• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں سی پیک پرجیکٹس کو توانائی فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں، ایرانی سفیر

لاہور (آصف محمود بٹ) پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل گزشتہ کئی سالوں سے صرف چند ممالک کے ہاتھوں میں کھیل رہی ہے اور مسئلہ فلسطین اور کشمیر سمیت مسلم امہ سے متعلقہ دیگر مسائل کو حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

ایران پاکستان میں جاری سی پیک پراجیکٹس کو توانائی فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔

عرب ممالک کے اسرائیل کے ساتھ ڈائیلاگ بڑی سٹرٹیجک غلطی ہے،سعودی عرب کی موجودہ قیادت یہ سمجھنا شروع ہوگئی ہے کہ امریکہ اب ماضی جیسی طاقت نہیں رہا،فلسطین اور اسرائیل دو ریاستی پلان اسرائیل نے خود ہی بنایا تھا جو اب اسے قابل قبول نہیں۔

 ایران اور پاکستان کے دشمن وہ ہیں جو یہاں بدامنی کو فروغ دے رہے ہیں۔ ہوسکتا ہے ہم جسے پاکستان کا دشمن سمجھ رہے ہوں پاکستان کسی وجہ سے اسے اپنا دشمن نہ سمجھتا ہو۔

 پاک ایران تعلقات میں دشمن رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کر سکتا ہے،عرب ممالک کے صہیونی ریاست اسرائیل کے ساتھ ڈائیلاگ ایک بڑی سٹرٹیجک غلطی ہے ، اسرائیل صرف فلسطین پر قبضہ نہیں چاہتا بلکہ مغربی کنارے سے دریائے فرات تک قبضہ کرکے تمام عرب خطے کو اپنی ریاست کا حصہ سمجھتا ہے۔ ہم نے فلسطین کی ریاست کے متعلق ایک جمہوری فارمولا پیش کیا جسے پہلے مان کر اب قبول نہیں کیا جا رہا۔

 اسرائیل کے خلاف حماس کے موجودہ آپریشن کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ۔ دنیا حیران ہے کہ ایران کی بجائے حماس نے اسرائیل پر حملوں کی پلاننگ کی۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ’’جنگ‘‘ سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔ 

ڈاکٹر رضا امیری نے کہا کہ اگر مسلم عرب ہوش میں نہ آئے تو اسرائیل کے ان عزائم کو نہیں روک پائیں گے۔ 42سال سے صہیونی ریاست کو تسلیم نہیں کیا، اسلامی جمہوریہ ایران کے قیام سے قبل فلسطینی غلیل اور پتھر کے ساتھ اسرائیل سے لڑ رہے تھے اور آج فلسطینی راکٹ سے لڑ رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ فلسطین کی جتنی ایران نے مدد کی ہے کسی دوسرے ملک نے نہیں کی۔ کوئی شک نہیں کہ اسرائیل اس وقت فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے ۔

ایرانی سفیر نے کہا نہ کبھی اسرائیل کو تسلیم کیا نہ آئندہ کبھی کریں گے۔ ایران نے ہمیشہ حق کاساتھ دیا اس پر ہمیں فخر ہے ۔

 ڈاکٹر رضا امیری نے کہا کہ اسرائیل بربریت کو اس مقام پر لے گیا ہے کہ یورپ اور انگلینڈ میں بھی اس کے خلاف لاکھوں لوگ سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔

 ایرانی سفیر نے کہا سعودی عرب کے ساتھ دوستانہ اور باہمی تعلقات کو فروغ دیں گے اور امید کرتے ہیں کہ سعودی عرب بھی معاملات کو اسی نگاہ سے دیکھے گا۔

 انہوں نے کہا کہ کچھ سال قبل ایک حادثے کی وجہ سے سعودی عرب نے ہمارے ساتھ تعلقات توڑے لیکن ہم نے کبھی سعودی عرب کے ساتھ تعلقات نہیں توڑے۔ 

انہوں نے کہا کہ ہم خطے کے دو اہم ممالک ایران اور سعودی عرب کے تعلقات کو خطے میں مفاد میں سمجھتے ہیں۔

 ڈاکٹر رضا امیری نے کہا سعودی عرب کی موجودہ قیادت یہ سمجھنا شروع ہوگئی ہے کہ امریکہ اب ماضی جیسی طاقت نہیں رہا وہ ہمارے اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں رکاوٹ پیدا نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے سعودی عرب سمیت تمام ملکوں سے تعلقات کو فروغ دیا۔

 عراقی کے ساتھ آٹھ سالہ جنگ میں عرب ممالک نے صدام حسین کا ساتھ دیا جس کے بعد یہ ثابت ہوا کہ صدام نہ صرف ہمارا دشمن تھا بلکہ عربوں کا بھی دشمن نکلا۔ 

ایرانی سفیر نے کہا پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت کا حجم دو ارب چالیس کروڑ ڈالر ہے جس کو دس گنا بڑھا سکتے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تیار ہونے والی مصنوعات ایران کی ستر فیصد ضروریات کو پورا کرسکتی ہیں۔

 پاکستان ایران کو چاول،گندم دالیں اور گوشت سمیت دیگر چیزیں بھجوا کر کثیر زر مبادلہ حاصل کرسکتا ہے جبکہ ایران سے پاکستان بھجوائی جانے والی چیزوں میں سرفہرست تیل، اور بلڈنگ میٹریل ہے۔

اہم خبریں سے مزید