کراچی (رفیق مانگٹ) غزہ میں اسرائیل کے جاری ظلم و ستم کیخلاف متعدد ممالک نے صہیونی ملک سے سفارتی تعلقات منقطع کردیئے۔
گزشتہ ماہ جنگ شروع ہونے کے بعد کئی ممالک نے اسرائیل سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا ہے۔ ان میں آٹھ ممالک کولمبیا، بحرین، اردن، چلی،چاڈ، ترکی بولیویا،ہنڈرس شامل ہیں۔ ان ممالک نے غزہ میں جاری جنگ کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے یہ قدم اٹھایا ہے۔
وسطی افریقی ملک چاڈ نے غزہ میں پیدا ہونے والے انسانی بحران کی وجہ سے اسرائیل سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا ہے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے غزہ میں معصوم شہریوں کی جانوں کے ضیاع کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ چاڈ مشرق وسطیٰ کی صورت حال، خاص طور پر غزہ میں ہونے والی ہلاکتوں پر تشویش کے ساتھ نظر رکھے ہوئے ہے۔
نیٹو کا رکن ترکی ہفتے کے روز سفیر کو واپس بلایا گیا۔ رجب طیب ایردوان کی زیر قیادت ملک نے جنگ کے خلاف احتجاج کے لیے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے رابطہ منقطع کر دیا ۔
بولیویا پہلا ملک تھا جس نے غزہ میں فلسطینیوں کے ساتھ اسرائیل کے سلوک پر سفارتی تعلقات منقطع کیے تھے۔ نائب وزیر خارجہ فریڈی ممانی نے کہا کہ ان کے ملک نے یہ فیصلہ اسرائیل کے فوجی اقدامات کی ’تردید اور مذمت‘ میں لیا ہے۔
ہنڈرس کےوزیر خارجہ نے کہا کہغزہ کی پٹی میں فلسطینی شہری آبادی کو درپیش سنگین انسانی صورتحال کے پیش نظر، صدر زیومارا کاسترو ڈی زیلایا کی حکومت نے اسرائیل میں جمہوریہ ہنڈرس کے سفیر رابرٹو مارٹینز کو فوری طور پرٹیگوسیگالپا بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
کولمبیا کے بائیں بازو کے صدر گسٹاو پیٹرو نے گزشتہ ہفتے ایکس پر لکھامیں نے اسرائیل میں اپنے سفیر مارگریٹا منجریز کو مشاورت کے لیے واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اگر اسرائیل فلسطینی عوام کا قتل عام نہیں روکتا تو ہم وہاں نہیں رہ سکتے۔چلی نے اسرائیل کی طرف سےبین الاقوامی انسانی قانون کی ناقابل قبول خلاف ورزیوں کے خلاف احتجاج میں اپنے سفیر کو واپس بلا لیا۔
بحرین کی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں نے رواں ہفتے اسرائیل کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو روکنے اور دونوں جانب کے سفیروں کی واپسی کا اعلان کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کونسل آف نمائندگان نے تصدیق کی ہے کہ مملکت بحرین میں اسرائیلی سفیر نے بحرین چھوڑ دیا ہے اور مملکت بحرین نے اسرائیل سے بحرین کے سفیر کو ملک واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اردن وزیر خارجہ ایمن صفادی نے کہا کہ اردن کے سفیر صرف اسی صورت میں تل ابیب واپس آئیں گے جب اسرائیل انکلیو پر اپنی جنگ روک دے اور اس کی وجہ سے پیدا ہونے والے انسانی بحران کو ختم کر دے۔