• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، شہری کے قتل کا ڈرامہ بے نقاب، بیوی نے پولیس اہلکار کیساتھ ملکر قتل کیا

پشاور(کرایم رپورٹر) تھانہ شاہ پورکے علاقے وڈپگہ نجوئی ملتان آباد میں شہری کا قتل ڈرامہ بے نقاب ہوگیا، بیوی نے مبینہ طور پر پولیس اے ایس آئی کے ساتھ ملکر اپنے شوہر کو قتل کیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار خود بھی شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس نے 24گھنٹے کے اندر کیس کو ٹریس کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پریس کانفرنس کے دوران ایس پی رورل ظفراحمد خان نے بتایا کہ عبدالغفور نامی شخص کو گھر کے اندر قتل کردیا گیا تھاجبکہ مقتول کی بیوہ مسماة (ن) نے اصل واقعہ چھپانے کیلئے ڈرامہ رچایا کہ وجہ قتل سابقہ دشمنی ہے اور ابتداء میں بیان دیا کہ اس کے شوہر کو جہانگیر نامی شخص نے قتل کیا ہے۔ تفتیش کے دوران پتہ چلا مقتول کی اہلیہ بھی ملوث ہے جس نے ملزم شاہ فیصل کے ساتھ ملکر اپنے شوہر عبدالغفور کو قتل کیا۔ ملزمہ کو وومن پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا جبکہ ملزم شاہ فیصل کو ہسپتال منتقل کیا گیا جس کے بارے میں بتایاگیا کہ فائرنگ کے تبادلے میں وہ خود بھی زخمی ہوا۔ملزم شاہ فیصل سوات میں اے ایس آئی کی حیثیت سے تعینات ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم پولیس اہلکار اور ملزمہ دونوں ٹک ٹاکرز ہیں جن کی ٹک ٹاک کے ذریعے دوستی قائم ہوئی تھی۔
پشاور سے مزید