اسلام آباد (آئی این پی)الیکشن کمیشن کے ترجمان نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن سے متعلق پی ٹی آئی کے بیان کو بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے عمران خان کے دور میں دباؤ میں آئے نہ ہی آئندہ آئینگے، اسلام آباد سے جاری بیان میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان نے کہا کہ پی ٹی آئی یاد رکھے 2022 کے ضمنی انتخابات میں الیکشن کمیشن کی غیرجانبداری مثالی تھی۔ ان الیکشنز میں الیکشن کمیشن نے انتخابی شفافیت کا ثبوت اپنے عمل سے پیش کیا۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہا کہ ضمنی انتخابات کی شفافیت کو ہر سطح پر سراہا گیا۔ ترجمان نے کہا پی ٹی آئی یاد رکھے الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر نہ ان کے دور میں دبا میں آیا، نہ ابھی اور آئندہ آئیگا۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہا کہ آئین و قانون کے تحت ذمہ داریاں بغیر کسی دبا اور بلا خوف و خطر سرانجام دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ افہام و تفہیم سے عام انتخابات کی تاریخ مقرر ہوگئی تو ایسا بیان ماحول خراب کرنے کی ناکام کوشش ہے۔