• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت، ایران کا ساتھ دینے کا واضح اعلان کرے، حافظ نعیم الرحمٰن

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نےکہا ہے کہ پاکستان حکومت ، ایران کا ساتھ دینے کا واضح اعلان کرے، حملہ صرف ایران پر نہیں، بلکہ ان کی نظریں پاکستان کے نیوکلیئر پروگرام پر ہیں۔ وہ اسٹوڈنٹ گراؤنڈ بی ون ایریا لیاقت آباد میں جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کے تحت جینے دو کراچی جلسہ عام ودعوت افطار سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور امیریکہ کا ایران پر حملہ کھلی دہشت گردی ہے، ایران پر ہونے والا حملہ صرف ایران پر نہیں، بلکہ ان کی نظریں پاکستان کے نیوکلیئر پروگرام پر ہیں،پوری قوم ایران کے ساتھ ہے اور حکومت پاکستان بھی دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے واضح طور پر ایران کا ساتھ دینے کا اعلان کرے،جنگ کی آگ کو روکنے کے لئے پاکستان فوری اپنا کردار ادا کرے۔ چین اور روس کو آن بورڈ لے کر امریکہ کی دہشت گردی کانوٹس لیا جائے۔ افغان حکومت جب اقتدار میں آئی تھی پورے پاکستان نے ویلکم کیا تھا۔ آج بھی عوا م کے دل افغانیوں کے لئے کھلے ہیں لیکن وہ اپنی صفوں میں سے کالی بھیڑوں کو نکالیں۔ حکومت پاکستان افغانستان سے بامقصد مذاکرات کرے۔ آپس میں لڑ کر امریکہ، اسرائیل اور بھارت کوخوش نہیں کرنا چاہئے۔ افغانستان کو بھی سمجھ لینا چاہئے کہ بھارت مسلمانوں کا کبھی بھی دوست نہیں بن سکتا۔ جلسے سے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج،ٹاؤن چیئرمین گلبرگ نصرت اللہ،ٹاؤن چیئرمین لیاقت آباد فراز حسیب و دیگر نے بھی خطاب کیا،جلسے میں خواتین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ اسرائیل و امریکہ نے ایران پر حملہ کرکے ایک بار پھر دہشت گردی کا مظاہرہ کیا ہے، اسکول پر حملے میں 40 سے زائد طالبات شہید ہوئی ہیں۔ عالم کفر متحد ہوکر ایک طرف مسلمانوں کے خلاف بمباری کررہا ہے اور دوسری طرف مسلمانوں کو آپس میں لڑوا رہے ہیں۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید