لاہور ( نمائندہ خصوصی،این این آئی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں آج غزہ مارچ ہوگا، گرفتاریاں اوچھے ہتھکنڈے ہیں ،فلسطین میں انسانوں کی بستی کو تاراج کیا جارہا ہے، اقوام متحدہ اور عالمی ادارے بے بس، امریکا اسرائیلی سفاکیت کی کھلم کھلا حمایت کر رہا ہے، فلسطین کو تاراج کیا جارہا ہے ،اسلامی دنیا کے حکمرانوں کی خاموشی تکلیف دہ ہے،سب سے تکلیف دہ اسلامی دنیا کے حکمرانوں کی خاموشی ہے۔ غزہ میں 20روزسے جاری آگ و خون کے کھیل کے بعد اقوام متحدہ نے جنگ بندی کی قرارداد منظور کی، اس کے باوجود اسرائیل نے زمینی حملہ کردیا۔ علاقہ میں مواصلاتی رابطے مکمل منقطع، نہیں معلوم اب تک کتنے معصوموں کو قتل کردیا گیا۔ ہسپتالوں میں مریضوں پر بارود برسایا جارہا ہے، اسلامی ممالک کی حکومتیں متحد ہو کر عملی اقدامات کریں، جماعت اسلامی اسرائیل کی امریکی سرپرستی کے خلاف آج امریکی سفارت خانہ کے سامنے غزہ مارچ کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لبرٹی چوک لاہور میں فلسطین امدادی کیمپ کے دورہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ادارے ویسے تو جانوروں کے حقوق کی بھی بات کرتے ہیں، لیکن انھیں فلسطین کے بچوں کی چیخیں سنائی نہیں دے رہیں، فلسطین کی مائیں، بہنیں، بیٹیاں اور بچے ہماری طرف دیکھ رہے ہیں، ہمیں یقین دلانا ہو گا ک پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔