کراچی (اسٹاف رپورٹر) داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی اکیڈمک کونسل کا 20؍ واں اجلاس گزشتہ روز جامعہ کے کانفرنس روم میں وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین (تمغہ امتیاز ) کی زیر صدارت منعقد کیا گیا۔ اجلاس کے آغاز میں وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین کی قیادت میں اکیڈمک کونسل نے 2 نئے بیچلر آف سائنس (بی ایس) پروگراموں کے لیے اسکیم آف اسٹڈیز کی منظوری دی۔ یہ پروگرام روہڑی سکھر میں واقع سینٹر فار انٹرپرینیورشپ مینجمنٹ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجیز (CEMET) میں شروع کیے جانے والے ہیں۔ منظور شدہ پروگراموں میں بی ایس مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی اور بی ایس انڈسٹریل مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی شامل ہیں۔ اجلاس میں این ای ڈی یونیورسٹی کی فیکلٹی آف مکینیکل اینڈ مینوفیکچرنگ انجینئرنگ کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر سید عامر اقبال ، حکومت سندھ کے کالج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی سیکرٹری احسن اللہ لغاری ، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید بھٹو، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر سید آصف علی شاہ، ڈینز، چیئرپرسنز اور داؤد یونیورسٹی کے دیگر فیکلٹی ممبران نے بھی بھرپور شرکت کی۔