لاہور(آصف محمود بٹ ) لاہور میں تعینات چینی قونصل جنرل مسٹر ژاؤ شیرین نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے کی تکمیل کے لئے ہر لڑائی لڑیں گے، پاکستان کی سپورٹ درکار ہے اسرائیل اور حماس کے درمیان فوری جنگ بندی ہونی چاہئے۔ چین آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور دو ریاستی فارمولے کی حمایت کرتا آیا ہے اور آئندہ بھی کرے گا کیونکہ یہی اس تنازع سے نکلنے کا بنیادی حل ہے۔ چین نے خطے میں قیام امن کے لئے اپنا خصوصی نمائندہ بھی بھجوایا ہے۔ فلسطین میں اتنے بڑے پیمانے پر سویلینز کی اموات پر بہت دکھ اور غم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روزنامہ ’’جنگ‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مسٹر ژاؤ شیرین نے کہا کہ اگر اسرائیل اور حماس کے درمیان فوری جنگ بندی نہ ہوئی تو انسانی جانوں کے ضیاع کے حوالے سے بڑا بحران پیدا ہوگا۔ چینی قونصل جنرل نے کہا کہ چین امریکہ سے ہی نہیں بلکہ تمام بڑی طاقتوں سے مختلف ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں رومن ایمپائر اور برطانوی راج جیسی کئی سلطنتیں رہیں لیکن چین کی ایک منفرد حیثیت ہے کیونکہ اس کی روایات بہت واضع ہیں۔ مسٹر ژاؤ شیرین نے کہا کہ ہم ترقی پذیر ملک ہیں لیکن اس کے باوجود چین نے جب بھی ترقی کی دوسروں کو بھی اس ترقی کا حصہ بنانے کی کوشش کی ۔