کراچی(اسٹاف رپورٹر)مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ باقر عباس زیدی نےکہا ہےکہ ایران پر حملہ عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی اور مشرقِ وسطیٰ کو جنگ میں دھکیلنے کی سازش ہے،اقوامِ متحدہ اسرائیلی و امریکی جنگی جرائم کا فوری نوٹس لے۔ ایران پر حملے خطے کے استحکام کو تباہ کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگی جرائم جارحانہ کارروائیاں خطے کو تباہی کی طرف لے جا رہی ہے۔حالیہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں خطے میں بڑھتی ہوئی صہیونی جارحیت عالمی امن کے لئے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ پورے خطے کو ایک وسیع جنگ کی طرف دھکیلنے کے مترادف ہے۔اگر صورتحال کو فوری طور پر نہ سنبھالا گیا تو اس کے اثرات مشرقِ وسطیٰ سے باہر بھی محسوس کئے جا سکتے ہیں۔انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کے مبینہ مشترکہ اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ایران سمیت خطے کے دیگر ممالک و عوام اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کریں گے۔عالمی برادری، خصوصاً اقوام متحدہ فوری مداخلت اور کشیدگی میں کمی کے لئے عملی اقدامات کرے۔مسلم ممالک خطہ میں بڑھتی ہوئی امریکی و اسرائیلی جارحیت کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں تاکہ خطے کو مزید عدم استحکام سے بچایا جا سکتا۔