کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیرِ اہتمام افواجِ پاکستان سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کے لئے عظیم الشان اور ولولہ انگیز مظاہرہ منعقد کیا گیا، مظاہرے میں حق پرست اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی صبحین غوری، اعجاز الحق، فہیم پٹنی مظاہر امیر، نصیر احمد عوام کارکنان اور ذمہ داران کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور وطنِ عزیز کے دفاع کے لئے پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سینئر مرکزی رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ بانیانِ پاکستان کی اولادوں پر مشتمل یہ مجمع اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ وطن بنانے اور اس کی حفاظت کے لئے آج بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقاء سلامتی استحکام اور تعمیر و ترقی کی بات ہو تو کراچی ہمیشہ سب سے پہلے اپنے آپ کو ملک پر نچھاور کرنے کے لیے پیش کرتا ہے افواجِ پاکستان کے ساتھ ایم کیو ایم پاکستان کا رشتہ لازم و ملزوم ہے، ڈاکٹر فاروق ستار نے بھارت اور افغانستان کے گٹھ جوڑ کو عالمی دہشت گردی کے نیٹ ورک کا سرپرست قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہائیوں پر محیط مہمان نوازی کا صلہ پاکستان کو دہشت گردی کی صورت میں ملا لاکھوں افغانوں کو عزت روزگار شناخت اور پاسپورٹ دیئے گئے مگر اب صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔