• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ، اسرائیلی بمباری، 704 فلسطینی شہید، مسلم ممالک اسرائیل سے تعلقات ختم کریں، حماس

کراچی (نیوز ڈیسک)اسرائیلی فورسز نے غزہ پر ایک بار پھر بموں کی بارش کردی ، خوفناک بمباری میں مزید 704فلسطینی شہید ہوگئے ،غزہ میں شہداء کی تعداد 5ہزار 800سے بڑھ گئی ہے ،اسرائیلی لڑاکا طیاروں کے اسپتالوں کے قریب بھی فضائی حملے ، مزید سیکڑوں عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں جبکہ ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ہیں ، صہیونی فورسز کا کہنا ہے کہ انہوں نے غزہ میں 400سے زائد مقامات کو نشانہ بنایا ہے ،فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ کے اسپتالوں میں مزید زخمیوں کا علاج نا ممکن ہوگیا ہے ،ایندھن ختم ہونے سے متعدد اسپتالوں میں جنریٹرز نے بھی کام کرنا بند کردیا ہے ، 40سے زائد طبی مراکز میں بم حملوں میں زخمی مریضوں کے آپریشنز بھی بند کردیئے گئے ہیں جبکہ 15اسپتال مکمل طور پرغیر فعال ہوچکے ہیں،اقوا م متحدہ کا کہنا ہے کہ غزہ میں ایندھن نہ پہنچنے کے باعث انسانی المیہ جنم لینے کا خدشہ ہے ،عالمی ادارہ صحت نے غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی کیلئے فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے ،اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ غزہ کیلئے تیل کا ایک قطرہ فراہم نہیں کیا جائے گا ، اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ منگل کے روز غزہ کیلئے 20ٹرک امداد کی فراہمی نہ ہوسکی ، ترجمان اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ امید ہے یہ ٹرک منگل کو غزہ جائیں گے ، حماس رہنما اسامہ حمدان نے عرب، اسلامی ممالک اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت رُکوانے کیلئے اخلاقی اور سیاسی ذمہ داری نبھائیں، لبنان کے دارالحکومت بیروت میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران انہوں نے مسلم اور عر ب ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کیساتھ تعلقات ختم کریں اور اسرائیل کیساتھ تعلقات قائم کرنے کی کوششیں کرنے والے ممالک یہ عمل ترک کردیں،فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہا ہے کہ داعش کے خلاف لڑنے والا اتحاد حماس سے بھی لڑے، دہشت گردی اسرائیل اور فرانس کا مشترکہ دشمن ہے اور اسرائیل اس جنگ میں اکیلا نہیں ہے، فلسطینی صدر محمود عباس سے بھی ملاقات کی ہے جس میںفلسطینی رہنما نے ان سے مطالبہ کیا کہ غزہ پر جارحیت فوری طور پر رکوائی جائے، میکرون نے کہا کہ شہریوں کے قتل کا کوئی جواز نہیں ہوسکتا، اردن کے وزیراعظم ایمن صفادی نے سلامتی کونسل میں بحث کے دوران کہا کہ اگر کونسل نے مداخلت نہ کی تو موت کا گھن چکر جاری رہے گا ، امریکی صدر جوبائیڈن نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے ، وائٹ ہاوس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے غزہ کی صورتحال پر بات چیت کی اور اس معاملے پر اتفاق کیا کہ جنگ کا دائرہ بڑھنے نہ دیا جائے، کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ان کی حکومت جنگ بندی کی حمایت کرتی ہے ، اسرائیل کی قید میں دوسرا فلسطینی قیدی شہید ہوگیا ہے ، فلسطینی ہیومن رائٹس آرگنائزیشن نے ریڈ کراس پر زور دیا ہے کہ وہ ان قیدیوں کے قتل کی تحقیقات کریں ، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے ایک بار پھر جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے ،انہوں نے کہا ہے کہ حماس کے حملوں کو اسرائیل فلسطینیوں کو دی جانے والے اجتماعی سزا ک لیے دفاع کے طور پیش نہیں کرسکتا۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں انتونیو گوتریس نے غزہ کے لیے انسانی بنیاد پر امداد جاری رکھنے پر زور دیا۔وائٹ ہاوس کا کہنا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کا فائدہ صرف حماس کو ہوگا تاہم ان کا کہنا تھا کہ انسانی بنیاد وں پر جنگ بندی صرف امداد کی فراہمی کیلئے ہونی چاہئے ، امریکا کا کہنا ہے کہ عراق اور شام میں امریکا اور اس کے اتحادیوں کے فوجی اڈوں پر گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 13مرتبہ راکٹوں اور ڈرونز سے حملے ہوئے ہیں ، پینٹاگون کےترجمان مطابق 10حملے عراق اور 3حملے شام میں کئے گئے ، انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ یہ حملے کس نے کئے ہیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ ایرانی پاسداران انقلاب نے ان حملوں میں معاونت فراہم کی تھی ،اسرائیلی فورسز کا کہنا ہے کہ انہوں نےشام سے دو راکٹ حملوں کے بعد شامی علاقے پر توپخانے سے گولہ باری کی ہے ، فلسطینی اعلیٰ سفارت کار نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے "قتل عام" کو روکنے کے لیے عدم فعالیت کی مذمت کی ہے،اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں جاری جنگ کے دوران اسرائیلی فوج حماس کو تباہ کرے گی۔فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے نیتن یاہو نے کہا کہ تنازع کے بعد حماس کی حکومت کے زیر کوئی نہیں رہے گا۔فلسطینی ہلال احمر نے غزہ کے علاقے خان یونس سٹی میں العمل ہسپتال کے قریب شدید گولہ باری کی اطلاع دی ہے۔

اہم خبریں سے مزید