کراچی ( اسٹاف رپورٹر) جمعیت علمائے اسلام سندھ کے زیر اہتمام سندھ امن و طوفان اقصیٰ مارچ کا سندھ سے آغاز، 2 نومبر کو کراچی میں اختتام ہوگا، اختتامی جلسہ عام سے مولانا فضل الرحمنٰ سمیت فلسطینی رہنما خطاب کریں گے، شہر بھر میں سندھ امن و طوفان اقصی مارچ کی کامیابی کیلئے بھرپور تیاریاں جاری ہیں، جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما قاری محمد عثمان نے جےیوآئی ضلع کیماڑی کی مجلس عاملہ، پی ایسز کے امراء و نظماء کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پر نااہل طبقہ مسلط تھا، اندرون سندھ سمیت کراچی کو موہن جو داڑو میں بدل دیا گیا ہے، شہر کا انفراسٹرکچر تباہ کردیا گیا ہے، سندھ امن مارچ سندھ کے مظلوموں، کسانوں، ہاریوں اور ہر طبقے کی آواز بن چکا ہے، 22 اکتوبر سے مولانا راشد محمود سومرو کی سربراہی میں سندھ امن مارچ کا آغاز ہوچکا ہے ، سندھ پر 15 سال سے قابض نااہل طبقے نے سندھ کو سو سال پیچھے دھکیل دیا ہے، جمعیت علمائے اسلام سندھ کے باسیوں کیلئے امید کی کرن بن کر میدان عمل میں ہے۔