• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ پر بمباری، شہداء 9 ہزار، بحرین نے اسرائیل سے تعلقات توڑ لئے، حزب اللّٰہ کے ڈرون حملے

غزہ، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) غزہ پر اسرائیلی بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 9 ہزار سے زائد ہوگئی، 24 گھنٹوں کے دوران مزید 300 کے قریب فلسطینی شہید ہوگئے،صہیونی افواج کے رہائشی عمارتوں ، پناہ گزین کیمپوں پر بمباری ، غزہ میں فلسطینی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ صہیونی افواج 7 نومبر کے بعد سے اب تک بمباری کے دوران غزہ پر ڈھائی لاکھ ٹن تک بارودی مواد گراچکی ہیں، بحرین نے اسرائیل سے سفارتی تعلقات توڑتے ہوئے اپنے سفیر کو واپس بلالیا، مناما میں اسرائیلی سفیر پہلے ہی اپنے ملک واپس جاچکا ہے، حزب اللہ نے کہا ہے کہ انہوں نے غزہ پر بمباری کے جواب میں اسرائیلی شہروں پر ڈرون حملے بھی کئے ہیں، حزب اللہ کے مطابق انہوں نے 19 سلسلہ وار حملوں میں اسرائیلی فوج کے 19 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے جن میں گائیڈڈ میزائل، توپخانے سے گولہ باری اور دیگر ہتھیاروں سے حملے شامل ہیں، حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کے جمعہ کے روز خطاب سے قبل لبنان سے حملوں میں شدت آگئی ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق حسن نصراللہ اسرائیل کیخلاف جنگ کا اعلان کردیں گے، لبنان میں موجود القسام بریگیڈ نے لبنان سے اسرائیلی شہر شمعونہ پر راکٹ حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے، ان حملوں کے بعد شمعونہ میں آگ بھڑک اٹھی، صہیونی فوج کا کہنا ہے کہ انہوں نے لبنان پر بھی حملے کئے ہیں، غزہ شہر اور شمالی غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی ٹینکوں اور فلسطینی مزاحمت کاروں کے درمیان گھمسان کی لڑائی جاری ہے، القسام بریگیڈ نے شمال مغربی غزہ میں مزید دو اسرائیلی ٹینک تباہ کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران اسرائیلی فوج کی 10 گاڑیاں تباہ کی جاچکی ہیں، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ زمینی جنگ کے دوران 3 دنوں میں ان کے 20 فوجی غزہ میں ہلاک ہوچکے ہیں، امریکی وزیرخارجہ اینٹونی بلنکن آج اسرائیل پہنچیں گے، وائٹ ہاوس کے مطابق وہ نتن یاہو سے جنگ بندی کے وقفے کا مطالبہ کریں گے تاکہ حماس کی قید سے صہیونی قیدیوں کو رہا کروایا جاسکے اور انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے، بلنکن اردن کا دورہ بھی کریں گے، غزہ سے دہری شہریت کے حامل افراد کا نیا گروپ رفح بارڈر کے ذریعے سے مصر پہنچ گیا ہے، مصری حکام کے مطابق 344 غیر ملکی اور 21 زخمیوں کو منتقل کیا گیا، امریکی صدر بائیڈن نے اعلان کیا ہے کہ 74 امریکی شہریوں کو غزہ سے منتقل کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسرائیل نے جمعرات کے روز مسلسل تیسرے روز بھی غزہ کے جبالیہ مہاجر کیمپ پر بمباری کی ہے، فضائی حملوں کے دوران ایک اسکول کو بھی نشانہ بنایا گیا، فلسطینی حکام کے مطابق جبالیہ میں کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئی ہیں جبکہ اب تک 200 کے قریب فلسطینی شہید، 120 لاپتہ اور 700 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، غزہ میں سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی افواج جان بوجھ کر گنجان آباد علاقوں اور مہاجر کیمپوں کو نشانہ بنارہی ہیں، اب تک جبالیہ، الشاطی، البیرج اور المغازی کے کیمپوں پر بمباری کی جاچکی ہے، اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی افواج کی بمباری کے دوران اس کی 4 پناہ گاہوں کو نقصان پہنچا ہے، مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز اور یہودی آبادکاروں کے پرتشدد حملوں میں ایک بچے اور دو نوجوانوں سمیت مزید 3 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ ایک یہودی آبادکار بھی جوابی کارروائی میں مارا گیا۔

اہم خبریں سے مزید