اسلام آباد (رانا غلام قادر) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ریڈیو پاکستان کے ایک نیوز بلٹن میں ان سے فلسطین کی بجائے اسرائیل کی حمایت کا جملہ منسوب کرنے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی پی بی سی طاہر حسن کو معطل کرنے کا حکم دیدیا،عنبرین جان کو ڈی جی کا اضافی چارج دیدیا گیا ،نیوز ایڈیٹر اور ڈپٹی کنٹرولر معطل‘ نیوز ریڈر اور ٹرانسلیٹر کو بھی ہٹادیا گیا‘ آڈیو سوشل میڈیا پر وائرل‘ وزیراعظم ناراض ہوگئے ۔ وزارت اطلاعات و نشریات ڈی جی ریڈیو طاہر حسن کی معطلی کیلئے سمری وزیراعظم کو بھیجے گی کیونکہ ڈی جی انفارمیشن گروپ کے گریڈ20 کے افسر ہیں۔ طاہر حسن کو فوری طور پر ڈی جی پی بی سی کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ نئے ریگولر ڈی جی کی تقرری تک ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ عنبرین جان کو ڈی جی پی بی سی کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ نگران وزیراعظم نے معاملہ کی تفصیلی انکوائری کا بھی حکم دیا ہے۔ جبکہ نیوز پڑھنے والی نیوز ریڈر عشرت فاطمہ اور غلط ترجمہ کرنے والے ٹرانسلیٹر کو ہٹا دیا گیا ہے جو عارضی بکنگ پر کام کرتے ہیں۔ نیوز ایڈیٹر عابد رضا اور ڈپٹی کنٹرولر مقصود الرحمٰن کو معطل کر دیاگیا ہے۔