کراچی(اسٹاف رپورٹر) مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان سنی تحریک صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری شامی نے کہا ہے کہ پاکستان میں بھارت ریاستی دہشتگردی میں ملوث ہے،عالمی برادری نوٹس لے،بھارتی خفیہ ایجنسیاں پاکستان میں اپنے سہولت کاروں کو فنڈنگ کر رہی ہیں۔ایک بیان میں کہا کہ بھارت طویل عرصے سے پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کر کے ملک میں دہشتگردی کی وارداتیں کروانے میں براہ راست ملوث ہے۔بھارتی خفیہ ایجنسیاں پاکستان کے اندر اپنے سہولت کاروں کو منظم انداز میں فنڈنگ،لاجسٹک سپورٹ اور تربیت فراہم کر رہی ہیں تاکہ پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی ریاستی دہشتگردی اب کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہی۔چاہے بلوچستان ہو،خیبر پختونخوا ہو یا دیگر حساس علاقے،ہر جگہ بھارتی مداخلت کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔بلال سلیم قادری کا مزید کہنا تھا کہ افواج پاکستان اور سکیورٹی ادارے ملک کے دفاع کے لئے ہر لمحہ تیار ہیں اور بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔