مالمو (نمائندہ جنگ) یورپ میں پاکستان نژاد کرکٹ کے کھلاڑی مختلف کرکٹ کلبس کا حصہ بن کر نا صرف اپنا بلکہ وطن عزیز کا نام روشن کررہے ہیں،سویڈن میں بیشمار کرکٹ کلبس ہیں مگر ایور گرین کرکٹ کلب اپنی مثال آپ ہے، مذکورہ کلب کا زیادہ تر رجحان کھیل کے ذریعے نوجوانوں کی ذہنی نشوونماکرنا ہے، سویڈن کے اس کلب نے جہاں تاریخی فتوحات حاصل کی ہیں وہیں اپنے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے انہیں انعامات سے بھی نوازا ہے،ایک تقریب میں چیمپئن ٹرافی ایورگرین سی سی سیکنڈ الیون کیپٹن ثاقب لطیف نے وصول کی، سیزن 2023کیلئے بہترین باؤلر اور سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر کا اعزاز شیراز نے حاصل کیا۔ عبداللہ بہترین بلے باز،سیزن کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی کا اعزاز ثقلین عباس جب کہ یوتھ ٹیلنٹ ایوارڈ سبحان کو دیاگیا، ایور گرین کلب نے اپنے لیجنڈری کھلاڑیوں زاہد کیانی کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا۔تقریب میں پی پی سی اسکینڈے نیویا کی نمائندگی زبیر حسین نے کی۔کلب کی انتظامیہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا عزم نوجوانوں کو کھیل کے ذریعے مثبت زندگی گزارنے کا طریقہ سکھانا ہے، تقریب کے اختتام پر کلب ممبران کوعشائیہ دیا گیا۔