• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ میں انسانی المیہ، نظام صحت تباہ، ایندھن ختم، اسرائیلی طیاروں کی بمباری، شہدا 6500 سے زائد، زمینی حملے سے پیچھے ہٹ گیا

غزہ ، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) غزہ میں انسانی المیہ جنم لینے لگا، نظام صحت مکمل طور پر تباہ ہوگیا، اسپتالوں میں بھی ایندھن ختم ہوگیا، بیشتر آپریشن تھیٹرز بند ہوگئے۔

ریڈ کراس کا کہنا ہے کہ اگر اسپتالوں کے جنریٹرز بند ہوئے تو یہ مردہ خانوں میں تبدیل ہوجائیں گے، دو ہفتوں سے زائد ناکہ بندی کے باعث غزہ قحط کا شکار ہوگیا، شہریوں کے پاس کھانے پینے کی اشیاء ختم ہوگئی ہیں، غزہ کی صورت حال بتاتے ہوئے خاتون نے کہا ہے کہ ہم فاقہ کشی پر مجبور ہیں جہاں فلسطینی بنیادی اشیا تک رسائی سے محروم کردیے گئے ہیں۔ 

عالمی ادارے آکسفیم کا کہنا ہے کہ اسرائیل بھوک کو ہتھیار کے طور پر استعمال کررہا ہے ، ادارے کا کہنا ہے کہ غزہ کی مکمل ناکہ بندی کے دوران صرف دو فیصد معمول کی غذا مہیا کی گئی ہے، اسرائیلی طیاروں کی بمباری کا سلسلہ جاری رہا، صہیونی طیاروں نے رہائشی عمارتوں، اقوام متحدہ کی پناہ گاہوں اور اسپتالوں کے قریب بمباری کی جس کے نتیجے میں مزید سیکڑوں افراد شہید ہوگئے۔

شمالی غزہ میں پورے کے پورے خاندان ملبے تلے دب کر شہید ہوگئے ، حملوں میں شہداء کی تعداد 6ہزار 500سے زائد ہوگئی ہے، مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی افواج اور یہودی آبادکاروں کے حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 100سے بڑ ھ گئی ہے، لبنان اور غزہ سے اسرائیل پر راکٹ حملے ہوئے ہیں، اسرائیل کے مختلف شہروںمیں راکٹ حملوں سے بچاو کے سائرن بجائے جاتے رہے، اسرائیل نے لبنان اور شام میں بھی بمباری کی ہے ، شام کے جنوبی علاقے میں اسرائیلی بمباری سے 8شامی فوجی شہید ہوئے ہیں۔

قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے کہا ہے کہ حماس کی قید میں موجود اسرائیلیوں کے حوالے سے جلد بریک تھرو ملے گا ،اسرائیلی حکام نے قطر کی کوششوں کی تعریف کی ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اسرائیل اور فلسطین سے متعلق امریکا اور روس کی قراردادیں مسترد ہوگئیں، دونوں ممالک کی پیش کردہ ایک دوسرے سے متصادم قراردادیں پیش کرنے کیلئے مطلوبہ ووٹ بھی حاصل نہ کر پائیں۔

اقوام متحدہ میں روسی مندوب ویزلی نیبنزیا نے کہا کہ امریکا اسرائیل جارحیت کیخلاف سلامتی کونسل کو کوئی بھی فیصلہ کرنے سے روکنے کی کوششیں کررہا ہے، روس، چین اور متحدہ عرب امارات نے امریکی قرارداد کی مخالفت کی۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے شمالی غزہ کے شہریوں کو انخلا کا حکم دینا جنگی جرم ہے ، اسرائیلی فوج نے پمفلٹ گراتے ہوئے کہا تھا کہ جو بھی شمالی غزہ میں موجود رہے گا اسے دہشتگرد تصور کیا جائے گا۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سینئر کرائسز ریسپانس ایڈوائزر، ڈونٹیلا روویرا کا کہنا ہےکسی پورے شہر یا علاقے کو فوجی ہدف قرار دینا بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی ہے،عام شہریوں یا اشیاء اور فوجی مقاصد کے درمیان فرق کرنا چاہیے، شہریوں یا شہری اشیاء کو نشانہ بنانا یا ہلاک یا زخمی کرنا اورامتیاز کے اصول کی خلاف ورزی کرنا جنگی جرم ہے۔

روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ شہریوں کی ہلاکتیں ناقابل قبول ہیں، نیم پیشہ ورانہ انداز میں ہم سمجھتے ہیں کہ رہائشی علاقوں میں بھاری ہتھیار استعمال کرنا مشکل ہے، اس کے تمام فریقوں کیلئے سنگین نتائج ہوں گے، فوری جنگ بندی اور خطے میں استحکام کیلئے کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔

اسرائیل نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کی جانب سے تنقید کے بعد یو این اہلکاروں کو ویزا دینے سے انکار کردیا ہے ، اقوام متحدہ میں اسرائیلی مندوب جیلاڈارڈون کا کہنا ہے کہ انہیں سبق سکھانے کا وقت آگیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا تھا کہ حماس کا حملہ ایسا ہی نہیں ہوا ، فلسطینیوں کو 56برس سے استحصال اور قبضے کا سامنا تھا تاہم بدھ کے روز اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ان کے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا اور انہوں نے حماس کے حملے کا دفاع نہیں کیا تھا ، اسرائیلی سفیر نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے اس خطاب کے بعد ان کے استعفے کا مطالبہ کر دیا تھا۔ 

دوسری جانب اسرائیل غزہ پر زمینی حملے سے پیچھے ہٹ گیا ہے ، امریکی اخبار وال اسٹریٹ جنرل نے کہا ہے کہ اسرائیل نے امریکا کی بات مانتے ہوئے غزہ پر زمینی حملے کا ارادہ ترک کردیا ہے ، اسرائیلی اخبار کا کہنا ہے کہ امریکا واشنگٹن اسرائیل کو دفاعی نظام آئرن ڈوم کی نئی کھیپ بھیجے گا جس میں دو بیٹریاں اور 300انٹرسیپٹرز بھی موجود ہوں گے۔

اخبار کے مطابق امریکا چاہتا ہے کہ خطے میں امریکا کا دفاعی طاقت میں اضافے تک غزہ پر زمینی حملہ نہ کیا جائے ، تاہم اسرائیلی وزیراعظم نتنن یاہو نے ایک بار پھر کہا ہے کہ وہ غزہ پر زمینی حملہ ضرور کریں گے لیکن انہوں نے اس حملے کے وقت کے بارے میں بتانے سے انکار کردیا ہے۔

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے اسرائیل کو متنبہ کیا ہے کہ وہ غزہ پر زمینی حملے سے باز رہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ ایک بڑی غلطی ہوگی اس سے شہریوں کو نقصان ہوگا اور اسرائیل کی طویل المدتی سلامتی خطرے میں پڑ جائیگی۔

اہم خبریں سے مزید