اسلام آباد (نمائندہ جنگ)نواز شریف کی اپیل بحالی کی درخواست منظور، اسلام آباد ہائیکورٹ کا تفصیلی فیصلہ جاری ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی العزیزیہ سٹیل ملز اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں حفاظتی ضمانت کی درخواستیں نمٹانے اور سزا کیخلاف اپیلوں کی بحالی کے تفصیلی فیصلے جاری کر دئیے ۔ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بنچ کی جانب سے نواز شریف کی دونوں ریفرنسز میں حفاظتی ضمانت کی درخواست نمٹانے کا فیصلہ 16صفحات جبکہ اپیلوں کی بحالی کا فیصلہ 7صفحات پر مشتمل ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیلیں اور ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا معطلی کا آرڈر بھی بحال کر دیا۔