان مانا جاتا ہے۔ اس نے حیاتیات، کششِ ثقل اور مادّے پر اہم تحقیقات کیں۔ ارشمیدس کے ایجاد کردہ ریاضی کے فارمولے آج بھی استعمال ہوتے ہیں۔ خصوصاًاصولِ ارشمیدس اس کا سب سے بڑا کارنامہ ہے۔

سنڈے میگزین سے مزید