اسلام آباد(نمائندہ جنگ)جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے اتفاق رائے سے قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ مسٹر جسٹس عرفان سعادت کو بطور جج سپریم کورٹ میں ترقی دینے کی سفارش کردی،جوڈیشل کمیشن کے سیکرٹری کی پریس ریلیز کے مطابق جمعہ کو چیف جسٹس/چیئرمین جوڈیشل کمیشن ، مسٹرجسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا،جس میں جسٹس عرفان سعادت کو سپریم کورٹ میں ترقی دینے پر غور کیا گیا اورچیف جسٹس نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ جسٹس عرفان سعادت خان مطلوبہ معیار پر پوارا اترتے ہیں ،تجربہ کار اورتمام ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان اور ججوں میں سب سے سینئر جج ہیں، جس پر اجلاس میں موجود تمام اراکین نے متفقہ طور پر ان کی نامزدگی کی منظوری دے دی،جس کی توثیق وفاقی وزیر قانون نے بھی تحریری طور پر کی ہے جو کہ اس بیرون ملک گئے ہوئے ہیں ،آئین کے آرٹیکل 75A کی ذیلی شق (8) ا ور (12) کے تحت جسٹس عرفان سعادت خان کی نامزدگی کو حتمی منظوری کے لئے اعلیٰ عدلیہ میں ججوں کی تقرری کی پارلیمانی کمیٹی کو بھجوایا جائے گا۔