لاہور ( جنرل رپورٹر ) سینئر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ حسن عرفان کی جانب سے اپنی خیراتی تنظیم کی مدد سے ریلوے اسٹیشن لاہور پر قلیوں کے لیے روزانہ کی بنیاد پر ناشتے کا اہتمام کردیا گیا ہے۔ اس موقع پر ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے لاہور حنیف گل بھی سینئر ایڈووکیٹ کے ہمراہ موجود تھے۔ اس کے علاوہ ڈویژنل ٹرانسپورٹیشن آفیسر ناصر نزیر، ڈویژنل پرسانل آفیسر شیریں حنا اصغر، ڈویژنل کمرشل آفیسر غلام فرید اسد کے علاوہ سٹیشن مینجر ظفر اقبال بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈی ایس ریلوے لاہور اور سینئر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے قلیوں میں کھانا تقسیم کیا اور دیگر افسران کے ہمراہ قلیوں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا بھی کھایا۔ ڈی ایس ریلوے محمد حنیف گل کا سینیئر ایڈوکیٹ سپریم کورٹ کے اچھے کاموں کی تعریف کرتے ہوئےکہنا تھا کہ حسن عرفان فلاحی، ،رفاہی اور خیراتی کاموں میں میں بڑھ چڑھ کے حصہ لیتے ہیں تاہم سینیئر ایڈوکیٹ سپریم کورٹ کی جانب سے قلیوں کیلئے معیاری ناشتے کا اہتمام ایک احسن اقدام ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے دنوں میں کم آمدن والے قلیوں اور محنت کشوں کیلئے ناشتے کا اہتمام ایک صدقہ جاریہ ہے۔ ڈی ایس ریلوے نے گفتگو کے دوران کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر قلیوں کے لیے ناشتے کا اہتمام کرنے پر مخیر حضرات کو اللہ تعالی اجرعظیم دے۔