اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سائفر کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران خصوصی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کر دی، چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزمان خفیہ دستاویزات کی معلومات سے متعلق رابطوں میں ملوث پائے گئے، سائفر ٹیلی گرام کے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا، قومی سلامتی کے برعکس ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا، سابق وزیراعظم نے بد دیانتی اور بدنیتی سے جان بوجھ کر سائفر تحویل میں رکھا،یہ انتہائی خفیہ دستاویز جسےکسی صورت شیئر نہیں کیاجاسکتا،جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کیس جھوٹا، من گھڑت اور سیاسی انتقام پر مبنی ہے،بیگناہی ثابت کرونگا، دونوں ملزمان چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود کا صحت جرم سے انکار کر دیا۔ دوسری جانب اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کے ترجمان عمیر نیازی کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے صحت جرم سے انکار کیا ہے، فرد جرم کے آرڈر کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق سائفر کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران خصوصی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کر دی ۔ خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے گواہان کو طلب کرتے ہوئے سماعت 27 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ پیر کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے سائفر کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں کی۔ ملزمان چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم جبکہ پراسیکیوٹر اور ایف آئی اے کی ٹیم بھی عدالت میں پیش ہوئی۔ وکلا صفائی نے فرد جرم کی کارروائی روکنے کی درخواست دائر کی تاہم پراسیکیوٹر شاہ خاور نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاخیری حربہ ہے ، آج کی کارروائی صرف فرد جرم کیلئے ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ فرد جرم کی کارروائی روکنے کی درخواست مسترد اور فرد جرم عائد کی جائے۔ خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے فرد جرم روکنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تاریخ فرد جرم کیلئے مقرر کی تھی ، فرد جرم عائد کی جاتی ہے۔ عدالت نے دونوں ملزمان پر فرد جرم عائد کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی نے صحت جرم تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ جھوٹا ، من گھڑت اور سیاسی انتقام پر مبنی کیس ہے ، بے گناہی ثابت کروں گا۔ اس پر خصوصی عدالت نے سماعت 27 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے گواہان کو طلب کر لیا۔دوسری جانب این این آئی کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کے ترجمان عمیر نیازی نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران سائفر کیس سے متعلق ہونے والی سماعت کا احوال سناتے ہوئے انہوںنے کہاکہ چیئرمین پی ٹی آئی نے عدالت میں کہا کہ سازش میرے خلاف ہوئی، میری حکومت گئی، جس میٹنگ کا ذکر کیا گیا اسکے منٹس بھی موجود نہیں، جس سائفر کا ذکر کیا گیا وہ سرے سے کاغذات میں موجود ہی نہیں۔عمیر نیازی کے مطابق سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ لندن پلان کا پہلے سے علم تھا، یہ پلان پی ٹی آئی کو بلڈوز کرنے کیلئے بنایا گیا تھا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے عام انتخابات اور نواز شریف سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف امپائر کو ملا کر کھیلتے ہیں، نواز شریف اس وقت تک الیکشن میں نہیں آسکتے جب تک مرضی کے امپائر نہ ہوں۔
kk