• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت نے جنوبی افریقا کا بھرم توڑ دیا، 243 رنز سے کامیاب، روندرا جدیجہ کی آل راؤنڈ کارکردگی

کول کتہ (عبدالماجدبھٹی/ نمائندہ خصوصی) ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں میزبان بھارتی ٹیم کی فتوحات کا سلسلہ طویل ہوتا جارہا ہے۔ ایڈن گارڈنز میں ویرات کوہلی کی ریکارڈ ساز سنچری کے بعداسپنر رویندرا جڈیجا کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت پروٹیز کا بھرم بھی توڑ دیا، جدیجہ نے جارحانہ بیٹنگ کے بعد 33رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ بھارت نے جنوبی افریقا کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 243رنز کے بھاری مارجن سے شکست دےکر مسلسل آٹھویں فتح اپنے نام کی۔ اس جیت کے ساتھ کی کول کتہ میں آتش بازی اور جیت کا جشن منایا گیا۔ اس وقت دنیا کی کوئی ٹیم بھارت کو روکنے کی پوزیشن میں دکھائی نہیں دیتی اس کا آخری لیگ میچ نیدر لینڈ سے ہونا ہے۔ ویرات کوہلی کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ جنوبی افریقا کی ٹیم27.1اوورز میں 83رنز پر آؤٹ ہوگئی۔کوئی بیٹر بیس رنز کا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکا۔ تین سنچریاں بنانے والے کوئنٹن ڈی کوک کو پانچ رنز پر محمد سراج نے بولڈ کیا ۔ مارکو جانسن 14، وین ڈر ڈاؤسن 13، ٹیمبا باووما اور ڈیوڈ ملر 11، 11رنز بناسکے۔ ایڈن مارکرم 9اور کیشو مہاراج 7، کگیسو ربادا 6، کوئنٹن ڈی کک 5اور ہینرچ کلاسن ایک رن بنانے میں کامیاب ہوئے۔ محمد شامی اور کلدیپ یادیو نے 2، 2اورمحمد سراج نے ایک وکٹ حاصل کی ۔ قبل ازیں بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ویرات کوہلی نے 121گیندوں پر 101رنز بنائے۔ اختتامی اوورز میں رویندرا جدیجا نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 15گیندوں پر 29رنز بنائے جس کی بدولت بھارتی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 326رنز بنائے۔ اوپنر روہت شرما اور شبمن گل نے بھارت کو 62رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا ۔ مارکو جینسن اور لنگی نگیدی نے 12رنز فی اوورز کی زائد کی اوسط سے رنزدیے۔ کگیسو ربادا نے پہلے ہی اوور میں روہت شرما کی 24گیندوں پر 40رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ شمبن گل کی 23رنز کی اننگز کیشپ مہاراج کے ہاتھوں اختتام کو پہنچی۔ شریاس ائیر 77 رنز بنانے کے بعد نگیدی کی ہی وکٹ بن گئے۔کے ایل راہول 32گیندوں پر صرف 22رنز بنا سکے ۔ سوریا کمار یادیو نے 14 گیندوں پر 22رنز بنا ئے۔ مارکو جینسن ، کگیسو ربادا، کیشو مہاراج اور تبریز شمسی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ (کھیلوں کی مزید خبریں صفحہ2پر)

اسپورٹس سے مزید