راولپنڈی (جنگ نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن ضلع راولپنڈی نے متاثرین غزہ کی امداد کیلئے ایک کروڑ روپے کا چیک صوبائی صدر الخدمت فاؤنڈیشن رضوان احمد کو دیدیا۔ اس موقع پر رضوان احمد نے کہا کہ اس وقت فلسطین کے مسلمانوں کو ہماری ضرورت ہے‘ عالم اسلام فلسطین کے مسلمانوں کیلئے آواز بلند کرے۔ پاکستانی عوام کے مشکور ہیں جو دل کھول کر عطیات دے رہے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی عارف شیرازی نے کہا کہ اسلام آباد کا تاریخی غزہ مارچ امریکہ کیلئے پیغام تھا کہ واشنگٹن صیہونی ریاست کے توسیع پسندانہ عزائم کی سرپرستی بند کرے۔ اسرائیل مہذب دنیا کے تمام قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہاہے۔ تقریب میں ضلعی صدر چوہدری منیر احمد‘ ہارون رشید اور دیگر بھی موجودتھے۔