• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیا وزیراعظم لاہور سے نہیں ہوگا، ہمارے رابطے سب جماعتوں سے ہیں، زرداری نواز شریف کے رابطے کی پرانی خبر ہے، بلاول بھٹو

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اس بار وزیر اعظم لاہور سے نہیں ہو گا، ہمارے رابطے سب جماعتوں سے ہیں،آصف زرداری اور نوازشریف کے رابطے کی پرانی خبر ہے، اس وقت سندھ کے ساتھ سوتیلی ماں والاسلوک ہورہا ہے،8فروری تیر کی جیت کا دن ہوگا اور آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی شاندار کامیابی حاصل کریگی۔ انہوں نے یہ باتیں پیر کی شام گذری گراؤنڈ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیں ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں پورے صوبے کے عوام کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے گزشتہ روز ضمنی بلدیاتی انتخابات میں بھی پیپلز پارٹی پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور اسے ایک مرتبہ پھر بھرپور کامیابی دلائی۔ انہوں نے کہا کہ کل کے بلدیاتی انتخابات ایک جھلک اور ٹریلر تھا ثابت ہوگیا کہ کراچی سے کشمور تک عوام پیپلز پارٹی کےساتھ ہیں۔ان سے پوچھا گیا کہ نواز شریف اور سابق صدر زرداری کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سابق صدر زرداری اورنوازشریف کے رابطے کی پرانی خبر ہے،ہمارے رابطے سب جماعتوں سے ہیں۔ سابق صدر زرداری کا رابطہ ملک کے سیاسی مسئلوں کے حوالے سے تھا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے بل بوتے پر اور اپنے منشور کے تحت الیکشن میں حصہ لے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمیں الیکشن میں کہیں اور دیکھنے کے بجائے عوام کی طرف دیکھنا ہے کیونکہ ہم صرف اپنے عوام پر اعتماد کرتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والوں کو پاکستان کے عوام ہزگزمعاف نہیں کرینگے لیکن ہر فرد تو 9مئی کی سازش میں ملوث نہیں تھا، اس لئے جو سازش میں ملوث نہیں ان کیلئے معافی کی گنجائش ہونی چاہیے۔پی پی چیئرمین نے کہا کہ کراچی میں پانی کے مسئلے کو مختلف طریقوںسے حل کرنےکی کوشش کرتے رہے ہیں،اس وقت ملک میںعوام دوست حکومت کی ضرورت ہے جو عوامی مسائل حل کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مسئلے پر پیپلز پارٹی کا بڑا واضح موقف ہے۔انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ نگراں دور میں سیلاب متاثرین کے امدادی منصوبے تاخیر کا شکار ہیں۔ بلاول نے دعویٰ کیا کہ اب ہم بلدیات اور صوبے کے ساتھ وفاق میں بھی حکومت بنائینگے ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں چھوڑا گیا اسلحہ دہشت گردوں کے پاس موجود ہے ۔بلاول بھٹو نے کہا کہ آئین صدر مملکت کو الیکٹرول کالج مکمل ہونے تک عہدہ سنبھالنے کی اجازت دیتا ہے تاہم الیکشن کی تاریخ کے معاملے پر صدر مملکت آئین شکنی کے مرتکب ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اور وفاق میں تو ترقیاتی سرگرمیاں جاری ہیں لیکن یہاں اجازت نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن نے ترقیاتی اسکیموں پر پابندی لگائی ہے۔بلاول نے طنز یہ انداز میں کہا کہ ہمارے بھائی محسن نقوی کی درخواست پر تو ایک دن میں ہی آٹو پر اجازت مل جاتی ہے مگر سندھ کے نگراں وزیر اعلیٰ کو اس کی اجازت نہیں دی جارہی ۔ بلاول کی گزری اسٹیڈیم آمد پر وہاں آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔

اہم خبریں سے مزید