لاہور(آئی این پی ) حضرت نظام الدین اولیا کے720ویں سالانہ عرس میں شرکت کیلئے بھارتی حکومت کی طرف سے ابھی تک پاکستانی زائرین کو ویزے نہیں مل سکے ہیں۔ عرس کی تقریبات بھارتی دارالحکومت میں شروع ہو گئی ہیں جو5نومبر تک جاری رہیں گی، جس میں شرکت کیلئے250پاکستانی زائرین نے ہفتہ کو واہگہ کے راستے بھارت روانہ ہونا تھا لیکن انہیں ابھی تک بھارتی ہائی کمیشن کی طرف سے ویزا نہیں مل سکا ہے۔ پاکستانی زائرین نے وزارت مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی کے ذریعے درخواستیں جمع کروائی تھیں۔ درخواست دہندگان کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ حاجی کیمپ لاہور پہنچیں اور یہاں سے اپنی سفری دستاویزات وصول کرلیں۔ گزشتہ روز زائرین کی بڑی تعداد حاجی کیمپ لاہور میں پہنچی اور رات گئے تک پاسپورٹ ملنے کا انتظار کرتی رہی لیکن بھارتی ہائی کمیشن کی طرف سے پاسپورٹ واپس نہیں بھیجے گئے۔ وفاقی وزارت مذہبی امور کے حکام نے بتایا کہ زائرین کے ویزوں کے حوالے سے وزارت خارجہ کے توسط سے بھارتی سفارتخانے سے رابطہ کیا گیا ہے لیکن ابھی تک بھارتی سفارتخانے نے پاکستانی زائرین کو ویزے دینے یا ان کی درخواستیں مسترد ہونے سے متعلق کچھ نہیں بتایا ہے۔ تمام زائرین کو پیغام پہنچایا جارہا ہے کہ ابھی حاجی کیمپ لاہور نہ پہنچیں۔ جب ویزے مل جائیں گے تو تمام زائرین کو بذریعہ ایس ایم ایس اطلاع کردی جائے گی۔ ادھر بھارتی سفارتخانے کے ذرائع نے بتایا کہ انہیں ابھی تک پاکستانی زائرین کو ویزے دینے سے متعلق نئی دہلی سے اجازت نہیں مل سکی۔ واضح رہے کہ 1974کے پاک بھارت مذہبی سیاحت کے معاہدے کے تحت بھارت حضرت نظام الدین اولیا کے عرس میں شرکت کے لیے250پاکستانی زائرین کو ویزے دینے کا پابند ہے لیکن بھارتی سفارتخانے کی طرف سے پاکستانی زائرین کو ویزے فراہم کرنے میں اکثر تاخیر کی جاتی ہے یا پھر عین موقع پر ویزے جاری کرنے سے انکار کر دیا جاتا ہے۔